بڑے بھائی کی وفات پر۔۔۔۔

ایم اے راجا

محفلین
بڑے بھائی کی وفات پر۔۔۔۔

زندہ کیسے رہوں بتا مجھ کو
راہ جینے کی، آ دکھا مجھ کو
کون پوچھے گا حال اب میرا
ہوگا کس کو خیال اب میرا
درد کس کو بھلا سناؤں گا
زخم دل کا کسے دکھاؤں گا
کیسے کاندھوں پہ تُو بٹھاتا تھا
ناز سو سو مرے اٹھاتا تھا
روٹھتا تھا تو تُو مناتا تھا
پیار کے گیت بھی سناتا تھا
کس کو بھائی بڑا کہوں گا میں
ساتھ کس کے چلا کروں گا میں
یاد تیری بہت رلاتی ہے
رات بھر یہ مجھے جگاتی ہے
اتنی ہمت کہاں سے لاؤں میں
یاد دل سے تری بھلاؤں میں
بھول جانا تجھے نہیں بس میں
دل مرا ہے مگر نہیں بس میں
اتنا نہ بد نصیب ہوتا میں
وقتِ رخصت قریب ہوتا میں
کام ایسا میں کاش کر جاتا
ساتھ تیرے ہی میں بھی مر جاتا
پیش ہیں پھول کچھ دعاؤں کے
دل سے اٹھتی ہوئی صداؤں کے
ہو نہ میلا کبھی کفن تیرا
صورتِ گل رہے بدن تیرا
خوف کوئی تجھے ستائے نہ
تجھ پہ سختی ذرا بھی آئے نہ
زندہ ہر اک ادا رہے تیری
لحد روشن سدا رہے تیری
رحمتوں کا نزول ہو تجھ پر
خوش خدا اور رسول ہو تجھ پر
( ایم اے راجا)
 

فاتح

لائبریرین
اللہ تعالیٰ آپ کے بھائی کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور آپ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
 
اللہ سبحان تعالی جل جلالہ مرحوم کیلئے آخرت کی سب منازل آسان فرما کر ان کے درجات بلند اور عزیز و اقارب و لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائیں ۔ آمین ۔
 

ناعمہ عزیز

لائبریرین
لالہ میری دُعا ہے اللہ تعالیٰ آپ کو صبرجمیل عطا کرے، اور آپ کے بھیا کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے ، ان کے درجات کو بلند کرے۔ آمین ۔ ثم آمین
 

محمد امین

لائبریرین
آپکی منظوم دعاؤں کو اللہ قبول فرمائے، آمین۔ اللہ ان پر بے حساب رحمتوں کا نزول فرمائے اور جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔
 

الف عین

لائبریرین
اللہ تعالٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔ اچھی نظم ہے۔ اصلاح نہیں کر رہا۔ ویسے ایک شعر میں قوافی گڑبڑ ہیں، خود غور کر لو،
 

ایم اے راجا

محفلین
اللہ تعالٰ ان کے درجات بلند فرمائے۔ اچھی نظم ہے۔ اصلاح نہیں کر رہا۔ ویسے ایک شعر میں قوافی گڑبڑ ہیں، خود غور کر لو،
آمین، بہت شکریہ استاد محترم۔
بھول جانا تجھے نہیں بس میں
دل مرا ہے مگر نہیں بس میں
یقینن آپ کا اشارہ اس شعر ہی کی طرف ہوگا، دراصل یہ شعر ایسے ہی کہا اور اول مصرعہ کا قافیہ مصرعہ ثانی میں نہیں لا سکا، اس لیئے دونوں مصرعوں میں " نہیں کو ہی بطور قافیہ تصور کر لیا، مزید آپکو اجازت ہے بطور استاد اصلاح کرنے کی، نہ جانے کیوں اسے اصلاح والے دھاگے میں پوسٹ نہ کر سکا۔
یقین کریں کے یہ غزل اسوقت وارد ہوئی جب میں بھائی کی قبر پر شام کو بیٹھا تھا اور میں نے سیل فون میں ٹائپ کر لی تھی، صرف چند اشعار کا بعد میں اضافہ کیا ہے۔
 

محمد وارث

لائبریرین
راجا صاحب، اللہ تعالیٰ آپ کے برادرِ بزرگ کو جوارِ رحمت میں جگہ دیں، بہت افسوس ہوا تھا یہ جان کر۔

اور بہت خوب منظوم ہدیہ آپ نے پیش کیا ہے ان کیلیے، جزاک اللہ۔
 

محمداحمد

لائبریرین
بہت دلگداز کلام ہے۔ آنکھیں نم ہوگئیں پڑ ھ کر۔ اللہ آپ کے بھائی کی مغفرت فرمائے اور آپ کو صبرِ جمیل عطا فرمائے ۔
 

مغزل

محفلین
پیارے رقّت طاری ہوگئی منظوم خراجِ عقیدت و اظہار پڑھ کر۔ اللہ سخن خرامیوں کا سفر جاری کرے آمین ۔خوش رہو
 

غ۔ن۔غ

محفلین
آپ کے ایک ایک لفظ سے آپ کا دکھ عیاں ہے۔۔۔۔
خدا آپکی دعاؤں کو شرف قبولیت بخشے اور آپکے زخموں پہ اپنے کرم سے مرہم رکھے آمین
آپکے اشعار کی روانی اور اپنے جذبات و احساسات کو الفاظ کی لڑی میں پرونے کی خوبی اور مہارت پر
آپ کو داد پیش کرتی ہوں۔
 
Top