پہلی سالگرہ آپ سب کو محفل فورم کی پہلی سالگرہ مبارک

نبیل

تکنیکی معاون
عزیز دوستان السلام علیکم اور آپ سب کو محفل فورم کی پہلی سالگرہ مبارک ہو کہ اس کی کامیابی اور مقبولیت آپ ہی کی وجہ سے ہے۔ ابھی کل ہی کی بات لگتی ہے کہ میں نے یہ فورم سیٹ‌اپ کی تھی۔ اس وقت محض شغل کے طور پر یہ تجربہ کیا تھا۔ میرا ارادہ تو یہ تھا کہ یہ فورم سیٹ اپ کرکے دوستوں کے حوالے کر دوں تاکہ وہ خود ہی اسے چلائیں۔ مجھے فورم کی ایڈمنسٹریشن تو درکنار، کسی فورم پر پوسٹ کرنے تک کا نہیں پتا تھا۔ لیکن جب کسی اور نے اس فورم کا انتظام سنبھالنے میں دلچسپی نہیں لی تو میں نے یہ ذمہ داری سنبھالی اور جو کام محض شغل کے طور پر کیا تھا وہ رفتہ رفتہ پہلے جان پھر جانِ جان اور پھر جانِ جانان بن گیا اور ہم پہلے خان پھر خانخان اور پھر خانخانان بنتے گئے :D ۔ حقیقت میں محفل فورم جاگتی حالت میں میرے حواس پر سوار رہتی ہے (اور اکثر حالت خواب میں بھی ایسا ہی ہوتا ہے :p

اردو ویب کے قیام کا مقصد، جیسے کہ سب کو معلوم ہے، کمپیوٹر اور انٹرنیٹ پر اردو کی ترویج ہے۔ ہماری خوش قسمتی ہے کہ اس سفر میں ہمیں بہت مخلص دوستوں کا ساتھ نصیب ہوا ہے۔ سب سے پہلے تو یاہو اردو کمپیوٹنگ گروپ کے ہیوی ویٹس اعجاز اختر صاح، جیسبادی اور جناب شارق مستقیم نے ہماری برابر حوصلہ افزائی کی۔ دوسری جانب ہر دور میں فورم کی رونقوں کو دوبالا کرنے کے لیے کوئی نہ کوئی دوست سرگرم رہے ہیں۔

مجھے نہایت خوشی ہے کہ اردو ویب پر تاریخی اہمیت کے پراجیکٹس پر کام جاری ہے۔ ان میں لائبریری پراجیکٹ، سوفٹویر کی اردو لوکلائزیشن اور اردو لغت پراجیکٹ‌ شامل ہیں۔ اس کے علاوہ کئی سوفٹویر پراجیکٹس پر بھی کام جاری ہے جو اردو کی ترویج میں سنگ میل ثابت ہو سکتے ہیں۔ مذکورہ بالا ہر پراجیکٹ کا جائزہ الگ سے ایک تفصیلی تحریر کا متقاضی ہے اور یقیناً دوسرے دوست اس پر کچھ لکھ رہے ہوں گے۔

ابھی ہمارے سامنے کئی منازل جنہیں ہمیں طے کرنا ہے۔ اردو دنیا کی بڑی زبانوں میں مانی جاتی ہے لیکن بدقسمتی سے انٹرنیٹ پر اس زبان میں مواد نہ ہونے کے برابر رہا ہے۔ میرے اندازے کے مطابق کچھ عرصہ پہلے تک اردو کا مواد یا تو بی بی سی کی اردو ویب سائٹ‌پر ہوتا تھا یا پھر اردو بلاگز پر۔ اب غالبا محفل فورم بھی اس میں شامل ہے۔ اردو ویب پر جاری ہونے والا اردو فورم سوفٹویر اردو کی ترویج کی راہ میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ ہم انشاءاللہ دوسرے کونٹینٹ منیجمنٹ سسٹمز جیسے کہ ورڈ پریس اور جملہ کے اردو ورژن ریلیز کریں گے جن سے اردو کونٹینٹ پبلش کرنا اور آسان ہوجائے گا۔

اگرچہ اردو ویب پر تمام پراجیکٹس پر کام آگے بڑھ رہا ہے لیکن میرے نزدیک ایک پہلو ابھی تک تشنہ ہے اور وہ ہے ایک آن لائن جریدے کا اجراء۔ اس کی راہ میں اگرچہ چند تکنیکی رکاوٹیں حائل ہیں جیسے کہ خاص ایک جریدے کے لیے کونٹینٹ منیجمنٹ سسٹم کی عدم دستیابی وغیرہ لیکن میرے لیے بڑی مشکل اس کو وقت نہ دے سکنا ہے۔ بہرحال میں امید کرتا ہوں کہ کبھی اس سلسلے میں بھی کوئی پیشرفت ہوگی۔

محفل فورم کا ایک سال تو نہایت کامیابی سے مکمل ہوگیا ہے۔ میں دعا گو ہوں کہ آنے والا سال ہمارے لیے مزید کامیابیوں کا سال ثابت ہو۔ آمین۔
 
اردو کی ترویج میں بہت بڑا کردار

نبیل اس میں شک نہیں کہ یہ فورم نیٹ پر اردو کی ترویج میں بہت بڑا کردار ادا کر رہا ہے اور اس نے ایک سال کے مختصر عرصے میں اپنے آپ کو نیٹ پر اردو کے چاہنے والوں کا گھر بنا لیا ہے۔

فورم کی ترقیوں کا ایک سال مکمل ہونے پر آپ، آپ کی پوری ٹیم اور ممبران سب مبارک باد کے مستحق ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اردو محفل پوری تاب و توانائی کے ساتھ اردو کی خدمت کرتی رہے گی۔
 

شمشاد

لائبریرین
میری طرف سے ناظمینِ اعلٰی کو بہت بہت مبارک۔

نیٹ کی دنیا میں “ اردو محفل “ ایک سنگِ میل کی حثیت رکھتی ہے۔

ایک سال میں اس محفل نے خاصی ترقی کی ہے، اور ہماری دعا ہے کہ آنے والے سالوں میں یہ مزید ترقی کرئے۔ آمین۔
 

نبیل

تکنیکی معاون
شارق اور بوچھی، مبارکبار کا بہت شکریہ۔

شمشاد بھائی، آپ بھی خاص شکریے کے حقدار ہیں کہ آپ نے محفل فورم کو اس مقام پر پہنچانے میں خاص کردار ادا کیا ہے۔
 

جیہ

لائبریرین
نبیل بہت بہت مبارک ہو۔ سچ پوچھو تو میرے پاس الفاظ نہیں کہ کچھ اور کہہ سکوں بس میں تو اس محفل میں شامل ہوکر فخر محسوس کر رہی ہوں
 

نبیل

تکنیکی معاون
جویریہ مسعود نے کہا:
نبیل بہت بہت مبارک ہو۔ سچ پوچھو تو میرے پاس الفاظ نہیں کہ کچھ اور کہہ سکوں بس میں تو اس محفل میں شامل ہوکر فخر محسوس کر رہی ہوں

جویریہ بہن، اور ہم پھولے نہیں سما رہے کہ آپ اس محفل میں شامل ہو گئی ہیں۔ :p
 
میری طرف سے ناظمینِ اعلٰی کو بہت بہت مبارک۔ :D

اللہ تعالی اس فورم کو اور ترقی دے (آمین)

مجھے بڑی خوشی ہے کہ صرف ایک سال کے عرصے میں اس فورم نے بہت کچھ کردکھایا اور انشاءاللہ بہت کچھ کرے گا ۔۔۔

:p :p
 

نبیل

تکنیکی معاون
بہت شکریہ عتیق۔ چلیں مبارکباد کے بہانے آپ نظر تو آئے۔ :D انشاءاللہ آپ سب کے تعاون سے ترقی کا یہ سفر جاری رہے گا۔
 

فرضی

محفلین
یقیناً مبارکباد کے مستحق ہیں نبیل بھائی جنہوں نے اس محفل کی بنیاد رکھی اور تمام ناظمین صاحبان جنہوں نے اس محفل کو اتنے احسن طریقے سے چلایا۔ بہوتوں کا خواب تھا نیٹ پر اردو لکھنا اور اردو محفل نے بہوتوں کا وہ خواب حقیقت میں بدل دیا۔
 

فریب

محفلین
مبارک ہو۔۔۔ سب دوستو اور خاص کر کے نبیل،زکریا اور آصف بھائی کو جن لوگوں کی محنت اور رہنمائی میں اردو ویب آج اس مقام پر پہنچا ہے ساتھ ساتھ استادِ محترم جناب اعجاز صاحب، سیدہ شگفتہ بہن، شمشاد، قیصرانی، ماوراء، محب ، رضوان، جویریہ اور دوسرے ارکان جنہوں نے لائبریری پراجکٹس کو اس مقام تک پہنچایا بھی وہ بھی اس کامیابی میں برابر کے شریک ہیں ہیں۔۔۔ میں جیسبادی، شارق مستقیم, شاہد احمد خان, ظفری, عامر, عتیق الرحمن, محمد شمیل قریشی, پاکستانی, پردیسی، دوست کو بھی مبارکباد دیتا ہوں جنہوں نے اس محفل پر بہت سے مشکل کام سرانجام دیے جیسے اردو تراجم وغیرہ اور ٹیکنالوجی وغیرہ کے متعلق امور ۔۔۔۔۔
 

ماوراء

محفلین
~~
محفل کی پہلی سالگرہ سب کو بہت مبارک ہو۔ لیکن حیرت کی بات ہے۔ پہلی سالگرہ پر ہی محفل اتنی بڑی ہو گئی ہے۔ میں تو دوسری سالگرہ کا سوچ سوچ کر پریشان ہو رہی ہوں۔ :p
ایڈمنز جتنی محنت اور لگن سے اس محفل کو چلا رہے ہیں۔ ظاہری سی بات ہے کہ ان کی محنت رنگ تو ضرور لائے گی۔
منتظمِ اعلٰی کو میری طرف سے بہت بہت مبارک ہو۔!
میری دعا ہے کہ یہ محفل آئندہ خوب ترقی کرے۔ اور اس کے ارکان اسی مخلص پن سے یہاں محنت جاری رکھیں۔ آمین۔
~~
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
السلام علیکم

نبیل بھائی

کچھ تفصیلی لکھنے کو دل چاہ رہا ہے لیکن وقت کی کمی کے سبب فی الحال مبارکباد ۔ آپ سب منتظمین اور تمام اراکین اور تمام قارئین کو مبارکباد ۔ ذرا جشن منا لیں تو کچھ اور خبریں بھی موجود ہیں :)
 

نبیل

تکنیکی معاون
جی شگفتہ بہن بہت شکریہ۔ اس فورم پر آپ کی موجودگی بھی ہمارے لیے ایک اعزاز ہے۔ ہمیں آپ کے تفصیلی مضمون کا انتظار رہے گا۔
 

قیصرانی

لائبریرین
بہت بہت مبارکباد اے دوستانٍٍ محفل۔ اردو کو ایک گھر مل گیا ہے انٹر نیٹ پر۔ کل میں نے پیغام لکھا تھا، پوسٹ بھی ہوا، ابھی میں نے یہ دھاگہ دوبارہ کھولا تو وہ غائب ہے :( مگر کوئی بات نہیں۔
مبارکباد کے اصل مستحق تو ایڈمن اور تمام دوستانٍ محفل ہیں۔ ہر بندہ کسی نہ کسی حوالے سے محفل کے لیے سرگرداں ہے۔ یہ اور بات ہے کہ کسی کی شرکت تھوڑی اور کسی کی زیادہ ہے۔ مگر اس طرح کے معاملے میں تولا نہیں جاتا، گنا جاتا ہے۔ تو ہر ممبر میرے لیے یکساں ہے۔ اس لیے ہم سب کو اس پہلی سالگرہ کی خوشی میں بہت بہت مبارکباد :birthday: :aadab:
بےبی ہاتھی
 

نبیل

تکنیکی معاون
بہت شکریہ منصور۔ تم کس دھاگے کی بات کر رہے ہو؟

میں یہاں تمہارا خاص طور پر شکریہ ادا کرنا چاہوں گا کہ تم نے بہت تھوڑے عرصے میں ہی اس فورم کے لیے بہت بیش قیمت کام کیا ہے۔ تم واقعی کام کرنے کے جن ہوں۔ :p
 
Top