برائے اصلاح - آپ ہیں گو خوب لیکن خوب تر کہلائیے

محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
الف عین ، محمّد احسن سمیع :راحل: ، یاسر شاہ ، سید عاطف علی

ہے یہی بہتر کہ میری چشمِ تر میں آئیے
آپ ہیں گو خوب لیکن خوب تر کہلائیے

پھر نصیبوں سے کبھی ہوں گی ملاقاتیں کہیں
جائیے! لیکن حضور آپ آج تو رک جائیے

رازِ دل پھر کس طرح دل میں چھپا کر میں رکھوں
بے تحاشا دل کو میرے آپ اگر دھڑکائیے

پھر مجھے بزمِ رقیباں میں بلا کر اے حضور
آتشِ الفت مری پھر اور بھی بھڑکائیے

ذکر میرا ہی رہے گا، بعد میرے بھی یہاں
بزم سے مجھ کو اٹھا کر اپنا دل بہلائیے

تھاپ مدھم کیا پڑی، ہے مردنی سی رقص میں
سب تھرک اٹھیں یوں میرے دل کو پھر دھڑکائیے
 
پھر نصیبوں سے کبھی ہوں گی ملاقاتیں کہیں
جائیے! لیکن حضور آپ آج تو رک جائیے
بھائی، بھابھی نے اگر نصیبوں کو نصیبو پڑھ لیا تو آپ ایویں مشکل میں پڑ جائیں گے :)
ویسے دوسرے مصرعے کو اگر یوں کہیں تو؟
شوق سے کل جائیے گا، پر ابھی رک جائیے

رازِ دل پھر کس طرح دل میں چھپا کر میں رکھوں
بے تحاشا دل کو میرے آپ اگر دھڑکائیے
رازِ دل کس طور میں دل میں چھپا کر اب رکھوں
بے تحاشا ۔۔۔

پھر مجھے بزمِ رقیباں میں بلا کر اے حضور
آتشِ الفت مری پھر اور بھی بھڑکائیے
پھر کی اتنی گردان شعر کا لطف خراب کر رہی ہے۔ اے حضور بھی بھرتی کا معلوم ہوتا
پھربلا لیجیے مجھے بزمِ رقیباں میں حضور
آتشِ الفت مری کچھ اور بھی بھڑکائیے!

ذکر میرا ہی رہے گا، بعد میرے بھی یہاں
بزم سے مجھ کو اٹھا کر اپنا دل بہلائیے
بعد میرے، اچھا نہیں لگتا ۔۔۔ ایک تجویز، اگرمعمولی سا تنافر گوارا ہو۔
بزم میں چرچا رہے گا میرا میرے بعد بھی
مجھ کو اٹھوا کر ضرور آپ اپنا دل بہلائیے!

تھاپ مدھم کیا پڑی، ہے مردنی سی رقص میں
سب تھرک اٹھیں یوں میرے دل کو پھر دھڑکائیے
سب کون؟ اور آپ کے دل کے دھڑکنے پر وہ سب کیوں رقصاں ہوں؟
 
محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
بھابھی نے اگر نصیبوں کو نصیبو پڑھ لیا تو آپ ایویں مشکل میں پڑ جائیں گے :)
😄😄 واقعی۔۔۔۔ایک نون غنہ نے ہماری عزت بچائی ہوئی ۔
بھائی، بھابھی نے اگر نصیبوں کو نصیبو پڑھ لیا تو آپ ایویں مشکل میں پڑ جائیں گے :)
ویسے دوسرے مصرعے کو اگر یوں کہیں تو؟
شوق سے کل جائیے گا، پر ابھی رک جائیے

رازِ دل کس طور میں دل میں چھپا کر اب رکھوں
بے تحاشا ۔۔۔

پھر کی اتنی گردان شعر کا لطف خراب کر رہی ہے۔ اے حضور بھی بھرتی کا معلوم ہوتا
پھربلا لیجیے مجھے بزمِ رقیباں میں حضور
آتشِ الفت مری کچھ اور بھی بھڑکائیے!

بعد میرے، اچھا نہیں لگتا ۔۔۔ ایک تجویز، اگرمعمولی سا تنافر گوارا ہو۔
بزم میں چرچا رہے گا میرا میرے بعد بھی
مجھ کو اٹھوا کر ضرور آپ اپنا دل بہلائیے!

سب کون؟ اور آپ کے دل کے دھڑکنے پر وہ سب کیوں رقصاں ہوں؟
بہت اچھے مشورے ہیں۔ درستی کے بعد دوبارہ پیش کرتا ہوں
 
محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
شوق سے کل جائیے گا، پر ابھی رک جائیے
"پر" بمعنی لیکن استاد صاحب کو اچھا نہیں لگتا۔ اس لیے کچھ اور سوچنے کی کوشش کر رہا تھا۔ کیا یہ مصرع "گا" کے بغیر مکمل ہو سکتا ہے یعنی کہ
"شوق سے کل جائیے! لیکن ابھی رک جائیے
رازِ دل کس طور میں دل میں چھپا کر اب رکھوں
بے تحاشا ۔۔۔
بہت اچھا ہے۔
پھربلا لیجیے مجھے بزمِ رقیباں میں حضور
آتشِ الفت مری کچھ اور بھی بھڑکائیے!
بہت اچھا ہو گیا
بزم میں چرچا رہے گا میرا میرے بعد بھی
مجھ کو اٹھوا کر ضرور آپ اپنا دل بہلائیے!
اس میں "میرا میرے " کے ایک ساتھ آ جانے کی وجہ سے ایک اور صورت سمجھ میں آئی ہے۔ دیکھیے یہ قابلِ قبول ہے؟
میرا ہی چرچا رہے گا، بعدازاں اس بزم میں
ذکر میرا ہی رہے گا، بعد ازاں اس بزم میں
سب تھرک اٹھیں یوں میرے دل کو پھر دھڑکائیے
پھر تھرک اٹھوں یوں میرے دل کو پھر دھڑکائیے
 
الف عین

لائبریرین
شوق سے کل جائیے! لیکن ابھی رک جائیے
بہت بہتر ہے

ذکر میرا ہی رہے گا، بعد ازاں اس بزم میں
بہتر مصرع ہے
باقی ترمیمات درست ہیں
 
محمد عبدالرؤوف

لائبریرین
ہے یہی بہتر کہ میری چشمِ تر میں آئیے
آپ ہیں گو خوب لیکن خوب تر کہلائیے

پھر نصیبوں سے کبھی ہوں گی ملاقاتیں کہیں
شوق سے کل جائیے! لیکن ابھی رک جائیے

رازِ دل کس طور مَیں دل میں چھپا کر اب رکھوں
بے تحاشا دل کو میرے آپ اگر دھڑکائیے

پھر بُلا لیجے مجھے بزمِ رقیباں میں حضور
آتشِ الفت مری کچھ اور بھی بھڑکائیے

ذکر میرا ہی رہے گا، بعد ازاں اس بزم میں
مجھ کو اٹھوا کر ضرور آپ اپنا دل بہلائیے!

تھاپ مدھم کیا پڑی، ہے مردنی سی رقص میں
پھر تھرک اٹھوں یوں میرے دل کو پھر دھڑکائیے
 
Top