تازہ کاوش

اک خموشی ہے بس زباں میری
خالی پنا ہے داستاں میری

بھیڑ ہر سمت چیختی ہے مگر
ایک تنہائی رازداں میری

اس کی رخصت کا فیصلہ ہے اٹل
ساری منت ہے رائیگاں میری

بس کسی طور اک سکوں کی گھڑی
عرض اتنی اے مہرباں میری

قریہ قریہ ہے تیرے حسن کا شور
کوچہ کوچہ ہے داستاں میری

غائتِ حاضری بتاؤں کیا
نہیں حالت سے کیا عیاں میری

سانس آتی ہے سانس جاتی ہے
زندگی اور ہے کہاں میری

یاد اس کی سدا جوان رہے
ہے دعا اتنی ایزداں میری

مسکراتے ہوئے بھی ڈرتا ہوں
ہے شکیل ایسی داستاں میری
محترم الف عین
محمد خلیل الرحمٰن
اور دیگر احباب و اساتذہ کی نظر
 
مدیر کی آخری تدوین:

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
واہ! اچھے اشعار ہیں ۔
مطلع ٹھیک نہیں ہے شکیل بھائی ۔ خالی پن بالکل غیرشاعرانہ ہے ۔ اور خالی پنا تو کسی طور شعر کے لائق نہیں ۔ یہ لفظ کہاں سے سن لیا آپ نے؟! :):):)
 
میرے خیال میں یہ پنا ہندی والا ہے، صفحے والا؟؟؟
 
واہ! اچھے اشعار ہیں ۔
مطلع ٹھیک نہیں ہے شکیل بھائی ۔ خالی پن بالکل غیرشاعرانہ ہے ۔ اور خالی پنا تو کسی طور شعر کے لائق نہیں ۔ یہ لفظ کہاں سے سن لیا آپ نے؟! :):):)
جزاک اللہ، محترم میں نے پنا بمعنیٰ صفحہ ہی استعمال کیا تھا، مجھے یہ لفظ کافی مانوس محسوس ہوتا ہے، اب یہ اساتذہ رہنمائی فرمائیں کہ اردو میں مستعمل ہے یا نہیں
 
محترمی شکیل صاحب، آداب۔
یہ نکتہ میرے ذہن میں پہلی دفعہ غزل پڑھنے کے بعد وارد ہوا تھا، مگر میں لکھنا مناسب نہیں سمجھا۔ اصل میں اگر آپ شعر کو دیکھیں تو اس میں عربی و فارسی الفاظ کا غلبہ ہے جیسے خموشی، زباں، خالی، داستاں ۔۔۔ اس لئے ان سب کے درمیان "پنا" غریب محسوس ہوتا ہے۔ میرے خیال میں یہ کوئی اصولی ضابطہ تو نہیں ہے، صرف ذوق کی بات ہے۔ آپ شعر کی وکیبلری کو مزید متوازن کرنے کے لئے خالی پنا کو کورا پنا بھی باندھ سکتے ہیں۔

دعاگو،
راحل۔
 
جزاک اللہ، رہنمائی کا شکریہ
 
الف عین

لائبریرین
میں نے بھی پہلے خالی پن کا ہی عوامی روپ سمجھا تھا، لیکن پھر بحر و اوزان کی وجہ سے خیال آیا کہ یہ تشدید والا پنّا ہے! صفحہ ہی بہتر ہو گا۔
اس کے علاوہ 'اے مہرباں' میں ے گر رہی ہے جو مستحسن نہیں۔
عرض اتنی ہے...
یا
عرض بس یہ ہے مہرباں میری
تخاطب کو واضح کرنا ہو تو یوں لکھو
عرض بس یہ ہے، مہرباں!، میری
 
جزاک اللہ استاد محترم!
آپ کی اجازت سے کیا ایسے درست ہوگا
عرض اتنی ہے مہرباں میری
 
ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
جزاک اللہ، محترم میں نے پنا بمعنیٰ صفحہ ہی استعمال کیا تھا، مجھے یہ لفظ کافی مانوس محسوس ہوتا ہے، اب یہ اساتذہ رہنمائی فرمائیں کہ اردو میں مستعمل ہے یا نہیں
پنّا سنسکرت ہے ۔ عوامی بول چال میں تو شاید چل جاتا ہو لیکن اردو شاعری میں آج تک کبھی نظر سے نہیں گزرا ۔ دوسری بات یہ کہ مطلع کی لفظی فضا میں یہ گراں گزررہا ہے ۔ سادہ صفحہ یا سادہ کاغذ وغیرہ رکھ کر دیکھ لیجئے ۔
 
Top