بچوں سے جبری مشقت کے حوالے سے عالمی دن

ساجد

محفلین
اقوامِ متحدہ کے ذیلی ادارے انٹر نیشنل لیبر آرگنائزیشن (آئی ایل او) کے زیرِ انتظام ہر سال 12 جون کو بچوں سے جبری مشقت کے خلاف عالمی دن منایا جاتا ہے۔ 2002 سے اس دن کے منانے کا آغاز ہوا ۔ سال 2012 کا تھیم ہے' انسانی حقوق اور سماجی انصاف۔۔۔آئیے بچوں سے مشقت (لینے) کا خاتمہ کریں'۔
homephoto.jpg
اس دن کے حوالے سے آئی ایل او کے ڈائریکٹر جنرل جُوآن سوماویہ کا پیغام:
'اطمینان کی کوئی گنجائش نہیں جبکہ ابھی بھی 215 ملین بچے زندہ رہنے کے لئے مزدوری کرتے ہیں۔ ان میں سے آدھے غُلامی اور مسلح تصادم جیسی سنگین جبری مشقتوں کا سامنا کرتے ہیں۔ہم بچوں سے مشقت کے خاتمے کو ترقیاتی ایجنڈے سے جوڑنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔۔۔تمام ممالک کو انفرادی اور اجتماعی طور پر اس ہدف کو پانے کے لئے سخت کوششیں کرنا چاہئیں'۔
-----------------------------------------------------------------------

چائلڈ لیبر، بھارت سرفہرست، بنگلہ دیش دوسرے اور پاکستان 9 ویں نمبر پر
لاہور (رپورٹ : ریاض الحق) آج پوری دنیا میں بچوں کی مشقت کے خلاف عالمی دن منایا جارہا ہے۔ بھارت چائلڈ لیبر رکھنے والا دنیا کا سب سے بڑا ملک ہے۔ چائلڈ لیبر انڈیکس 2011ء میں بھارت کے علاوہ دیگر پہلے پانچ ممالک میں بنگلہ دیش، چاڈ، جمہوریہ کونگو اور ایتھوپیا شامل ہیں جبکہ لائبیریا چھٹے، میانمار ساتویں، نائیجیریا آٹھویں، پاکستان نویں اور صومالیہ دسویں نمبر پر ہے۔ چائلڈ لیبر کے عالمی دن کے حوالے سے جنگ ڈیولپمنٹ رپورٹنگ سیل نے مختلف ذرائع سے جو اعداد و شمار حاصل کئے ہیں اس کے مطابق دیگر قابل ذکر ممالک میں انڈونیشیا 18 ویں، مصر 29 ویں، فلپائن 34 ویں، ویت نام 38 ویں، برایل 45 ویں، اور میکسیکو 62 ویں نمبر پر ہے۔ پاکستان میں چائلڈ لیبر کے حوالے سے سرکاری سطح پر کوئی واضح اعداد و شمار نہیں ہیں اور 1996ء کے جاری اعداد و شمار اب تک حتمی سمجھے جاتے ہیں، جس کے مطابق ملک میں 33 لاکھ بچے چائلڈ لیبر فورس کا حصہ ہیں جبکہ غیر سرکاری تنظیموں کے مختلف سروے کے مطابق پاکستان میں چائلڈ لیبر فورس کی تعداد ایک کروڑ سے تجاوز کر چکی ہے۔ 10 فیصد محنت کش بچے اپنے گھر والوں تک کو نہیں جانتے۔ ملک میں چائلڈ لیبر فورس رکھنے والا سب سے بڑا صوبہ پنجاب ہے اور چائلڈ لیبر کا 57 فیصد پنجاب سے ہیں جبکہ 32 فیصد کے ساتھ خیبر پختون خواہ دوسرے، 10 فیصد کے ساتھ سندھ تیسرے اور صرف ایک فیصد کے ساتھ بلوچستان چوتھے نمبر پر ہے۔ پاکستان میں 73 فیصد بچے، 27 فیصد بچیاں چائلڈ لیبر فورس کا حصہ ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ آئی ایل او کے مطابق دنیا میں بدستور 21 کروڑ 50 لاکھ بچے چائلڈ لیبر فورس کا حصہ ہیں۔
 

محمد وارث

لائبریرین
بھوک چہروں پہ لیے چاند سے پیارے بچّے
بیچتے پھرتے ہیں گلیوں میں غبارے بچّے

ان ہواؤں سے تو بارود کی بُو آتی ہے
ان فضاؤں میں تو مر جائیں گے سارے بچّے

کیا بھروسہ ہے سمندر کا، خدا خیر کرے
سیپیاں چننے گئے ہیں مرے سارے بچّے

ہو گیا چرخِ ستم گر کا کلیجہ ٹھنڈا
مر گئے پیاس سے دریا کے کنارے بچّے

یہ ضروری ہے نئے کل کی ضمانت دی جائے
ورنہ سڑکوں پہ نکل آئیں گے سارے بچّے

(بیدل حیدری)
 

محمداحمد

لائبریرین
بھوک چہروں پہ لیے چاند سے پیارے بچّے
بیچتے پھرتے ہیں گلیوں میں غبارے بچّے

ان ہواؤں سے تو بارود کی بُو آتی ہے
ان فضاؤں میں تو مر جائیں گے سارے بچّے

کیا بھروسہ ہے سمندر کا، خدا خیر کرے
سیپیاں چننے گئے ہیں مرے سارے بچّے

ہو گیا چرخِ ستم گر کا کلیجہ ٹھنڈا
مر گئے پیاس سے دریا کے کنارے بچّے

یہ ضروری ہے نئے کل کی ضمانت دی جائے
ورنہ سڑکوں پہ نکل آئیں گے سارے بچّے

(بیدل حیدری)

خوبصورت اور دلگداز کلام ہے وارث بھائی۔۔۔!

بہت خوب۔
 
Top