محمد بلال اعظم

لائبریرین
احترامِ صبا کیا جائے​
سب دریچوں کو وا کیا جائے​
کوئی شہرِ صبا سے آئے گا​
فرش کو آئینہ کیا جائے​
ساری نادانیاں تو اپنی ہیں​
کیا کسی کا گِلہ کیا جائے​
کیوں لیا جائے امتحان اس کا​
کیوں اسے بے وفا کیا جائے​
مشورے ٹھیک ہیں زمانے کے​
دل نہ مانے تو کیا کیا جائے​
صرف حرفِ دعا نہیں کافی​
دل کو صرفِ دعا کیا جائے​
پھر ہوا کا مزاج برہم ہے​
پھر کوئی مشورہ کیا جائے​
بحث و تمحیص کر چکے ہم تم​
اب کوئی فیصلہ کیا جائے​
کچھ نہیں ہے تو اس مسافر کو​
اب سپردِ خدا کیا جائے​
ساری دنیا سے جیت آئے ہیں​
اس قبیلے کا کیا کیا جائے​
اس کی تصویر گھر میں کیا رکھنی​
دل کو آراستہ کیا جائے​
کون دل میں اتر کے دیکھتا ہے​
اب گھروں کو بڑا کیا جائے​
خال و خد ہی نہیں تو کیوں اظہرؔ​
آئینہ آئینہ کیا جائے​
(بتاریخ: 15 جنوری 2003)​
(شاعر: اظہر ادیب)​
(کتاب: ہے کوئی کُوزہ گر؟)​
 

غ۔ن۔غ

محفلین
ساری نادانیاں تو اپنی ہیں
کیا کسی کا گِلہ کیا جائے

کیوں لیا جائے امتحان اس کا
کیوں اسے بے وفا کیا جائے

بہت ہی زبردست۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔:)
 

محمد بلال اعظم

لائبریرین
ساری نادانیاں تو اپنی ہیں
کیا کسی کا گِلہ کیا جائے

کیوں لیا جائے امتحان اس کا
کیوں اسے بے وفا کیا جائے

بہت ہی زبردست۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔۔ ۔۔:)

پسندیدگی کا بیحد شکریہ غزل آپی
اور
مغزل بھائی سے بھی کہا کریں کہ کبھی کبھی آ جایا کریں اور ان سے کہیے گا کہ انہوں نے کہا تھا کہ مولانا عثمان ہارونی رحمۃ اللہ علیہ کی وہ غزل جس کی ردیف "می رقصم" ہے، محفل پہ موجود ہے لیکن مجھے تو نہیں ملی۔
 

غ۔ن۔غ

محفلین
پسندیدگی کا بیحد شکریہ غزل آپی
اور
مغزل بھائی سے بھی کہا کریں کہ کبھی کبھی آ جایا کریں اور ان سے کہیے گا کہ انہوں نے کہا تھا کہ مولانا عثمان ہارونی رحمۃ اللہ علیہ کی وہ غزل جس کی ردیف "می رقصم" ہے، محفل پہ موجود ہے لیکن مجھے تو نہیں ملی۔

اچھا بھیا وہ جیسے ہی گھر آئے گا میں آپ کا پیغام پہنچا دوں گی اور کہوں گی کہ خود آپ کو ریپلائی کرے:)
 
Top