انٹرویو محمد احمد کا انٹرویو

محمداحمد

لائبریرین
کم گو مان لیتے ہیں، خشک مزاج نہیں یہ اب کچھ زیادہ ہوگیا،
کاسنی رنگ کا. وہ جو چھوٹا سا پھول اس کے بالوں میں ہے. کن خیالوں میں ہے. اور آویزے جو. جھلملاتے ہوئے اس کے کانوں میں ہیں. کن اڑانوں میں ہیں،
یہ خشک مزاجی تو نہیں
ہاہاہاہا۔۔۔!

یہ سب تو آپ لوگوں کو پتہ ہے۔ :)

ورنہ عام زندگی میں تو :

اُس نے کسی سے کہا نہیں وہ شعر بھی کہتا ہے
اِسی لئے تو لوگ سمجھتے ہیں اُس کو معقول

:) :) :)
 

محمداحمد

لائبریرین
نفیس، سُلجھے ہوئے،خوش اخلاق، عمدہ ذوق، مثبت اور تعمیری سوچ کے حامل محمداحمد کا شمار ایسے محفلین میں بجا طور پہ کیا جا سکتا ہے کہ جنھیں سب محفلین پسند کرتے ہیں۔معاملہ فہم، بحث و تکرار اور دل آزاری سے دُور محمد احمد اُن روایات کے امین ہیں جہاں آزادیٔ اظہارِ رائے سے زیادہ دوسروں کا احترام اور اُن کے جذبات و احساسات کو اہم جانا جاتا ہے۔

صاحبِ علم اور ادب شناس ہونے کے ساتھ ساتھ موصوف خود بھی عالیٰ پائے کے شاعر اور نثر نگار ہیں۔ ان کی شاعری کی بات ہو یا نثر کی، اداسی اور امید، دُکھ اور حوصلہ دونوں رنگ ملے جلے نظر آتے ہیں۔

یہ اداسیوں کا جو رنگ ہے، کوئی ہو نہ ہو مرے سنگ ہے
مرے شعر میں، مری بات میں، مری عادتوں میں، صفات میں

حوصلوں میں دراڑ ڈال کے دیکھ
پسِ ہر تہہ چٹان پڑتی ہے

کراچی میں رہتے ہوئے اُن کا ذہن دُور کبھی پہاڑوں کی سیر کرتا ہے اور کبھی صحراؤں کی۔

کسی پہاڑ کے ٹیلے پہ بیٹھ کر اک دن
کبھی چَراتے ہوئے بکریاں کتاب پڑھوں

کتب بینی کا شوق تو بے حد ہے لیکن ان کی بہت سی اچھی عادات میں سے ایک عادت یہ بھی ہے کہ خود نمائی سے بے حد کتراتے ہیں۔ سو ہم نہیں جان پاتے کہ آج کل کیا پڑھ رہے ہیں، کتنا پڑھ رہے ہیں اور کتنا کچھ پڑھ چکے ہیں۔ ہم ایک لڑی بنا بیٹھیں تو پوری اُردو محفل میں لاؤڈ سپیکر پہ اعلان کرتے پھرتے ہیں کہ اج ای ویکھو۔۔۔فلاں زمرے وچ ساڈی ودھیا لڑی۔۔۔۔ ویکھنا نہ بھُلنا۔۔۔۔۔ واجاں مار مار نہیں تھکدے۔:love: پر محمد احمد کئی برس تک اپنی بنائی لڑیاں چھُپا کے بیٹھے رہتے ہیں۔ کوئی خود سے دریافت کر لے تو کر لے۔ سو کئی خزانے یوں ہی پڑے رہ جاتے ہیں۔

خود کو صحیح سمت میں متحرک رکھتے ہیں ماشاءاللہ۔

آپ بھی احمدؔ فقط ناصح نہ بنئے کیجے کچھ
ہر ادا حسن ادا ہو ہر سخن حسن سلوک

اُن کی فکر کی پرواز بہت بلند ہے۔

مرا دل بھی تھا کبھی آئنہ کسی جام جم سے بھی ماورا
یہ جو گرد غم سے ہے بجھ گیا اسی آئنے میں فسوں بھی تھے

یہ مقام یوں تو فغاں کا تھا پہ ہنسے کہ طور جہاں کا تھا
تھا بہت کڑا یہ مقام پر کئی ایک اس سے فزوں بھی تھے

محمد احمدکو اگر دنیا میں کچھ چُننے کا موقع دیا جائے تو میرے خیال میں وہ چُنیں گے۔
وفا،مروت،خلوص و ایثار اور مہر و الفت۔

احمد اگر ایک طرف سنجیدہ طبیعت ہیں تو دوسری طرف شگفتگی بھی اُن کے مزاج کا حصہ ہے۔ اور آپ جانتے ہیں کہ پھر شگفتگی کس قدر دل پزیر ہو گی۔

احمد کے بارے میں ہم بجا طور پہ کہہ سکتے ہیں کہ احمد ایک مُحبِ اسلام، مُحبِ وطن اور مُحبِ امن انسان ہیں۔ اس دھاگے کے شروع میں لکھا گیا ہے کہ انھیں سب محفلین پسند کرتے ہیں تو ثبوت کے طور پہ ایک اور ہر دلعزیز شخصیت کی رائے دیکھتے ہیں۔
ظہیراحمدظہیر ، احمد کے لیے خاص ایک دھاگے میں یُوں اظہارِ خیال کرتے ہیں۔
محفلِ صد آہنگ میں یعنی کہ اس گلشنِ ہفت رنگ میں" ہوا کرتا تھا ایک طائرِ خوش نوا ، خوش رنگ و خوش ادا ، ہمدم و دمسازِ گل ، ہم فغانِ نالۂ بلبل ، سخن طرازِ بے مثال و نغمہ سنجِ باکمال کہ اسیر تھے اہلِ چمن جس کی شیرینیٔ گفتار کے ، زمزمہ ہائے محبت اوصاف تھے منقار کے ۔ اس عنقائے ہما مثال کی آسمانِ حرف پر پرواز تھی۔۔۔۔۔اردو محفل کے دیرینہ رکن اور لائبریرین ،محبوب اور ہر دلعزیز ، خلیق اور ملنسار اور صلح جو انسان ، میرے اور آپ کے پسندیدہ قلمکار۔۔۔۔۔۔

مجھے لگتا ہے کہ شاید ابھی تک ہم میں سے کسی نے احمد سے انٹرویو نہیں لیا۔ سو مریم افتخار نے یہ اعزاز مجھے سونپا ہے (کہ جس نے آج تک اردو محفل پہ نہ کسی سے انٹرویو لیا نہ دیا۔ :) )کہ آج میں محمد احمد کا انٹرویو لوں۔

تو آئیے چند سولات سے آغاز کرتے ہیں۔

بسمہ اللہ الرحمٰن الرحیم

سب سے پہلے تو میں بہت شکر گزار ہوں جاسمن بہن کا اور باقی انٹرویو ٹیم کا کہ اُنہوں نے اس خاکسار کے لئے اپنا قیمتی وقت صرف کیا۔ اردو محفل، دوستوں کی محفل ہے اور جو دوستانہ ماحول یہاں میسر ہے، شاذ ہی کسی اور پلیٹ فارم پر مل سکے۔ سو میں اس انٹرویو کو بھی آپس میں بات چیت اور مل بیٹھنے کا بہانہ سمجھ رہا ہوں۔ ورنہ من آنم کہ من دانم ! سچی بات تو یہ ہے کہ مجھ میں کوئی ایسی خاص بات ہرگز نہیں ہے کہ میں کسی کو انٹرویو دوں یا میرا انٹرویو لیا جائے۔ اور یہ ہرگز عاجزی انکساری نہیں ہے، بلکہ حقیتِ حال ہے۔ بہرکیف حسبِ فرصت و مہلت حاضر ہوں۔ آپ سب احباب کے سوالات کے جوابا ت دینے کی کوشش کرتا ہوں۔

سوالات کے جواب سے قبل میری طرف سے ایک اور معذرت قبول کیجے، اور وہ یہ کہ محفل میں کئی ایک احباب کے انٹرویوز وغیرہ ہوتے رہے ہیں لیکن میں ان میں خاطر خواہ حصہ نہیں لے سکا۔ جس کا مجھے قلق ہے۔ اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ میں محفل میں زیادہ تر اس طرح آتا ہوں کہ کم وقت میسر ہوتا ہے سو ہلکے پھلکے موضوعات تک محدود رہتا ہوں یا پھر نوٹیفیکشن کی انگلی پکڑ کر کہیں نہ کہیں پہنچ جاتا ہوں۔ اور تفصیل طلب اور وقت طلب زمرے رہ جاتے ہیں۔
 

محمداحمد

لائبریرین
1. محمد احمد! کچھ اپنے بارے میں بتائیے۔ اپنا پسِ منظر، تعلیم پیشہ وغیرہ
2. پڑھنے کا شوق تھا یا مجبوراً پڑھتے تھے؟
3. بچپن میں کس شخصیت سے متاثر تھے؟
4. اپنے بچپن کے بارے میں بتائیے۔ کیا شرارتیں کرتے تھے؟ کیا کیا کھیلتے تھے؟
5. کن اداروں میں تعلیم حاصل کی؟
6. بچپن میں بڑے ہو کے کیا بننے کا ارادہ تھا؟

جیسا کہ بہت سے محفلین جانتے ہیں، میری جائے پیدائش سندھ کا شہر میرپورخاص ہے۔سو میری ابتدائی تعلیم وہیں ہوئی۔ میرپورخاص شہر سے ہی گریجویشن کیا اور پھر اُس کے بعد کراچی آ کر بس گیا۔ یہاں بزنس ایڈمنسٹریشن میں داخلہ لیا اور جاب کے ساتھ ساتھ پڑھتا رہا اور ایم بی اے بھی مکمل ہو گیا۔ یوں گریجویشن سندھ یونیورسٹی سے مکمل ہوئی اور ایم بی اے علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی سے ۔

پڑھنے کا شوق تو بہت تھا اور اسکول میں بہت اچھے مارکس لیا کرتا تھا۔ لیکن کھیل بچوں کو پڑھائی سے زیادہ پیارا ہوتا ہے اس لئے امی کو ہمیں کھیل سے پڑھائی کی سمت راغب کرنے کے لئے کبھی کبھی جبر بھی کرنا پڑتا تھا۔ ابّا یا بڑے بھائی تو تھے ہی نہیں، تو سارے کردار امی کو ہی ادا کرنے ہوتے تھے، اور وہ اُنہوں نے بہت خوش اسلوبی سے نبھائے۔اب جب خود ماں باب بنے ہیں تو اندازہ ہوتا ہے کہ بچوں کی تربیت سب سے مشکل کام ہے اور ماں باپ اولاد کے پیچھے کس قدر جان گھلاتے ہیں تب جا کر کچھ معاملات بہتر ہوتے ہیں۔

بچپن میں کسی خاص شخصیت سے متاثر نہیں تھا کہ میری طبیعت کافی سادہ تھی اور ہمارا ماحول بھی سادہ ہی تھا۔ البتہ ہمدرد نونہال کے توسط سے حکیم سعید صاحب اور مسعود احمد برکاتی صاحب سے خاص اُنسیت تھی۔ اس کے علاوہ کرکٹ کے کھلاڑی اچھے لگتے تھے۔
شرارتی تو خیر میں بالکل نہیں تھا۔ اب بھی جو بزرگ رشتہ دار ملتے ہیں یہی کہتے ہیں کہ یہ بہت سیدھا بچہ تھا۔ :) اور کئی ایک لوگوں سے ایک ہی بات سن کر بیگم صاحبہ ہماری شکل دیکھتی ہیں۔ :)
البتہ کھیل بہت سے کھیلے۔ سب سے زیادہ تو کرکٹ ہی کھیلا اور پھر اس کے علاوہ وہ کھیل جو بچے گلی محلوں میں کھیلتے ہیں اُن میں سے بیشتر ہم نے بھی کھیلے۔ اور بچپن کا خوب لطف اُٹھایا۔ تاہم کوئی بھی کھیل پروفیشنلی کھیلنے کا کبھی خیال نہیں آیا۔

بڑے ہو کر کیا بننا ہے، ایسا کچھ نہیں سوچا تھا، البتہ جیسے بہت سے بچے جہاز کو دیکھ کر پائلیٹ بننے کی خواہش کا اظہار کرتے ہیں، ویسے ہی میں بھی کیا کرتا تھا۔ :) :)
 
سائیں قُرب کیو۔ ایں اے نہ کرو۔ اوھاں جی پارت ھُجے۔

موں کھی ھی انٹرویو شِنٹرویو نتھو اچے۔ :) :) :)

اوھاں مُڑس ماٹھو آھی۔ جلد از جلد محفل کھی بند کرائی ڈیو :) :) :)


سندھی کی ٹانگ توڑنے پر، سندھی زبان والوں سے صدہا معذرت
ہیں؟ آپ تو آج تک اردو کے علاوہ سبھی زبانوں سے ماورا لگے ہمیں۔۔۔
 
ہم تو محض یہ چاہ رہے تھے کہ آپ اپنی صلاحیتیوں کا لوہا اُن کے درست میدان میں آزمائیں۔ :)

لیکن ہمیں لگ یہ رہا ہے کہ آپ کو محفل کی دو فوق البرق رفتار ہستیوں سے ٹریننگ لینی چاہیے۔

بس ہم نے اُنہیں ٹیگ نہیں کیا۔

ع۔ وہ جان گئے ہوں گے، کیوں نام لیا جائے۔ :)
یہ دوسرا کون ہے!!!
 
ظہیر صاحب والے سوالات کا قابل تشفی جواب آ جائے پھر ان سوالات پر بھی نظر عنایت ہو:

  • 1۔ کتنے فیملی ممبرز ہیں اور آپ کس سے زیادہ قریب ہیں؟
  • 2۔ کوئی ایسی پسندیدہ ایکٹویٹی جو کرنے کے لیے باقی کام جلدی جلدی نمٹاتے ہیں؟
  • 3۔ لٹریچر سے پہلا تعارف کب اور کیسے ہوا؟
  • 4۔ کبھی کوئی ایسا واقعہ کہ آپ کے اردگرد کسی کو اچانک پتہ لگا ہو کہ آپ شاعر ہیں اور اس نے آپ کو نئی نظر سے دیکھا ہو؟
  • 5۔ کچھ عمر کی بہاروں کے بارے میں بتائیں گے کہ کتنی دیکھ چکے؟
  • 6۔ زیادہ تر حال میں رہتے ہیں یا مستقبل یا ماضی میں؟
  • 7- ٹائم ٹریول کا موقع ملے تو کس دور میں جائیں گے اور کیوں؟
  • 8۔ اگر اتنے پیسے آ جائیں جتنے آپ کو چاہئیں تو ایک آئیڈیل دن کیسے گزاریں گے اور سب سے پہلی چیز کیا خریدیں گے؟
  • 9۔ شعر کہنے کی کیفیت کیا عام کیفیات سے مختلف ہوتی ہے؟
  • 10۔ اپنے آرٹ ورک سے سیٹسفائی ہونا آسان ہے یا مشکل؟ اور پراسیس کیا ہوتا ہے؟
  • 11۔ بچوں کی کوئی پسندیدہ ایکٹوٹیز اور شرارتیں وغیرہ بتائیں۔
  • 12۔ اپنی پسندیدہ دس کتب کی فہرست بتائیں۔
  • 13۔ فلمیں یا ڈرامے کیا دیکھتے ہیں اور کیا ریکمنڈ کریں گے؟
  • 14۔ آپ کی کتاب حیات کے سر ورق پر عنوان کیا ہوگا؟
  • 15۔ محبت کیا ہے؟ اور زندگی سے یہ نکل جائے تو کیا رہ جاتا ہے؟
  • 16۔ شاعروں کے حلقے میں اٹھنا بیٹھنا ہوتا ہے؟ کیسے لوگ ہیں یہ؟ کیا کوئی محنت سے ان جیسا بن سکتا ہے یا یہ ودیعت شدہ ہے؟
  • 17۔ محفل کا سب سے اچھا دور کون سا تھا؟ کچھ اچھے محفلین ساتھیوں کو بھی ٹیگ کیجیے جن سے سہانی یادیں وابستہ ہیں۔
  • 18۔ آج کل کیا کام کر رہے ہیں اور ٹائم مینجمنٹ کے متعلق اب تک کیا سیکھ پائے ہیں؟
  • 19۔ کیا محفل کے بند ہونے کی کوئی معقول وجہ سمجھ میں آئی اور دل کو تسلی ہوئی؟ یا اگر بند نہیں ہونی چاہیے تو کوئی ایسی دلیل ہے جسے پاکستان سے باہر مانا جا سکے؟
  • 20۔ کیا آپ حساس ہیں؟ انٹروورٹ یا ایکسٹروورٹ میں سے آپ کا عمومی رویہ کیا ہے؟
  • 21۔ کوئی ایسا پکوان جس کی خوشبو سے ہی آپ کھل اٹھتے ہوں؟ یا ایسا صرف شعر سن کر ہی ہوتا ہے؟ ویسے کوئی اچھے شعر بھی سنائیے جن کو سن کر کبھی آپ کھل اٹھے ہوں!
  • 22۔ اردو محفل کا آپ کی زندگی میں کیا کردار ہے؟
  • 23۔ ابھی تک کتنا سفر کر چکے ہیں؟ (اردو اور انگریزی والا الگ الگ بتائیں)۔
  • 24۔ کبھی رفاہ عامہ کے کاموں میں وولنٹئیر کیا؟ دور طالب علمی میں کبھی ہم نصابی سرگرمیوں میں حصۃ لیتے رہے؟
  • 25۔ آپ کہتے ہیں کہ آپ خشک مزاج ہیں، حالانکہ اصیل خشک مزاج لوگ ایسے اعترافات سے باز رہتے ہیں۔ کبھی اپنے سے زیادہ خشک مزاج سے پالا پڑا؟ پھر کیسے اس کا مزاج تر کیا؟
  • 26- کبھی جانور پالے ہیں یا گارڈننگ وغیرہ کی ہے؟
  • 27۔ بچپن میں والدین سے متعلق کوئی ایسی یادیں تھیں جو اب مس کرتے ہیں؟
  • 28۔ اگر کہیں پرماننٹلی موو کرنا ہو تو دنیا کے کس شہر میں رہیں گے؟ اور وہاں جا کر نئے دوست بنائیں گے یا گوشہ نشین ہونے کو ترجیح دیں گے؟
  • 29۔ آپ کو آرٹ، سائنس، بزنس یا دیگر شعبہ جات میں سے کون سی چیز اپنی طرف کھینچتی ہے؟
  • 30۔ آپ کا پسندیدہ رنگ، پسندیدہ پھول، پسندیدہ زبان، پسندیدہ مشہور شخصیت اور پسندیدہ ریسٹورنٹ کون سے ہیں؟
  • 31- کون کون سی ان ڈور اور آؤٹ ڈور گیمز شوق سے کھیلتے او ر دیکھتے ہیں؟
 
آخری تدوین:

محمداحمد

لائبریرین
اپنے والدین کے بارے میں بتائیں۔
میرے والد کا انتقال بہت جلد ہو گیا تھا۔ اُس وقت میری عمر شاید ڈیڑھ دو سال رہی ہوگی۔ مجھے اُن کے بارے میں کچھ یاد نہیں، البتہ وہی کچھ جو امی سے اور دیگر رشتہ داروں سے سُنا۔ میرے والد کافی محبت والے تھے اور دھیمے مزاج کے تھے۔ تقریباً سب ہی لوگوں سے اُن کی تعریف سُنی ہے۔ امی گھریلو خاتون ہیں۔ تاہم انہوں نے ابو کے بعد ہم سب بہن بھائیوں کی ذمہ داری بہت ہی سلیقے سے نبھائی اور ہمارے لئے بہت سی قربانیاں بھی دیں۔ محنت بھی کی اور بہتر سے بہتر تربیت کے لئے بھی ہمیشہ کوشاں رہیں۔ یہ اُن کی ہی محنت ہے کہ ہم سب بہن بھائی معاشرے میں متوازن کردار کے ساتھ موجود ہیں۔ میری تین بہنیں ہیں اور چوتھا میں ہوں۔ اب ماشاء اللہ سب بہنیں اپنے اپنے گھر کی ہیں اور میں امی کے ساتھ رہتا ہوں۔
 

محمداحمد

لائبریرین
۱۔ آپ کے پسندیدہ شاعر اور ادیب کون ہیں؟
۲۔ آپ کی پسندیدہ گھومنے کی جگہیں ، پسندیدہ کھانے ، پسندیدہ لباس کیا ہیں؟
۳۔ آپ کا موجودہ بینک ، بیلنس ، اکاؤنٹ نمبر اور پاسورڈ کیا ہے؟
۴۔ اپنے آف شور اثاثہ جات کی تفصیل بیان کیجیے۔ کیا آپ کا نام پاجامہ لیکس ۔۔۔۔ معاف کیجیےگا ۔۔۔ پانامہ لیکس میں شامل تھا؟ اگر نہیں تھا تو کیوں نہیں تھا؟ آپ نے کون سے حفاظتی اقدامات کیے تھے؟ اگر سرِ عام بتانا پسند نہ کریں تو مجھے ذاتی پیغام میں بھیج دیجیے۔
۵۔ کرکٹ کا شوق کب اور کیسے ہوا؟ اور کیسے ختم ہوگا؟

ظہیر بھائی ان سوالات کا شکریہ!

میرے پسندیدہ شعراء کی فہرست تو کافی طویل ہے، یا یوں کہیے کہ مجھے اکثر معروف شعراء کا چیدہ چیدہ کلام پسند ہے۔ اگر نام لیا جائے تو اساتذہ کے علاوہ مجھے افتخار عارف، سلیم کوثر، جمال احسانی، عرفان صدیقی، انور شعور وغیرہ پسند ہیں۔ محفل کے شعراء کا نام اس لئے نہیں لکھ رہا کہ لوگ کہیں، اسے منہ دیکھے کی تعریف نہ سمجھیں۔ :) ادیبوں میں بھی یہ معاملہ ہے کہ کئی ایک لوگوں کو پڑھا اور اچھا لگا۔ اُسلوب کی بات کریں تو مجھے مختار مسعود، اور اشفاق احمد بہت پسند ہیں۔ مزاح میں یوسفی صاحب ، شفیق الرحمٰن اور کرنل محمد خان!

گھومنے پھرنے کا مجھے کچھ زیادہ شوق نہیں ہے اور نہ ہی بہت زیادہ مہلت ملی، اس لئے کوئی خاص جگہیں ایسی نہیں ہیں جو مجھے پسند ہوں۔ ہاں یہ ہے کہ ایسا ماحول جو قدرت سے قریب تر ہو وہ مجھے بہت پسند ہے۔ اب چاہے وہ ساحلِ سمندر ہو یا کسی دیہات کے نزدیک کوئی کھیت کھلیان، باغ وغیرہ۔ تاہم میرا گھومنے پھرنے کا اتفاق بہت کم ہی ہوتا ہے۔

پسندیدہ کھانے بہت سے ہیں، بلکہ زیادہ تر کھانے مجھے پسند ہیں اور شوق سے کھاتا ہوں۔تاہم چونکہ میرا کہیں آنا جانا نہیں ہوتا تو دیسی کھانوں کا ہی شوقین ہوں۔ جو کھانے لوگوں کو عام طور پر پسند ہوتے ہیں ان کے علاوہ مجھے آلو کی قتلیاں بہت پسند ہیں (بشرط یہ کہ آلو اچھے ہوں) ۔ سبزیوں میں گوبھی، بھنڈی، سردیوں میں آنے والی سبزیاں سب ہی میں شوق سے کھاتا ہوں۔ جی وہی ترکاریاں :) ۔ اس کے علاوہ انڈوں سے بننے والی سب ہی ڈشیں، پائے ،کلیجی اور بیگم کے ہاتھ کی بنی ہوئی بریانی بھی۔ ویسے سب چیزیں ہی شوق سے کھاتا ہوں ، شاید ہی کوئی کھانا ایسا ہو کہ جو گھر میں پکتا ہو اور میں نہ کھاتا ہوں۔ بچپن میں کریلے نہیں کھاتا تھا، لیکن اب وہ بھی اچھے لگتے ہیں۔ :) :)

میرا موجودہ بینک بیلینس ۔۔۔۔۔۔ ! کیوں بتاؤں ؟ :ROFLMAO: :LOL:

پانامہ لیکس تو بہت دور کی بات ہے، میرا نام تو محفلی لیکس تک میں نہیں آیا۔ ارے وہی جس لڑی نے ہم سے پردہ فرما لیا۔ :) :) :)

کرکٹ کا شوق بچپن میں بہت تھا، جب کچھ نہیں کرتے تھے تو کرکٹ ہی کھیلتے تھے۔ پھر اُس کے بعد دیکھنے کی حد تک رہ گیا اور یہ دورانیہ بہت طویل ثابت ہوا۔ تاہم اب یہ معاملہ تقریباً ختم سمجھیے۔ اس بات کا اندازہ آپ اس بات سے کر سکتے ہیں کہ اس بار پی ایس ایل کی ایک بال بھی میں نے نہیں دیکھی۔ :) :) :)
 

محمداحمد

لائبریرین
ہیں؟ آپ تو آج تک اردو کے علاوہ سبھی زبانوں سے ماورا لگے ہمیں۔۔۔

ہاہاہاہا۔۔۔۔! بقول ظہیر بھائی کے یہ سُوڈو سندھی ہے۔ :)

ویسے میں سندھی کے چار چھے فقرے بول لیتا ہوں، اور کافی حد تک سمجھ لیتا ہوں۔ پنجابی بھی روز مرہ کی گفتگو ہو تو کافی حد تک سمجھ آ جاتی ہے، لیکن لکھی ہوئی سمجھنا کچھ دشوار ہوتا ہے۔
 

جاسمن

لائبریرین
میرے والد کا انتقال بہت جلد ہو گیا تھا۔ اُس وقت میری عمر شاید ڈیڑھ دو سال رہی ہوگی۔ مجھے اُن کے بارے میں کچھ یاد نہیں، البتہ وہی کچھ جو امی سے اور دیگر رشتہ داروں سے سُنا۔ میرے والد کافی محبت والے تھے اور دھیمے مزاج کے تھے۔ تقریباً سب ہی لوگوں سے اُن کی تعریف سُنی ہے۔ امی گھریلو خاتون ہیں۔ تاہم انہوں نے ابو کے بعد ہم سب بہن بھائیوں کی ذمہ داری بہت ہی سلیقے سے نبھائی اور ہمارے لئے بہت سی قربانیاں بھی دیں۔ محنت بھی کی اور بہتر سے بہتر تربیت کے لئے بھی ہمیشہ کوشاں رہیں۔ یہ اُن کی ہی محنت ہے کہ ہم سب بہن بھائی معاشرے میں متوازن کردار کے ساتھ موجود ہیں۔ میری تین بہنیں ہیں اور چوتھا میں ہوں۔ اب ماشاء اللہ سب بہنیں اپنے اپنے گھر کی ہیں اور میں امی کے ساتھ رہتا ہوں۔
اللہ پاک آپ کے والد صاحب کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور والدہ صاحبہ، بہنوں اور آپ سب کو ڈھیروں خوشیاں اور آسانیاں عطا فرمائے۔ والدہ صاحبہ کو چلتے ہاتھ پاؤں رکھے اور کسی کا محتاج نہ کرے۔ آمین!
 
اللہ پاک آپ کے والد صاحب کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور والدہ صاحبہ، بہنوں اور آپ سب کو ڈھیروں خوشیاں اور آسانیاں عطا فرمائے۔ والدہ صاحبہ کو چلتے ہاتھ پاؤں رکھے اور کسی کا محتاج نہ کرے۔ آمین!
آمین ثم آمین!!!
 
Top