اقتباسات بقدرضرورت علمِ دین سکھنے کے لیے ایک مطالعاتی نصاب کا خاکہ

سوال: گزارش ہے کہ حضرات علمائے کرام سے سنتے رہتے ہیں کہ دین کی بنیادی اور ضروری باتوں کا علم حاصل کرنا ہر مسلمان مرد و عورت پر فرض ہے، جیساکہ حدیث پاک میں ہے ”طلب العلم فریضة علی کل مسلم“ لیکن دین کی بنیادی اور ضروری باتوں کی تعیین ہم جیسے عامی مسلمانوں کو معلوم نہیں۔
دوسری بات یہ ہے کہ جس طرح آپ نے دینی مدارس میں پڑھنے والے علمائے کرام کے لیے ایک نصاب مقرر کررکھا ہے، اس طرح عام مسلمانوں کے لیے بقدرِ ضرورت دین کا علم سیکھنے کے لیے کوئی نصاب مقرر نہیں۔ اگر حضراتِ علمائے کرام نے دین اسلام کی تعلیمات کو عام کرنے کے لیے اردو زبان میں بہت سے کتابیں اور رسالے تحریر فرمائے ہیں۔
آپ سے درخواست ہے کہ آپ اردو زبان میں لکھی ہوئی کتابوں کا ایسا مجموعہ تجویز فرمادیں جو عام مسلمانوں کے لیے علم دین سیکھنے کے لیے نصاب کا درجہ رکھتا ہو، اس نصاب کو پڑھ لینے کے بعد آدمی کو دین کی بنیادی اور ضروری باتوں کا علم حاصل ہوجائے اور حضورِ پاک ﷺ کی محولہ بالا حدیثِ پاک کا منشا بھی پورا ہوجائے۔

جواب:گرامی نامہ ملا، آپ نے بہت اہم سوال پوچھا ہے۔ بقدر ضرورت دین کا علم حاصل کرنا واقعۃً ہر مسلمان پر فرض ہے۔ احقر کی رائے میں مطالعے کے دو حصے کرنے چاہیئں۔پہلا حصہ ابتدائی ضروری معلومات پر مشتمل ہوجن کے بغیر ایک سچے مسلمان کی طرح زندگی گزرنا ممکن نہیں، اور دوسرا حصہ پہلے حصے کی تکمیل کے بعد ایسے مطالعے پر مشتمل ہو جس سے دینی معلومات میں اتنی وسعت اور استحکام پیدا ہوجائے کہ انسان گمراہ کرنے والوں سے گمراہ نہ ہو۔ پہلے حصے میں احقر کی نظر میں مندرجہ ذیل کتب کا مطالعہ ضروری ہے۔
1. حیاۃ المسلمین مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
2. فروغ الایمان مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
3. تعلیم الدین مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
4. مردوں کے لیے بہشتی گوہر اور عورتوں کے لیے بہشتی زیور مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
5. جزاء الاعمال مولانا اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
6. سیرتِ خاتم الانبیاء مفتی محمد شفیع رحمہ اللہ
7. حکایات صحابہ مولانا محمد زکریا رحمہم اللہ
8. تاریخ اسلام کامل حضرت مولانا محمد میاں رحمۃ اللہ علیہ
9. اسوۂ رسول اکرم ﷺ ڈاکٹر عبد الحی عارفی رحمہ اللہ


دوسرے حصے میں مندرجہ ذیل کتب شامل ہونی چاہئیں۔
1. معارف القرآن مفتی محمد شفیع رحمہ اللہ
یا تفسیر ِعثمانی مولانا شبیر احمد عثمانی رحمہ اللہ
2. معارف الحدیث کامل مولانا منظوراحمد نعمانی رحمہ اللہ
3. بہشتی زیور کے مسائل اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
یا علم الفقہ مولانا عبد الشکور لکھنوی رحمہ اللہ
4. عقائد اسلام مولانا ادریس کاندہلوی رحمہ اللہ
5. شریعت و طریقت اشرف علی تھانوی رحمہ اللہ
ان شا اللہ ان کتابوں کے مطالعے سے دین کی اتنی ضروری معلومات حاصل ہوجائیں گی کہ ان کے بعد اپنی زندگی بھی سنور جائے اور انسان کسی باطل نظریئے سے گمراہ بھی نہ ہو۔ والسلام

مفتی محمد تقی عثمانی : فتاویٰ عثمانی جلد اول ص 159
 
Top