اردو ہے جس کا نام

عین لام میم

محفلین
اردو ہے جس کا نام ہمیں جانتے ہیں داغ
سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے

لو جی! یہ کیا بات کر دی؟ اردو سیکھنا کوئی مشکل کام ہے۔ ۔ ۔ ہمارے پاکستان میں تو بچہ بچہ اردو بولتا ہے!۔ ۔ ۔ اور تواور میرا ڈیڑھ سال کابھتیجا بھی بہت شُستہ اردو بولتا ہے!۔ ۔ بس ذرا ‘س’، ‘ش’ اور ‘ذ’،’ز’،’ج’،’ظ’ اور ‘ض’ میں تمیز نہیں کر سکتا ٹھیک سے۔ ۔ ۔! خیر یہ تو ‘ ایکسٹرا پرافیشنسی’ کے زمرے میں آتا ہے۔
ہاں تو بات ہو رہی تھی اردو سیکھنے سکھانے کی۔ ۔ تو قصہ اس اجمال کا کچھ یوں ہے کہ جب ہمارے بڑے بھائی صاحب تقریباً سات سال پہلے وطن عزیز سے پردیس گئے تو وہاں سے واپسی پر ایک عدد ولندیزی خاتون کو ہماری بھابھی بنا کر پاکستان لائے [سچے اور پکے پاکستانی ہونے کی نشانی۔] اب پاکستانیوں کی غیر ملکی زبان سیکھنے کی “لرنِنگ کروّ”(سیکھنے کی صلاحیت کا گراف) کچھ زیادہ ہی ہے لہٰذہ ہوا یہ کہ وہ تو اردو میں بس “سلام لیکم” ، “کی حال اے؟” یا “ٹھیک او ” ہی سیکھ سکیں لیکن ہم کافی استفادہ کر گئے!
یوں بھی جناب اردو کی تو کیا ہی بات ہے، منہ اور حلق کا شائد ہی کوئی حصہ ہو گا جہاں حروفِ تہجی میں سے کسی کی رسائی نہ ہو۔ ! اور سونے پہ سہاگہ بچپن میں مسجد کے مولوی صاحب نے” چنگی طرح” سمجھا بجھا کر ش، ق درست کروائے تھے۔ اب بیچارے جرمن بولنےوالوں کا کیا قصور کہ ان کی زبان میں ۲۶ یا زیادہ سے زیادہ ۳۰ (کچھ واول حروف بھی ہیں ) حروف جتنی لچک ہے!!
جن میں سے کچھ تو ایک سی آوازیں نکال کے ہی خاموش ہو جاتے ہیں۔ ۔ اب باقی بچنے والے بھی اردو کی ‘ر’، ‘ج’، ‘چ’، ‘ز’، ‘ذ’، اور تو اور ‘ی’ کا مقابلہ بھی نہیں کر سکتے۔ ۔ ۔ ہاں ، لفظ” نہیں ” کا پنجابی ہم پلہ لفظ ” نئین” موجود ہے اور مطلب بھی نفی ہی ہے۔ ۔ ۔یوں کچھ ملے جلے رجحان کے ساتھ وہ “اِک، دو، تِن” کرنا تو سیکھ ہی جاتے ہیں۔ ۔
بقول غیر اردو یافتہ افراد کے سب سے بڑی مشکل اردو عربی یا فارسی سیکھنے کی یہ ہے کہ ان کے حروف مفرد حالت میں اور ہوتے ہیں جبکہ الفاظ میں ان کا رنگ تو خیر نہیں ‘انگ’ اور ڈھنگ ضرور بدل جاتا ہے! اب ‘ج’ کو ہی لیجیے، تنہائی میں تو پیٹ نکال لیتی ہے، جیسے ہی کوئی دوسرا حرف دیکھتی ہے ایسے سمٹ جاتی کہ محض نقطہ ہی رہ جاتا ہے اور ‘ر’ تو مزید “گِر” جاتی ہے!
اسی طرح باقی حروف بھی عجیب و غریب ہیئت ِظاہری و باطنی رکھتے ہیں۔ اب ہماری بھابھی صاحبہ کو اردو سیکھنے کا شوق پھر سے پیدا ہو گیا ہے اور وہ کہتی ہیں کہ ان کے لیے کوئی رومن اردو میں اردو سیکھنے کی کتاب ہونی چاہئے، تا کہ وہ الفاظ کو پڑھ سکیں ناکہ ان کی اشکال میں ہی گم ہو جائیں۔ اب انہیں میں یہ کیسے بتاؤں کہ میں نے تو آج تک کوئی “اردو سیکھیں” نامی کتاب عربی رسم الخط میں نہیں دیکھی تو رومن میں کہاں سے لاؤں! یہاں”انگریزی سیکھیں، صرف ایک ہفتے میں”، “انگلش ٹیوٹر”، “انگلش گرو” ،”انگریزی بولیں ،امریکیوں کی طرح” وغیرہ، تو ہر شہر کے ‘اردو بازار’ میں با آسانی ملتی ہیں لیکن اردو کی خرید و فروخت کا بہرحال کوئی رجحان نہیں پایا جاتا۔ ۔ ۔ ۔!!

خصوصی نوٹ: اس مضمون میں اگر کوئی اردو املاء کی غلطی پائی جائے تو اسے کلیدی تختے کے لے آؤٹ کی غلطی سمجھا جائے۔ اس کے علاوہ اگر کسی کے پاس “رومن اردو” سیکھنے کا کوئی نسخہ موجود ہو تو ضرور بتائے، اردو سیکھنا سکھانا ایک کارِخیر ہے خواہ رومی ہو کہ رازی!

بلاگ پر اصل تحریر کا مطالعہ کریں اور تبصرہ کریں
 

زیک

مسافر
آپ بڑوں کو اردو سکھانے کی بات کر رہے ہیں ادھر ہم اپنی بیٹی کو اردو سکھانے کے لئے قاعدہ لاتے ہیں تو سر پکڑ لیتے ہیں کہ یہ کیسا قاعدہ ہے۔ کسی "اسلامی" قاعدے میں ج سے جہاد ہے ٹینک یا کلاشنکوف کی تصویر کے ساتھ تو کسی میں ح سے حبشی اور ایک افریقی کی شکل ہے ساتھ۔ ٹ سے ٹریکٹر تو سمجھ آتا ہے اردو میں مگر و سے وہیل کی کیا تک ہے؟
 

محمد وارث

لائبریرین
ج سے جہاد اور ح سے حبشی والا تو میں بھی پہلی دفع سن رہا ہوں، وگرنہ ساری عمر تو ج جہاز (پڑھنے) اور ح حقہ (پینے) میں گزری ہے، زیک آپ کوئی اچھا سا قاعدہ خریدیں :)
 

فخرنوید

محفلین
کیوں نا ں یہاں ایک پراجیکٹ اردو سکھیں رومن طریقے سے اور اردو قاعدے بنانے شروع کریں ۔
پرنٹنگ میں کروادوں گا۔ اور بھیجنے کے اخراجات آپ کے ذمے ہیں۔
 

باسم

محفلین
آپ بڑوں کو اردو سکھانے کی بات کر رہے ہیں ادھر ہم اپنی بیٹی کو اردو سکھانے کے لئے قاعدہ لاتے ہیں تو سر پکڑ لیتے ہیں کہ یہ کیسا قاعدہ ہے۔ کسی "اسلامی" قاعدے میں ج سے جہاد ہے ٹینک یا کلاشنکوف کی تصویر کے ساتھ
پھر تو یہ قاعدہ نہیں القاعدہ ہوا
 

محمدعلی

محفلین
اردو

مجھے صرف ایک غلطی نظر آئی ہے اور میں نے صرف آپ کی غلطی نکالنے کے لئے اس جگہ اپنا اندراج کروایا ہے۔ وہ لفظ ہے
1۔ لہٰذا
باقی رہ گئی آپ کی بھابھی صاحبہ کی بات تو سب سے پہلے تو یہ پتہ لگائیے کہ ان کی زبان میں اردو کے کون کو ن سے حروف تہجی یا آوازیں نہیں ہیں اور پھر ان کو وہ آوازیں سکھائیے کیونکہ اگر وہ اطالوی ہوتیں تو ان کو بہت جلد اردو زبان پر عبور حاصل ہو جاتا۔ مگر جرمن زبان تھوڑی مختلف ہے۔

باقی بھائیوں سے گزارش ہے کہ یہ جو کچھ بھی وہ لوگ قائدوں میں پڑھتے ہیں اس میں زیادہ قصور ان کا ہے۔ کیونکہ اہلِ زبان ہونے کی وجہ سے یہ ان کا فرض ہے کہ وہ اپنی زبان کو زیادہ سے زیادہ پھیلائیں۔

پاکستان کا عام آدمی جو بولتا ہے وہ اردو نہیں ہندوستانی ہے جس میں انگریزی اور ہندی کے الفاظ گھلے ملے ہوتے ہیں۔ عام لوگوں کو تو اردو کے بے شمار الفاظ کا مطلب تک نہیں پتا ہوتا۔ اگر ان کے سامنے ٹھوس اردو بولیں تو وہ تو پریشان ہو جاتے ہیں۔

میرے علم کے مطابق زبان آوازوں کا مجموعہ ہوتی ہے اور اردو میں اب تک دریافت ہوئی تقریبآ تمام آوازیں موجود ہیں۔

شاید آپ لوگوں کو پہلے سے پتہ ہو مگر بتانا میرا فرض ہے۔ اردو سے مستفید ہونے کے لئے نیچے دو لغات دی گئی ہیں۔
اردو سے اردو سرکاری لغت
اردو سے انگریزی اور انگریزی سے اردو کی لغت
 
Top