نبیل
تکنیکی معاون

السلام علیکم،
اگرچہ اردو زبان میں فورم اور بلاگ بنانے کے لیے کئی اچھے سوفٹویر منظر عام پر آ چکے ہیں لیکن کسی ایسے آسان کونٹینٹ منیجمنٹ سسٹم کی کمی محسوس کی جاتی رہی ہے جس کی مدد سے ایک عام استعمال کی اردو ویب سائٹ بنانا ممکن ہو۔ اگرچہ اردو جملہ 1.0.12 کی شکل میں ایک اچھا اردوکونٹینٹ منیجمنٹ سسٹم موجود ہے لیکن جملہ کے استعمال میں پیچیدگی اس کی مقبولیت کی راہ میں حائل رہی ہے۔
کچھ عرصہ قبل محفل فورم کے ایک رکن قہار علی شاہ رند نے ایک اور مقبول کونٹینٹ منیجمنٹ سسٹم پی ایچ پی فیوژن کی لینگویج فائلوں کا اردو ترجمہ فراہم کر دیا تو اس سے اس سوفٹویر کے اردو پیکج کی تیاری کا رستہ ہموار ہو گیا۔ اور آج میں آپ کے سامنے پی ایچ پی فیوژن کا اردو پیکج پیش کر رہا ہوں۔ پی ایچ پی فیوژن میں اردو کسٹمائزیش کے لیے ذیل کی تبدیلیاں کی گئی ہیں:
- ڈیٹا بیس ہینڈلنگ میں یونیکوڈ کے اعتبار سے تبدیلیاں
- ایڈٹ ایریاز میں اردو اوپن پیڈ انٹگریشن
- اردو یوزر نیم کی گنجائش
- وزی وگ ٹائنی ایم سی ایڈیٹر میں اردو لکھنے کی سپورٹ
- سٹائلز کی اردو کسٹمائزیشن
پی ایچ پی فیوژن استعمال میں جملہ کی نسبت قدرے آسان ہے اور اس کی خاص بات یہ اس کے ساتھ انسٹال ہونے والی فیچرز کی تعداد ہے۔ پی ایچ پی فیوژن کی ڈیفالٹ انسٹالیشن میں نیوز منیجمنٹ، فورم، تصاویر کی گیلری، روابط کی ڈیٹابیس اور شاؤٹ باکس وغیرہ شامل ہیں۔ جملہ کی ڈیفالٹ انسٹالیشن میں صرف نیوز منیجمنٹ شامل ہوتی ہے اور باقی تمام فیچرز کے لیے علیحدہ ایکسٹینشن انسٹال کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ ذیل میں اردو پی ایچ پی فیوژن کی انسٹالیشن اور سیٹ اپ کی تفصیل درج ہے:
نوٹ
اس بات کا خیال رکھیں کہ اردو پی ایچ پی فیوژن کے درست آپریشن کے لیے ذیل کی شرائط ضروری ہیں:
- اس کی ڈیٹابیس کی کولیشن utf8_unicode_ci ہو
- ویب ہوسٹ پر پی ایچ پی کی mbstring ایکسٹنیشن انسٹال ہوئی ہوئی ہو
اردو پی ایچ پی فیوژن انسٹال کرنے کے لیے اس کی تمام فائلیں ویب ہوسٹ کی روٹ میں کاپی کریں اور اپنے ویب براؤزر کے ذریعے اس کے یوآرایل کو وزٹ کریں۔ اس طرح ذیل کی تصویر کے مطابق اردو پی ایچ پی فیوژن کی انسٹالیشن کا آغاز ہو جائے گا۔

انسٹالیشن کے پہلے صفحے پر ڈیٹابیس کی تفصیلات فراہم کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ اس سے اگلے صفحے پر ایڈمن اکاؤنٹ کی تفصیلات شامل کی جاتی ہیں جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے:

اگلے صفحے پر انسٹالیشن مکمل ہونے کے بارے میں بتایا جاتا ہے اور setup.php کو ڈیلیٹ کرنے کے بارے میں ہدایت دی جاتی ہے۔

setup.php فائل کو حذف کرنے یا اس کا نام بدلنے کے بعد آپ اردو پی ایچ پی فیوژن کے صفحہ اول کی جانب آ سکتے ہیں۔

پی ایچ پی فیوژن کے سیٹ اپ میں تبدیلیاں کرنے کے لیے اس کے ایڈمن اکاؤنٹ سے لاگ ان کریں اور منتظم پینل ربط پر کلک کریں۔ اس طرح آپ ایڈمن سیکشن میں آجائیں گے۔ جیسا کہ ذیل کی تصویر میں دکھایا گیا ہے، پی ایچ پی فیوژن کے ایڈمن سیکشن میں ایک کثیر تعداد میں سیٹنگز کے ذریعے اس میں تبدیلیاں لانا ممکن ہے۔

میں یہاں ان آپشنز کی تفصیل میں نہیں جاؤں گا، البتہ چند بنیادی سیٹنگز کے بارے میں ذیل میں لکھ رہا ہوں۔
وزی وگ ایڈیٹر

پی ایچ پی فیوژن کی ڈیفالٹ انسٹالیشن میں اس کے نیوز ایڈیٹر میں سادہ ٹیکسٹ ایڈیٹر فعال کیا جاتا ہے۔ اس کی جگہ وزی وگ ایڈیٹر استعمال کرنےکے لیے ایڈمن سیکشن میں نظام کا انتظام پر کلک کریں۔

وہاں متفرقات سیکشن میں ٹائنی ایم سی ای ایڈیٹر کو منتخب کرکے نیوز ایڈیٹر میں وزی وگ ایڈیٹر فعال کیا جا سکتا ہے۔ میں نے پی ایچ پی فیوژن میں ٹائنی ایم سی ای ایڈیٹر کا اردو سپورٹ والا ورژن شامل کر دیا ہے۔ اس طرح وزی وگ ایڈیٹر میں اسی طرح آسانی سے اردو لکھنا ممکن ہو گیا ہے جیسے کہ اردو اوپن پیڈ میں اردو لکھی جا سکتی ہے۔
سائٹ یو آر ایل اور ای میل سیٹنگز

پی ایچ پی فیوژن کی انسٹالیشن کے بعد اس کے ایڈمن سیکشن میں سائٹ کا یوآرایل درست کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ اگر آپ یوزرز کی اردو پی ایچ پی فیوژن سائٹ پر رجسٹریشن کے لیے ای میل کی تصدیق کی شرط رکھنا چاہتے ہیں تو اس کے لیے smtp سرور کا ایڈریس اور اس کا یوزر نیم اور پاسورڈ فراہم کرنے کی ضرورت پیش آتی ہے۔ میں نے اس میں جی میل کی سیٹنگز استعمال کرنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ صحیح نہیں چلی تھیں۔ اس کے بعد میں نے اس کی جگہ خالی چھوڑ دی تو کنفرمیشن کی ای میل صحیح موصول ہونے لگی۔ اگر آپ کی سائٹ پر ای میل کنفرمیشن صحیح کام نہ کرے تو آپ اس کی شرط ختم کر سکتے ہیں اور صرف بصری تصدیق (visual confirmation) کی شرط باقی رکھ سکتے ہیں۔
اردو پی ایچ پی فیوژن ڈاؤنلوڈ کریں
اردو پی ایچ پی فیوژن کا ڈیمو ملاحظہ کریں