اللہ کے محبوبِ طرحدار کا چہرہ

الف نظامی

لائبریرین
اللہ کے محبوبِ طرحدار کا چہرہ
خلاق کا شہ کار ہے سرکار کا چہرہ

یادِ رخِ جاناں ہی سے فرصت نہیں ملتی
ہم نے کبھی دیکھا نہیں اغیار کا چہرہ

سائل کو ضرورت نہیں اُس در پہ صدا کی
پڑھ لیتے ہیں سرکار طلب گار کا چہرہ

واللیل کا مفہوم ہے زلفِ شہ خوباں
والشمس ہے اللہ کے دلدار کا چہرہ

خالی رہا دامانِ طلب عمر بھر اُن کا
تکتے رہے نادان جو اغیار کا چہرہ

کیا خوب گھڑی ہوگی ، پسِ مرگ جب عاشق
دیکھیں گے لحد میں شہ ابرار کا چہرہ

لو ہوگئے ، سر گرمِ شفاعت وہ سرِ حشر
نظروں میں ہے ، ایک ایک گنہگار کا چہرہ

امت کے لیے مرحلہء حشر ہے آساں
ہے سامنے امت کے نگہدار کا چہرہ

آقا ٖ نے کیا حشر میں مجھ پر کرمِ خاص
نیکوں میں نمایاں تھا گنہگار کا چہرہ

کیا شانِ عطا ہے کہ ثناخوانوں میں ان کے
لکھا گیا طارق سے گنہگار کا چہرہ

(طارق سلطانپوری)

 
آخری تدوین:
Top