تاجکستان میں یومِ رودکی منایا گیا

حسان خان

لائبریرین
تاجکستان میں ۲۲ ستمبر بارہ سالوں سے یومِ رودکی کے طور پر منایا جا رہا ہے۔ اس سال اس موقع کی مناسبت سے 'رودکی اور ادبیاتِ تاجک و فارس میں روایت پسندی' کے نام سے ایک علمی نشست منعقد ہوئی۔
---------------
کتاب خانۂ ملیِ تاجکستان میں ادبیاتِ فارس و تاجک کے اساس گذار ابوعبداللہ رودکی کی تجلیل میں 'رودکی اور ادبیاتِ تاجک و فارس میں روایت پسندی' کے عنوان سے ایک بین الاقوامی مذاکرہ منعقد ہوا۔
اکادمیِ علومِ تاجکستان، مشاورتِ فرہنگیِ ایران، اور کتاب خانۂ ملی کی کوششوں سے برپا ہونے والی اس محفل میں تاجکستان، ایران، افغانستان، ہندوستان، اور پاکستان سے تعلق رکھنے والے عالموں اور شاعروں نے "رودکی اور ملی شناخت"، "رودکی - شاعرِ تاثیر گذار"، "استاد رودکی کے نایافتہ اشعار"، اور "رودکی اور اُس کے ہم عصروں میں مثنوی کا رواج" جیسے موضوعات پر تقریریں کیں۔
اسی طرح آج تاجکستان کے مکاتب و جامعات میں اس حوالے سے رودکی خوانی کی محفلیں منعقد کی گئیں۔
مآخذ کے مطابق، ابوعبداللہ جعفر ابنِ محمد رودکی ۸۵۸ء میں موجودہ ضلعِ پنجکنت میں واقع پنج رُود گاؤں میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنی زندگی دولتِ سامانیان کے عروج کے دوران بسر کی تھی، اور بالخصوص نصر ابن احمد سامانی کی امارت کے دوران وہ اس حاکم خانوادے کے بہت موردِ مرحمت و اکرام رہے اور اُنہوں نے بخارا میں دربار سے وابستہ رہ کر اپنے ایام گذارے۔ سامانیوں نے رودکی کو اُس دور کا توانا ترین شاعر مانتے ہوئے 'ملک الشعراء' کا لقب دیا تھا۔ لیکن رودکی اپنی عمر کے آخری دنوں میں اپنی جائے تولد پنج رُود لوٹ گئے اور ۹۴۱ء میں اسی جگہ انتقال فرما کر دفن ہوئے۔
تاجکستان میں ۲۰۰۲ء سے اب تک ہر سال ۲۲ ستمبر رودکی کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یومِ رودکی کے نام سے جانے والا یہ دن معمولاً مذاکرے، علمی صحبتیں، اور اہلِ فرہنگ و ادب سے ملاقاتیں ترتیب دے کر منایا جاتا ہے۔ تاجک ثقافت پرور ان کوششوں کو معاشرے میں رودکی کا مقام اونچا کرنے اور نوجوان نسل میں اس توانا شاعر کی اور اس کے آثار کی شناخت بیشتر کرنے کے لیے اچھا موقع سمجھتے ہیں۔
تاجکستان میں اس شخصیت کی یاد اور خراجِ تحسین کے لیے ایک ضلع، زبان و ادبیات کی تحقیق گاہ، شہرِ کولاب کی جامعہ، کچھ علمی و ثقافتی مؤسسات، اور کچھ مکتبوں اور کوچوں کے نام رودکی کے نام پر رکھے گئے ہیں۔ پدرِ شعرِ فارسی کے نام سے معروف رودکی کے مجسمے بھی بعض تعلیمی و ثقافتی مؤسسات کے نزدیک نصب ہیں، جن میں سے دارالحکومت دوشنبہ کے مرکز میں واقع باغِ رودکی میں اور زراعتی جامعہ کے نزدیک میدان میں موجود مجسموں کی مثال دی جا سکتی ہے۔ نیز، دارالحکومت کی مرکزی شارع کا نام بھی رودکی سے منسوب ہے۔ اسی طرح ادب و فرہنگ کے زمرے میں دیے جانے والے تاجکستان کے ریاستی اعزاز کا نام بھی رودکی کے نام پر ہے جو ہر سال تاجک ادیبوں اور ہنرمندوں کی بہترین تخلیقات پر عطا کیا جاتا ہے۔

رودکی کے بعض پراکندہ اشعار ہی زمانے کی دست برد سے محفوظ رہ سکے ہیں۔

تاجک دارالحکومت دوشنبہ کے مرکز میں واقع رودکی کا مجسمہ
B07A1C4F-7F1F-4021-8E0B-C32E57B5850C_mw1024_s_n.jpg


(خبر کا منبع)

هیچ شادی نیست اندر این جهان
برتر از دیدارِ روی دوستان
(رودکی)
اس جہاں میں دوستوں کے چہروں کے دیدار سے بڑھ کر کوئی اور خوشی نہیں ہے۔
 
آخری تدوین:

سید عاطف علی

لائبریرین
اور ایک ہم ہیں ۔ 9نومبر 15 فروری پر اقبال و غالب پر چند مضامین شائع کر کے اپنے ورثہ کے تحفظ کا دم بھرنے کے لیے تیار ہو جاتے ہیں ۔ نہ خسرو و ولی کا کچھ پتہ نہ میر و درد نہ رؤسائے متغزلین اور شبلی حالی نذیر سرسید کا کچھ اتہ پتہ ہی نہیں۔
 
Top