امراض اور راگ راگنیاں
( حکیم محمد نبی خان جمال سویدا )
ضعفِ جگر اور دل کی کمزوری کے لیے "بھیرویں" بہت مفید ہے۔ بعض اطبا کا خیال ہے کہ "بھیرویں" صفرا کی زیادتی میں بھی منفعت بخش ثابت ہوتی ہے۔ دماغی امراض مثلا جنون ، مراق ، مالیخولیا اور وہم وغیرہ میں "ملہار" ، "مالکونس" اور "سارنگ" فائدہ پہنچاتے ہیں۔ اعصابی کمزوری ، ہسٹریا اور دیگر اعصابی شکایات میں "بسنت" اور "دھناسری" سے فائدہ ہوتا ہے۔ گٹھیا اور مختلف دردوں میں "گندھاری" کو فائدہ مند بتایا گیا ہے۔ بخار ، خون کی حدت اور خرابی میں "آسا" مفید خیال کیا گیا ہے۔ طبیعت کی بے کیفی ، پژمردگی اور گھبراہٹ کو "ملہار" دور کر دیتا ہے۔ ذرا ذرا سی بات پر گھبرا جانا یا ذرا ذرا سی بات پر غصہ آنے کی شکایت میں "پربھاتی" اور "بلاول" مفید ہیں۔ ان راگوں کو سننے کے لئے جو وقت مقرر ہے اسی وقت میں ڈیڑھ گھنٹے روزانہ سنا جائے۔( حکیم محمد نبی خان جمال سویدا )
امراض اور راگ راگنیاں از حکیم محمد نبی خان جمال سویدا، مشمولہ نیرنگ خیال لاہور ، موسیقی نمبر ، 1960ء ، صفحہ 171
آخری تدوین: