ہفت اقسام از محمد خلیل الرحمٰن

ہفت اقسام
محمد خلیل الرحمٰن

"صحیح است و مثال است و مضاعف
لفیف و ناقص و مھموز و اجوف"

یہی مشہور ہفت اقسام ہیں جی!
سًنائیں آپ کو تفصیل اِن کی

صحیح ہے وہ جو ھمزہ اور نہ علت
یہی ہے ایسے کلموں کی جبلت

اگر ہوں یا، الف یا واؤ جس میں
تو ان کلموں کی ہیں بس تین قسمیں

انہیں معتل سبھی گردانتے ہیں
یہی معلول ہیں ہم جانتے ہیں

مثال ایسا کہ علت سب سے پہلے
مگر ناقص میں یه آخر میں آئے

ہے اجوف جس میں علت درمیاں میں
یه کیسی چاشنی آئی زباں میں

اگر کلمے میں دو علت در آئیں
لفیف ایسے وہ کلمے کو بنائیں

مثال و اجوف و ناقص یہی ہیں
یہی ہیں معتلِ خالص یہی ہیں

اگر کلمے میں ھمزہ آرہا ہے
یہی مھموز بھی کہلا رہا ہے

مضاعف ایسا کلمہ ہوگا جس میں
کہیں دو حرف اِک جیسے ہی آئیں

یہی تفصیل ہفت اقسام کی ہے
جو ہم نے آج طشت از بام کی ہے​
 
آخری تدوین:
Top