آج کی خبریں

زین

لائبریرین
برطانیہ نے ہالینڈ کے انتہا پسند رکن پارلیمنٹ کو ملک میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا
مسلمانوں کی اکثریت انتہا پسندی اور تشدد کو مسترد کرتی ہے۔ برطانوی ہائی کمیشن
اسلام آباد .......... برطانوی ہائی کمیشن نے تصدیق کی ہے کہ برطانوی وزیر داخلہ نے ہالینڈ کے انتہا پسند رکن پارلیمنٹ گیرٹ ولڈرز کو برطانیہ میں داخلے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا ہے اور کہا ہے کہ مسلمانوں کی بھاری اکثریت انتہا پسندی اور تشدد کو مسترد کرتی ہے اور حقیقت میں نشانہ اکثر مسلمان بھی بنتے ہیں۔ بدھ کو برطانوی ہائی کمیشن کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ ناقابل قبول رویوں کے متعلق ہماری تشدد اکسانے والوں کے متعلق ہے جہاں وہ کسی بھی علاقے یا مذہب کے ماننے والے ہوں۔ ترجمان نے کہا کہ برطانیہ متنازعہ فلم ’’فتنہ‘‘کی مذمت کرتی ہے جس میں اسلام کو تشدد سے جوڑا گیا ہے جو قطعی غلط تصور ہے۔ ترجمان نے کہا کہ مسلمانوں کی بھاری اکثریت انتہا پسندی اور تشدد کو مسترد کرتی ہے اور حقیقت میں نشانہ اکثر مسلمان بنتے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
ہیلی کاپٹر میں سوار ہوتے وقت براک اوباما کا سر دروازے سے ٹکرا گیا
واشنگٹن ……ہیلی کاپٹر میں سوار ہوتے وقت اندازہ نہ ہونے کے باعث امریکی صدر براک اوباما کا سر دروازے سے ٹکرا گیا۔ امریکی حکام کے مطابق امریکی صدر براک اوباما جن کا قد 6 فٹ ایک انچ ہے، واشنگٹن سے میری لینڈ جانے کیلئے جب ہیلی کاپٹر میں سوار ہونے لگے تو ہیلی کاپٹر کے دروازے کا صحیح اندازہ نہ ہونے کے باعث داخل ہوتے وقت ان کا سر دروازے کی چھت سے ٹکرا گیا تاہم امریکی صدر معمولی چوٹ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے سر کو ہلکا سا سہلانے کے بعد میری لینڈ کیلئے روانہ ہو گئے۔ واضح رہے کہ براک اوباما کا اس ہیلی کاپٹر میں یہ پہلا سفر نہیں تھا بلکہ وہ پہلے بھی اس ہیلی کاپٹر میں کئی بار سفر کر چکے ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
واشنگٹن ڈی سی میں صدر اوباما کےلئے بندوق کی ڈیلیوری لے جانے والا گرفتار
واشنگٹن ........واشنگٹن ڈی سی میں صدر اوباما کےلئے بندوق کی ڈیلیوری لے جانے والے شخص کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق واشنگٹن ڈی سی میں پولیس نے ٹریفک بیریئر پر ایک گاڑی کو روکا جس کے ڈرائیور نے کہا کہ وہ واشنگٹن میں صدر اوباما کےلئے ڈیلیوری لے کر جا رہا ہے۔ پولیس کی مزید تفتیش پر مشتبہ شخص نے بتایا کہ اس نے گاڑی میں رائفل چھپا رکھی ہے اور ٹریفک بیریئر سے آسانی سے باہر نکلنے کےلئے اس نے یہ کہا کہ وہ صدر اوباما کےلئے ڈیلیوری لے کر جا رہا ہے۔ پولیس نے مذکورہ شخص کے خلاف واشنگٹن میں گن لے کر گھومنے کا مقدمہ قائم کر دیا۔ یاد رہے صدر اوباما کو امریکہ کے بعض معتصب گروپوں کی جانب سے صدارتی انتخابات کی مہم کے دوران متعدد بار دھمکیاں دی گئی۔ امریکہ میں 800 سے زائد معتصب نسلی گروپ متحرک ہیں جن میں کوکلس کلان اور آڑیا نیشنز نمایاں ہیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
نوبل انعام یافتہ رابندر ناتھ ٹیگور کے ہاتھ کا لکھا ہوا خط بنگلہ دیش سے مل گیا
ڈھاکہ .......... نوبل انعام یافتہ ادبی شخصیت ررابندر ناتھ ٹیگور کے ہاتھ کا لکھا ہوا خط بنگلہ دیش سے مل گیا۔ رابندر ناتھ ٹیگور کے ہاتھ کا لکھا ہوا چھ صفحات پر مشتمل خط بنگلہ دیش کے شمالی ضلع نائوگون کے گائوں پاتیسار سے ایک پرائیویٹ کلیکٹر سے ملا ہے۔ رابندر ناتھ ٹیگور میوزیم کی منتظم اعلیٰ ناہید سلطانہ کے مطابق مذکورہ خط رابندر ناتھ نے بولپور میں کسی کو لکھا تھا۔ بولپور بھارتی ریاست مغربی بنگال کا علاقہ ہے۔ اس خط میں ٹیگور نے لکھا ہے کہ اس کی تاریخ پیدائش 6 مئی 1861ء ہے جبکہ عام طور پر خیال کیا جاتا ہے کہ وہ 7 مئی 1861ء کو پیدا ہوئے۔ مذکورہ خط کے پہلے وارث رابندر ناتھ کی کشتی کا باورچی بتایا گیا ہے جس کے بیٹے نظر السلام نے خط کو مطیع الرحمان کو بیچا۔ مطیع الرحمان 2003 سے رابندر ناتھ ٹیگور سے وابستہ اشیاء کو جمع کر دیا ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
بھارت کی کچی بستیوں کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’’سلم ڈاگ ملین ایئر‘‘ نے بافٹا ایوارڈ کی تقریب کا میلہ لوٹ لیا
لندنبھارت کی کچی بستیوں کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم ’’سلم ڈاگ ملین ایئر‘‘ نے لندن کے اوپرا ہائوس میں منعقدہ بافٹا ایوارڈ کی تقریب کا میلہ لوٹ لیا۔ ڈائریکٹر ڈینی بوائے کی بنائی گئی فلم ’’سلم ڈاگ ملین ایئر‘‘ نے بہترین فلم اور بہترین ہدایت کار کے بافٹا ایوارڈ سمیت سات بافٹا ایوارڈ حاصل کر کے اداکار بریڈپٹ کی فلم ’’کیوریس کیس آف بنجمن بٹن‘‘ کو پیچھے چھوڑ دیا جس کی تسلیم ڈاگ ملین ایئر کی طرح گیارہ کیٹا گریز میں نامزدگی ہوتی تھی تاہم مذکورہ فلم صرف تین ایوارڈ حاصل کرسکی جن میں پروڈکشن ڈیزائن، میک اپ اینڈ ہیئر، اورسپیشل ویژول ایفکٹس کے بافٹا ایوارڈ شامل ہیں۔ فلم سلم ڈاگ ملین ایئر نے بہترین فلم، بہترین ہدایت کار، بہترین ایڈابٹڈ سکرین پلے، بہترین سائونڈ، بہترین ایڈیٹنگ، بہترین سینما فوٹوگرافی اور بہترین میوزک کے بافٹا ایوارڈ لے کر آسکر اکیڈمی ایوراڈز کیلئے اپنی جگہ کو اور مضبوط کردیا۔ بہترین اداکار بافٹا ایوارڈ فلم ’’دی ریڈز‘‘ پر اداکارہ کیٹ ونسٹ کو ملا، بہترین معاون اداکارہ مچانل پے کروز کو دیا گیا۔ آئوٹ سٹینڈنگ برطانوی فلم ’’مین آن وائر‘‘ قرار پائی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
کوسٹاریکا میں کاروں کو عبور کرنے والا امریکی شعبدہ باز0 میٹرز کی بلندی سے گر کر ہلاک ہوگیا
سان جوز ........کوسٹاریکا کے دارالحکومت میںکھڑی کاروں کو عبور کرنے والا امریکی شعبدہ بازجریمی لسک 10 میٹرز کی بلندی سے گر کر ہلاک ہوگیا۔ امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق3 سالہ جریمی لسک کار کے ذریعے رات گئے 24 ہزار تماشائیوں کی موجودگی میں کھڑی کاروں کو 10 میٹر کی بلندی سے عبور کرنے کا مظاہرہ کر رہا تھا کہ اسی دوران نیچے جاگرا تاہم دماغ پر شدید چوٹ کے باعث بے ہوش ہوگیا۔ چیف سرجن جنرل نے بتایا کہ جریمی کے دماغ میں سوجن ہوگئی تھی اور شعبہ انتہائی نگہداشت میں کئی گھٹوں کی بے ہوشی کے بعد دم توڑ گیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ جریمی نو کوسٹاریکا میں گزشتہ ایکس نائیٹس کے کاروں کو عبور کرنے کے مقابلہ میں تمغہ حاصل کیا تھا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
جوڑوں اور دیگر جسمانی دردوں میں موسیقی سننے سے آفاقہ حاصل ہوتا ہے۔ جدید طبی تحقیق
لندن ........جدید طبی تحقیق کے مطابق موسیقی سننے سے جوڑوں کے شدید دردوں کے علاوہ جسم کے دیگر دردوں سے افاقہ حاصل ہوتا ہے۔ یہ تحقیق اوہوئی یونیورسٹی کے طبی ماہرین نے منعقد کی، جس میں ایک ہفتہ تک روزانہ مریضوں کو موسیقی سنائی گئی۔ اس تجربے سے مریضوں کے درد ڈپریشن اور عارضی معذوری میں کمی واقع ہوئی۔ تجربے کے بعد مریضوں نے بتایا کہ وہ خود کو پہلے سے زیادہ بہتر محسوس کرتے ہیں اور ان کے ڈپریشن میں بھی خاطر خواہ کمی واقع ہوئی ہے۔ اس تجربے میں افریقہ ، امریکہ سمیت دیگر اقوام سے تعلق رکھنے والوں کو شامل کیا گیا جن کی تعداد 60 تھی۔ بعدازاں اس تجربے کو 6 ماہ دوراینے تک جاری رکھا گیا جس میں دردوں کی شدت میں کمی کے ساتھ ساتھ مریضوں کا لیبارٹری تجزیہ بھی کیا گیا۔ اس تجربے میں میوزک کا انتخاب مریضوں کی پسند کے مطابق تھا۔ رپورٹ کے مطابق مریضوں کے دردوں میں کمی کی شرح کے مطابق تھا۔ رپورٹ کے مطابق مریضوں کے دردوں میں کمی کی شرح 20 سے 40 فیصد ڈپریشن میں کمی 27 سے 67 تک نوٹ کی گئی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
تمباکو، پان، چھالیہ، کٹکا اور نسوار کے استعمال سے گلے اوردماغ کے سرطان میں اضافہ ہو رہا ہے۔ طبی ماہرین
کراچی ........طبی ماہرین نے کہا ہے کہ سگریٹ ، چھالیہ، نسوار اور تمباکو سے متعلق دیگر نشہ آور مصنوعات کے استعمال سے دماغ اور گردن کا سرطان لاحق ہو سکتا ہے۔ آغا خان یونیورسٹی کراچی کی طرف سے جاری ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق گذشتہ 16 سال کے دوران 15 ہزار سرطان کے مریضوں میں سے 83 فیصد مریض ایسے تھے جو یہ اشیاء استعمال کر رہے تھے۔ یونیورسٹی کے شعبہ سرجری کے سینئر انسٹرکٹر ڈاکٹر شبیر اختر نے اس رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان میں سرطان کی بیماری کا 4 فیصد دماغ اور گلے کے سرطان پر مشتمل ہے اور عورتوں کی نسبت مردوں میں اس کی شرح زیادہ ہے۔ ان اعداد وشمار کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک بھر میں عوام کو آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان بیماریوں کی علامات سے عام آگاہ نہیں ہوتا جس کی وجہ سے ان پر بروقت توجہ نہیں دی جاتی۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
دل کے نومولود مریض بچوں کی سرجری سے زندگی کو لاحق خطرات کم ہو جاتے ہیں۔جدید طبی تحقیق
نیویارک .......... جدید طبی تحقیق کے مطابق پیدائشی طور پر دل کے مرض میں مبتلا بچوں کو عملی زندگی میں صحت کے مسائل کا زیادہ سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اگر بچپن میں ہی دل کی سرجری یا علاج معالجے کا اہتمام کر لیا جائے تو یہ بچے عملی زندگی میں بھر پور سرگرمیوں کے ساتھ شرکت کر سکتے ہیں۔ تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں ہر ایک ہزار پیدا ہونے بچوں میں سے 12 نومولود عارضہ قلب کا شکار ہوتے ہیں جن میں سے ایک تہائی بچوں کو زندگی کاخطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ ماہرین نے کہا ہے کہ بچوں کے دل کی سرجری جہاں والدین کیلئے پریشانی کا باعث بنتی ہے وہاں بچے کیلئے بھی یہ ایک مشکل صورتحال ہوتی ہے مگر عملی زندگی میں لاحق ہونے والے خطرات اس سے کہیں زیادہ خطر ناک ہو سکتے ہیں۔ بچوں کی سرجری سے متعلق 23 مختلف طبی تحقیقات میں عملی زندگی کے دوران ایڈجسمینٹ اور 12 تحقیقات میں زندگی کے معیار کے بارے میں نتائج کو مدنظر رکھ کر یہ فیصلہ کیا گیا کہ سرجری کرانا محفوظ اور بہتر عمل ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
وٹامن کا استعمال ذیابیطس کے مرض کو کم کر دیتا ہے۔ جدید طبی تحقیق
لندن .......... طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ روز مرہ کی خوراک میں وٹامن سی کا بھر پور استعمال ذیابیطس لاحق ہونے کے خطرے کو روک دیتا ہے۔ اس تحقیق سے قبل پھلوں اورسبزیوں کے استعمال سے ذبابیطس میں کمی کے شواہد بھی مل چکے ہیں۔ برطانیہ میں ہونے والی اس تحقیق میں 21 ہزار 831 صحت مند مرد اور خواتین جن کی عمریں 40 سے 70 سال کے درمیان تھیں ،کا تجزیہ کرنے کے بعد دیکھا گیا کہ وٹامن سی کا استعمال کرنے اور پھلوں اور سبزیوں کو روزانہ کھانے والوں میں ذیابیطس کے مرض سے بہت ہی کم خطرات لاحق تھے۔ طبی ماہرین نے کہا ہے کہ پھل اور سبزیوں قدرتی طور پر وٹامن سی کا ذریعہ ہیں، جبکہ وٹامن سی پر مشتمل سپلیمنٹ بھی اس عمل میں مفید ثابت ہوتے ہیں مگر ان میں شامل دیگر مصنوعی اجزاء کی وجہ سے ان کی افادیت نسبتاً کم ہوئی ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
آسٹریلیا میں بحری دفاعی مشقوں کے دوران شارک کے حملے میں بحریہ کا غوطہ خور زخمی
سڈنی ........آسٹریلیا میں بحری دفاعی مشقوں کے دوران شارک کے حملے میں بحریہ کا ایک غوطہ خور شدید زخمی ہوگیا۔ آسٹریلیا کے مقامی میڈیا کے مطابق بحریہ کے ایک عہدیدارنے بتایاکہ بدھ کو نیوی اہلکار سڈنی کے قریب سمندر میں زیر سمندر دفاعی ٹیکنالوجی مشق میں حصہ لے رہے ہیں نے بتایا کہ شارک مچھلی نے حملہ کرکے ایک غوطہ خور کو شدید زخمی کردیا۔ انہوں نے بتایا کہ زخمی اہلکار نے حفاظتی کشتی میں سوار ہونے سے قبل حملہ آور شارک کا بھرپور طریقے سے مقابلہ کیا ۔ ڈاکٹروں کے مطابق زخمی اہلکار کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
آئندہ دس سالوں تک ٹی وی سکرین آنکھوں کے کنٹیکٹ لینزجتنی جسامت کی بنالی جائے گی ۔ ماہرین کا دعوی
ٹیکساس .......... ماہرین نے آئندہ دس سال تک ایسی ٹیکنالوجی بنانے میں کامیاب ہوجائینگے جس کی مدد سے ٹیلی ویژن سیٹ ہی آنکھ کے کنیٹکٹ لینز کی طرح آنکھوں میں لگایاجاسکے گا۔ حالیہ رپورٹ کے مطابق ٹیکنالوجی تیار کرنے والی کمپنیوں کے مستقبل کے منصوبہ جات بنانے والے امریکی ماہرین ایان پیٹرسن نے ٹیکنالوجی کی کمپنیوں کو ٹی وی سکرین آنکھوں میں فٹ ہونے والے لینز میں بنانے کامشورہ دیا ہے ۔ پیٹرسن کے مطابق اداکاروں کے جذبات ‘ جیمز بانڈز کی فلمیں اور دیگر تفریحی مواد ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کی مدد سے اسے لینز میں منتقل کیاجائے گا اور یہ لینزآنکھوں میں لگائے جائیںگے۔ یہ لینز جسمانی حرارت سے چلین گے جبکہ ہاتھوں کی حرکات سے لینز میں دکھائے جانے والے مناظر کو روکاجاسکے گا۔ پیٹرسن نے بتایاکہ ٹیکنالوجی دس سالوں تک قابل عمل ہوجائے گی اور ٹی وی کے شوقین صبح کے وقت ٹی وی کی سکرین جیسا لینز آنکھوں میں لگائیںگے جوکہ ضرورت کے مطابق شام کے وقت آنکھوں سے ہٹایاجاسکے گا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭

بھارت میں جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے ائیرشو کا آغاز ہوگیا
بنگلور ........بھارت کے شہر بنگلورمیں جنوبی ایشیا کے سب سے بڑے ائیرشو کا آغاز ہوگیا‘ عالمی اقتصادی بحران کے باوجود ائیرشو میں00 سے زائد دفاعی وخلائی کمپنیاں شرکت کررہی ہیں‘ پانچ روزہ ائیرشو میں پاکستان کو شرکت کی دعوت نہیں دی گئی جبکہ چین پہلی بار بھارتی ائیرشو میں حصہ لے رہا ہے ۔ اخبارنویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے بھارتی دفاعی پیداوار کے سیکرٹری پردیپ کمار نے کہا ہے کہ ہم نے شو میں پاکستان کو شرکت کی دعوت نہیں دی ہے تاہم بھارتی سیکرٹری نے وجوہات کے بارے میں کچھ نہیں بتایا۔ اندرونی اقتصادی ‘ سماجی مسائل کو نظرانداز کرتے ہوئے بھارت نے کہا ہے کہ وہ دفاعی اخراجات میں کمی نہیں کرے گا اس کے برعکس بھارتی حکومت نے اگلے تین سالوں میں دفاعی معاہدوں کیلئے 30 ارب ڈالر مختص کرنے کی منصوبہ بندی کی ہے ۔ بھارتی وزیردفاع اے کے اشونی کاکہنا ہے کہ دفاعی اخراجات میں کمی پر کوئی سودے بازی نہیں کی جائے گی نہ ہی اقتصادی بحران کے پیش نظر دفاعی بجٹ میں کٹوتی کا کوئی پروگرام ہے۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی خواتین کا عالمی دن (آج) منایا جائے گا
یوم خواتین منانے کا مقصد زندگی کے مختلف شعبوں میں موجود خواتین کی صلاحیتوں اور کاوشوں کا اعتراف کرنا ہے
# اسلام آباد ........دنیا بھر کے ساتھ ساتھ پاکستان میں بھی خواتین کا عالمی دن (آج) منایا جا رہا ہے۔ قومی سطح پر ہر سال 12 فروری کو یوم خواتین منانے کا مقصد زندگی کے مختلف شعبوں میں موجود خواتین کی صلاحیتوں اور کاوشوں کا اعتراف کرنا اور انہیں داد تحسین دینا ہے۔ ملک بھر میں قومی یوم خواتین کے موقع پر خواتین کی بہبود سے متعلقہ وزارت اور نجی و سرکاری تنظیمیں مختلف تقریبات، سیمینارز اور ورکشاپس کا اہتمام کر رہی ہیں۔ ویمن ایکشن فورم (ڈبلیو اے ایف) خواتین کے مسائل اور ان کی بہبود کے حوالہ سے (آج) جمعرات کو دارالحکومت اسلام آباد کی نوماد آرٹ گیلری میں دو دستاویزی فلمیں چلانے کے ساتھ پینل ڈسکسشن کا اہتمام کر رہی ہے۔ سول سوسائٹی تنظیم انسانی حقوق اتحاد کے تعاون سے ایک روزہ سیمینار منعقد کر رہی ہے۔ سیمینار کا موضوع ’’مذہب کے نام پر انتہا پسندی اور تشدد‘‘ ہے۔ اس سیمینار میں سوات اور قبائلی علاقوں میں درپیش حالات سے متاثرہ خواتین کی حالت زار سے متعلق بحث کرنا ہے۔ قومی یوم خواتین 1983ء میں خواتین کے گروپ کے ساتھ ہونے والے تشدد اور اس کے مقابلہ میں خواتین کی بہادری دکھانے کی یاد میں منایا۔ صدر ضیاء الحق کے دور حکومت میں حدود اور زنا آرڈیننس کے خلاف خواتین نے پرامن مظاہرہ کیا اور چیف جسٹس کو پٹیشن پیش کی۔ اس بناء پر انہیں پولیس تشدد اور قیدو وبند کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑیں۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
دنیا کی بڑی موبائل فون بنانے والی کمپنی نوکیا مالیاتی بحران کی زد میں آ گئی
ہلسنکی ........دنیا کی موبائل فون بنانے والی سب سے بڑی کمپنی نوکیا بھی مالیاتی بحران کی زد میں آ گئی۔ کمپنی نے فن لینڈ کے شہر جے وائسکیلی میں اپنی برانچ بند کرتے ہوئے 400 ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ کمپنی کے ہیڈ کوارٹر کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حالیہ مالیاتی بحران کے بعد کمپنی نے فن لینڈ میں ریسرچ اور ترقیاتی آپریشنز کو ازسر نو منظم کرنے پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا ہے اس کے علاوہ مالی مشکلات کی وجہ سے مختلف مراکز سے 400 سے زائد ملازمتیں ختم کر دی جائیں گی۔ کمپنی نے فن لینڈ کے شہر جے وائسکیلی میں برانچ بھی بند کرنے کا ناخواشگوار فیصلہ کیا ہے۔ گزشتہ ماہ موبائل فون سیٹ کی قیمتوں میں کمی سے فروخت کا سلسلہ رک گیا جس سے کمپنی کو سخت مالی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
بھارتی پولیس نے شان رسالتؐ میں گستاخی پر معروف اخبار کے ایڈیٹر اور پبلشر کو گرفتار کر لیا
کولکتہ ........بھارتی پولیس نے شان رسالتؐ میں گستاخی اور مسلمانوں کے دینی جذبات مجروح کرنے پر معروف انگریزی اخبار ’’سٹیٹمین‘‘ کے ایڈیٹر اور پبلشر کو گرفتار کر لیا۔ بھارت کے مختلف شہروں میں مسلمانوں کے شدید مظاہروں کے بعد بدھ کو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایڈیٹر اور پبلشر کو حراست میں لے لیا۔ اخبار نے اپنی حالیہ اشاعت میں مسلمانوں کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے تھے۔ اخبار نے اپنے ایک مضمون میں حضورؐ کی شان میں گستاخی کی جسارت کی تھی، جس پر کولکتہ اور کئی دیگر شہروں میں مسلمان سراپا احتجاج بن گئے تھے۔ ریاست مغربی بنگال کے دارالحکومت کولکتہ کے چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ ایس ایس آنند کی عدالت میں مقدمے کے اندراج کے بعد سٹیٹمین کے پبلشر آنند سنہا اور ایڈٹر ریوندر کمار کو حراست میں لے لیا۔
٭٭٭٭٭٭٭٭
مہاتما گاندھی سے وابستہ اشیاء کی نیلامی آئندہ ماہ لندن میں ہو گی
لندن ........مہاتما گاندھی سے وابستہ اشیاء کی نیلامی آئندہ ماہ لندن میں ہو گی۔ ذرائع کے مطابق مہاتما گاندھی کی جیبی گھڑی، پینے کا پیالہ اور ایک پلیٹ نیلامی کی اشیاء میں شامل ہوں گی۔ مذکورہ اشیاء گاندھی نے 1948ء میں اپنی موت سے 6 سال قبل خود اپنی پڑپوتی ابھا گاندھی کو دی تھیں۔ ذرائع کے مطابق مہاتما گاندھی کی عینک جو انہوں نے اس وقت کے بھارتی کرنسل مشری دیوان نواب کو یہ کہتے ہوئے دی تھیں کہ اس عینک نے مجھے آزاد بھارت کی بصیرت عطا کی نیلامی کا حصہ ہے جبکہ گاندھی کے وہ چپل بھی نیلامی میں رکھے جائیں گے جو 1931ء میں برطانوی فوجی افسر نے گول میز کانفرنس کے بعد اپنے پاس محفوظ کر لئے تھے۔ اس بات کا امکان ہے کہ گاندھی سے منسلکہ اشیاء 30 ہزار پائونڈ میں نیلام ہو جائیں گی۔
٭٭٭٭٭٭٭
 
Top