تاجکستان میں روسی لفظ استعمال کرنے پر تنازع

حسان خان

لائبریرین
بی لائن موبائل شرکت (کمپنی) کی جانب سے اپنے ایک نرخ نامے کا عنوان رکھا جانا مقتدرۂ زبان و اصطلاحات اور اِس شرکت کے درمیان گرم بحث کا باعث بن گیا ہے۔ مقتدرہ کا کہنا ہے 'لیوبوئی جا' کے بجائے 'سمتِ دل خواہ' یا 'ہمہ جا' سے استفادہ کرنا چاہیے تھا۔
===============
مقتدرۂ زبان و اصطلاحاتِ تاجکستان کا کہنا ہے کہ بی لائن موبائل شرکت نے اپنے ایک نئے نرخ نامے کا عنوان 'لیوبوئی جا' رکھا ہے، جو کہ ریاستی قانونِ زبان سے مغائرت رکھتا ہے۔
مقتدرۂ زبان و اصطلاحات کی ایک مسئول کارکن بی بی رعنا جورہ ایوا نے ۲۹ ستمبر کو ریڈیو آزادی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا وہ لوگ اس بات کا حق رکھتے ہیں کہ بی لائن شرکت کے اس فعل پر عدالت سے رجوع کریں۔ اُن کے بقول، 'بی لائن' نے اپنے نئے نرخ نامے کی عنوان گذاری سے پہلے اُن سے مشورہ چاہا تھا، اور جواب بھی حاصل کر لیا تھا۔ انہوں نے تاکید کی کہ "ہم نے اس عبارت کی فارسی شکلوں 'سمتِ دل خواہ' اور 'ہمہ جا' کی تجویز دی تھی۔ لیکن اب ہم دیکھتے ہیں کہ ہماری تجاویز رد کرتے ہوئے بی لائن نے اپنی اُسی منتخب عبارت کو نشر کیا ہے، کہ جو ریاستی قانونِ زبان سے مخالفت رکھتا ہے۔"
خانم جورہ ایوا نے اضافہ کیا کہ فی الحال ایک گروہِ کاری (ورکنگ گروپ) 'بی لائن' کے اس عمل کی تحقیق کر رہا ہے اور وہ بعد میں فیصلہ کریں گے کہ کیا کیا جائے۔ بی بی رعنا جورہ ایوا نے کہا، "دیکھیے، 'سمتِ دل خواہ' اور 'ہمہ جا' دونوں اُسی معنی کا احاطہ کر سکتے ہیں جو 'لیوبوئی جا' میں موجود ہے۔ لیکن پھر بھی سرکاری زبان کے معیار سے کیوں صرفِ نظر کیا گیا، گروہِ کاری یہ معلوم کرے گا۔"
بی لائن موبائل شرکت کے مسئولوں نے ابھی تک اپنے نئے نرخ نامے کی عنوان گذاری کے بارے میں کوئی بات نہیں کہی ہے۔ لیکن حکومتِ تاجکستان کے مقتدرۂ زبان و اصطلاحات کے حکام کہتے ہیں کہ جس وقت کہ اداروں اور شرکتوں کی جانب سے سرکاری زبان کا معیار خراب ہو رہا ہے، مقتدرہ حق رکھتا ہے کہ مقدمہ ترتیب دے کر استغاثہ کی جانب رجوع کرے۔
عبارتِ 'لیوبوئی جا' بی لائن کے ایک نرخ نامے کا عنوان ہونے سے قبل بھی، شہرِ دوشنبہ کی اکثر مسافر کَش گاڑیوں اور ٹیکسیوں کے آگے نظر آتی رہی ہے۔ اس عبارت سے یہ مقصود ہوتا تھا کہ یہ مسافر بردار گاڑیاں اور ٹیکسیاں لوگوں کو جس جگہ بھی وہ چاہیں گے، پیسے کے عوض لے جائیں گی۔ بعض گاڑی ران (ڈرائیور) کہتے ہیں کہ یہ عبارت اُن کے مقصود کو وضاحت سے بیان کر دیتی ہے اور ساکنانِ شہر کو بھی اِس کے سمجھنے میں مشکل نہیں ہوتی۔ ساکنانِ تاجکستان کی گفتاری زبان میں 'لیوبوئی جا' جیسے بہت سے نیم روسی اور نیم فارسی کلمات سننے کو ملتے ہیں۔

(خبر کا منبع)

* سمتِ دل خواہ = مطلوب سمت
* ہمہ جا = ہر جگہ
* لیوبوئی (روسی) = ہر، کوئی بھی
 
آخری تدوین:
Top