ایڈیٹر الیکٹران اردو ایڈیٹر

نبیل

تکنیکی معاون
السلام علیکم۔ محفل فورم کی بارہویں سالگرہ کے موقعے پر تکنیکی مضامین کا سلسلہ شروع کیا گیا تھا۔ اب قدرے تاخیر سے اپنی شراکت پیش کر رہا ہوں۔ زیر نظر مضمون میں الیکٹران فریم ورک پر مبنی ایک اردو ایڈیٹر کی تیاری اور اجراء کی تفصیل بیان کی گئی ہے۔

تعارف

اردو ایڈیٹر سوفٹویر اگرچہ مختلف شکلوں میں دستیاب ہیں اور سوال کیا جا سکتا ہے کہ اب کسی نئے اردو ایڈیٹر کی کیا ضرورت ہو سکتی ہے۔ اس بارے میں یہ عرض کروں گا کہ اس اردو ایڈیٹر کی تیاری کا ایک مقصد ڈیسک ٹاپ اپلیکیشن ڈیویلپمنٹ کے لیے الیکٹران فریم ورک اور جاوا سکرپٹ کے استعمال کو اجاگر کرنا ہے۔ دوسرا ایک عرصے سے میری خواہش تھی کہ ایک کراس پلیٹ فارم اردو ایڈیٹر تیار کیا جا سکے جو ونڈوز، لینکس اور میکنٹاش پر یکساں کام کر سکے۔ اس اردو ایڈیٹر کی افادیت میں اضافے کے لیے اس میں بنیادی بی بی کوڈز شامل کرنے کی سہولت بھی شامل کر دی گئی ہے جس کی بدولت اسے آف لائن فورم ایڈیٹر کے طور پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے


الیکٹران فریم ورک

کسی زمانے میں جاوا سکرپٹ کا استعمال ویب کلائنٹ سائڈ سکرپٹنگ تک محدود تھا، لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ جاوا سکرپٹ کی فیچرز میں متاثر کن اضافہ ہوا ہے اور اس کا استعمال سرور سائڈ پروگرامنگ کے لیے بھی کیا جانے لگا۔ نوڈ جے ایس ٹیکنالوجی اور اس پر مبنی فریم ورکس کی بدولت ویب اور موبائل اپلیکیشن ڈیویلپمنٹ کا منظرنامہ یکسر بدل گیا ہے۔ کچھ لوگوں کا کہنا ہے کہ مستقبل میں جاوا سکرپٹ سوفٹویر ڈیویلپمنٹ کی ہر فیلڈ میں استعمال ہوگی۔ اب تک یہ پیش گوئی درست ثابت ہوتی نظر آ رہی ہے۔ حال ہی میں ایسے فریم ورکس منظر عام پر آئے ہیں جن کی بدولت جاوا سکرپٹ اب ڈیسک ٹاپ اپلیکیشن ڈیویلپمنٹ کے لیے بھی بخوبی استعمال کی جانے لگی ہے۔ الیکٹران ایسا ہی ایک مقبول فریم ورک ہے۔ الیکٹران فریم ورک میں ڈیسک ٹاپ اپلیکشنز ہوسٹ کرنے کے لیے گوگل کروم ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جاتا ہے اور اس میں عام ایچ ٹی ایم ایل صفحات ڈسپلے ہوتے ہیں۔ کروم کے استعمال سے کراس براؤزر comaptibility کا کوئی مسئلہ باقی نہیں رہتا کہ ایک ہی براؤزر کی ٹیکنالوجی پس منظر میں استعمال ہوتی ہے۔ ایچ ٹی ایم ایل صفحات کے لے آؤٹ کا کنٹرول سی ایس ایس کے ذریعے کیا جاتا ہے جیسے کہ عام ویب اپلیکیشنز میں مروج ہے۔

الیکٹران پروگرامنگ ماڈل

ویب ٹیکنالوجیز کے ڈیسک ٹاپ سائیڈ پر استعمال سے اگرچہ دلچسپ ممکنات کا اضافہ ہوتا ہے لیکن اس کے بخوبی استعمال کےلیے الیکٹران کے پروگرامنگ سے تعارف ہونا ضروری ہے۔ ایک سادہ الیکٹران اپلیکشن میں کم از کم دو پراسیس رو بہ عمل ہوتے ہیں۔ ان میں سے ایک مین پراسیس ہوتا ہے جبکہ دوسرا رینڈرر پراسیس ہوتا ہے جو کہ ویب پیج کی سائیڈ پر ایکٹو ہوتا ہے۔ مین پراسیس براہ راست ویب پیج کے ایلیمنٹس تک رسائی حاصل نہیں کر سکتا بلکہ اس مقصد کے لیے الیکٹران فریم انٹر پراسیس کمیونیکیشن مکینزم مہیا کرتا ہے۔ انٹرپراسیس کمیونیکیشن کو سمجھنے میں شروع میں قدرے دقت پیش آ سکتی ہے لیکن اس کا استعمال زیادہ مشکل نہیں ہے اور چند مثالوں سے اس میں مہارت حاصل کی جا سکتی ہے۔

الیکٹران اردو ایڈیٹر

میں اردو ایڈیٹر کی تیاری کے لیے یہ لائحہ عمل تیار کیا تھا کہ کئی سالوں سے موجود جے کویری اردو ایڈیٹر کو ہی ایک ویب پیج میں استعمال کرکے اس ویب صفحے کو الیکٹران ڈیسک ٹاپ اپلیکیشن میں ڈسپلے کر دیا جائے۔ اس طرح کم از کم اردو متن مدون کرنے کی سہولت کا بندوبست ہو جاتا۔ دوسری بنیادی ایڈیٹر کی فیچرز یعنی فائل سیو، لوڈ کرنا وغیرہ کے لیے کچھ کوڈ لکھنے کی ضرورت آئی۔ یہ کام شروع میں کافی آسان معلوم ہوا تھا لیکن الیکٹران فریم ورک اور خاص طور پر نوڈ جے ایس سے ناواقفیت کی بنا پر مجھے کچھ دقت پیش آئی۔ اب بھی اگرچہ اس پروگرام میں کئی بگ ہیں لیکن میں اسے فی الحال افادہ عام کے لیے پیش کر رہا ہوں اور اس کا سورس کوڈ بھی گٹ ہب پر دستیاب ہے۔ ڈیویلپمنٹ کے لیے میں نے ویژوئل سٹوڈیو کوڈ کا استعمال کیا۔ بی بی کوڈ شامل کرنے کے لیے میں مارک اٹ اپ کا استعمال کیا ہے جس کا یہاں فورم میں بھی سادہ ٹیکسٹ موڈ میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ شروع میں میرا ارادہ وزی وگ ایڈیٹر استعمال کرنے کا تھا لیکن بدقسمتی سے کروم میں اردو وزی وگ ایڈیٹنگ کام نہیں کر رہی۔ مختلف آپریٹنگ سسٹمز میں اردو ایڈیٹر کے استعمال کو ذیل کی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے:


urdueditor_win.png

urdueditor_ubuntu.png

urdueditor_mac.png


ڈاؤنلوڈ

میں نے الیکٹران اردو ایڈیٹر کو ونڈوز، لینکس اور میکنٹاش کے لیے علیحدہ پیکج فراہم کر دیے ہیں۔

گٹ ہب پر الیکٹران اردو ایڈیٹر ریلیز کا ربط

برادرم سعود کا شکریہ جنہوں نے گٹ ہب کے استعمال کے سلسلے میں میری رہنمائی کی۔

بگز

میں اوپر عرض کر چکا ہوں کہ ابھی بھی پروگرام میں کچھ بگز ہیں۔ میں کوشش کروں گا کہ جلد ہی ان کو ٹھیک کر سکوں۔ اگرچہ الیکٹران فریم ورک کا آئیڈیا کراس پلیٹ فارم ڈیویلپمنٹ کا ہے لیکن ہر آپریٹنگ سسٹم کے اپنے مسائل ڈیویلپمنٹ پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ یہ اردو ایڈیٹر میکنٹاش پر اگرچہ متن لکھنے کی حد تک ٹھیک کام کر رہا ہے لیکن کاپی پیسٹ میں مسائل پیش آ رہے ہیں۔ اس کو علیحدہ سے ٹھیک کرنے کی ضرورت پیش آئے گی۔

نتائج اور مزید کام

الیکٹران اردو ایڈیٹر کی تیاری سے مجھے الیکٹران فریم ورک کے استعمال کا تجربہ حاصل ہوا اور خاص طور پر اندازہ ہوا ہے کہ اب جاوا سکرپٹ کتنے وسیع پیمانے پر استعمال کی جانے لگی ہے۔ ڈیسک ٹاپ اپلیکشنز میں ویب ٹیکنالوجیز کے استعمال سے بے شمار نئی جہات کا اضافہ ہوتا ہے۔ یقینا اس سمت میں کام کرنے کی بے انتہا گنجائش ہے۔ میری کوشش رہے گی کہ اس سمت میں مزید شراکت کرتا رہوں۔

روابط

الیکٹران فریم ورک
الیکٹران اردو ایڈیٹر
ڈاؤنلوڈ ربط
 
ہم نے دو روز قبل لینکس پر سرسری طور پر استعمال کر کے دیکھا تھا۔ فی الحال اس کے ڈیزائن پر کام کرنے کی کافی ضرورت ہے۔ اس کی شکل دس پندرہ برس قبل کی ڈیزائن ایستھیٹکس کی یاد دلاتی ہے۔ مختلف کمپونینٹس ٹھیک سے الائن نہیں کیے گئے ہیں اور ضرورت سے زیادہ بارڈرس شامل کیے گئے ہیں۔ آن اسکرین کی بورڈ کی نمائش کے حوالے سے بھی کافی کچھ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹول بار میں کیا کچھ ہوگا اس کا تعین اس بات سے ہونا چاہیے کہ اس ایڈیٹر کو استعمال کس مقصد کے لیے کیا جائے گا۔ :) :) :)

ان باتوں سے قطع نظر الیکٹران فریم ورک کا استعمال یقیناً اردو کمیونٹی میں موجود ڈیویلپرز کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔ :) :) :)
 

نبیل

تکنیکی معاون
ہم نے دو روز قبل لینکس پر سرسری طور پر استعمال کر کے دیکھا تھا۔ فی الحال اس کے ڈیزائن پر کام کرنے کی کافی ضرورت ہے۔ اس کی شکل دس پندرہ برس قبل کی ڈیزائن ایستھیٹکس کی یاد دلاتی ہے۔ مختلف کمپونینٹس ٹھیک سے الائن نہیں کیے گئے ہیں اور ضرورت سے زیادہ بارڈرس شامل کیے گئے ہیں۔ آن اسکرین کی بورڈ کی نمائش کے حوالے سے بھی کافی کچھ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ ٹول بار میں کیا کچھ ہوگا اس کا تعین اس بات سے ہونا چاہیے کہ اس ایڈیٹر کو استعمال کس مقصد کے لیے کیا جائے گا۔ :) :) :)

ان باتوں سے قطع نظر الیکٹران فریم ورک کا استعمال یقیناً اردو کمیونٹی میں موجود ڈیویلپرز کے لیے مفید ہو سکتا ہے۔ :) :) :)

اس ایڈیٹر کی تیاری کا آئیڈیا بنیادی طور پر یہی تھا کہ جو اردو ایڈیٹر ویب صفحات میں استعمال ہوتا آیا ہے اسی کو ڈیسک ٹاپ میں ایمبڈ کرکے فراہم کر دیا جائے۔ لک اینڈ فیل پر زیادہ کام نہیں کیا گیا۔ سورس کوڈ میں editor.html میں اپنی مرضی کی ترمیم کی جا سکتی ہے۔ ہو سکتا ہے کہ کسی فیوچر ریلیز میں رن ٹائم پر مختلف ٹیمپلیٹس منتخب کرنےکی سہولت شامل کر دی جائے۔
 

رانا

محفلین
بہت عمدہ معلوماتی مضمون ہے۔ نوڈ جے ایس تو کافی مشہور ہے لیکن الیکٹران فریم ورک کے بارے میں کچھ پتہ نہ تھا اور بہت اچھا لگا یہ جان کر کہ ڈیسک ٹاپ کے لئے کچھ لائٹ فریم ورک بھی مقبول ہورہے ہیں۔
 

سعادت

تکنیکی معاون
[…] الیکٹران فریم ورک کے بارے میں کچھ پتہ نہ تھا اور بہت اچھا لگا یہ جان کر کہ ڈیسک ٹاپ کے لئے کچھ لائٹ فریم ورک بھی مقبول ہورہے ہیں۔
الیکٹران ’لائٹ‘ نہیں ہے۔ :) الیکٹران پر کی جانے والی تنقید میں اکثر سننے کو ملتا ہے کہ اس پر مبنی ایپس کافی بھاری بھرکم ہوتی ہیں، لیکن اپنے فوائد (ویب فرنٹ اینڈ ڈویلپرز کے لیے ڈیسکٹاپ ایپس بنانے میں آسانی، کراس پلیٹ‌فارم، وغیرہ) کی وجہ سے یہ کافی مقبول ہو چکا ہے۔
 

رانا

محفلین
الیکٹران ’لائٹ‘ نہیں ہے۔ :) الیکٹران پر کی جانے والی تنقید میں اکثر سننے کو ملتا ہے کہ اس پر مبنی ایپس کافی بھاری بھرکم ہوتی ہیں، لیکن اپنے فوائد (ویب فرنٹ اینڈ ڈویلپرز کے لیے ڈیسکٹاپ ایپس بنانے میں آسانی، کراس پلیٹ‌فارم، وغیرہ) کی وجہ سے یہ کافی مقبول ہو چکا ہے۔
ہمم۔ میں تو ڈاٹ نیٹ سے کمپئر کررہا تھا۔ پھر ہمیں تو ڈاٹ نیٹ ہی ٹھیک ہے۔ ویسے بھی مجھے ذاتی طور پر مائکروسافٹ کی ٹیکنالوجیز ہی سب سے بہتر لگتی ہیں ڈیولپمنٹ کے معاملے میں۔ :)
 
آخری تدوین:

علی دا ملنگ

محفلین
ہوں۔ اچھا ہے۔ لیکن آپ نے اس کے تعریف میں کچھ زیادہ متن تحریر نہیں کیا۔ بس جاوا سکرپٹ کے بارے میں ہی بتاتے رہے۔
خیر جناب ابھی ابھی ہی ڈاؤنلوڈ کیا ہے۔ چلا کر دیکھتے ہیں کہ یہ کتنے پانی میں ہے۔
 
سلام - قارائین کی اطلاع کے لیے ہم نے ایک ان لائن ایڈیٹر متعارف کروایا ہے - جو اردو لکھنے اور پرنٹ کرنے ممیں کارامد ہے - اس میں اردو بول کر لکھنے کی سہولت بھی میسر ہے - استعمال کریں اور ہمیں اپنی آراء سے اگاہ کریں- مندرجہ ذیل لنک پر آپ اسا نمونہ دیکھ سکتے ہیں
سبک اردو ایڈیٹرر -
اسکے استعمال کے لیے یہ ویڈیو دیکھیں
سبک کا استعمال
 
Top