اردو محفل کے اکیاون ہیرو

آوازِ دوست

محفلین
آج یوں ہی بیٹھے بیٹھے خیال آیا کہ کیوں نہ کچھ محفلین کا ذکر خیر ہو جائے۔ یوں تو بہت سارے نام یاد آ رہے تھے جو اپنی کسی نہ کسی بات کے لئے یاد کیئے جاتے رہیں گے لیکن فی الحال محفل کے صرف چند ہیرووں کی فہرست مرتب کی ہے۔ ان میں سے بیشتر اپنے کارہائے نمایاں کے باعث ذہن میں پہلے ابھرے اور کچھ اپنی بے تحاشہ شہرت کے باعث۔ از راہ کرم ترتیب کو رینک یا درجہ نہ سمجھا جائے۔

1: نبیل

موصوف محتاج تعارف نہیں۔ محفل کے بانی اور اردو کمپیوٹنگ کی فروغ کے حوالے سے بے شمار سوفٹوئیرز، پلگ انز کے خالق نیز اپنی گنجینہء نو عمر ترین کی تصویر دکھانے کا وعدہ کرکے وفا نہ کرنے والی شخصیت کو کون نہیں جانتا۔

2: زیک

محفل کے جادوگر زکریا بھائی، بقول وارث بھائی، "محفل کی ماں" کہ اردو ویب پر ہونے والا ہر کلک جن کی دھڑکن سے ہم آہنگ ہے۔ اردو اور انگریزی بلاگنگ سمیت ہر نئی ٹیکنولوجی کے ساتھ جڑ کر رہنے والے اس جینئیس ترین شخص کو محفل کا بانیِ ثانی کہنا بھی غیر مناسب ہوگا کہ روز اول سے محفل کی سیٹ اپ اور اخراجات میں بے لوث شرکت کرتے آئے ہیں۔

3: شمشاد

کیا کہا آپ ٹائپنگ کے اس جن کو نہیں جانتے؟ اگر انھوں نے آپ کو سب سے پہلے محفل میں خوش آمدید نہیں‌کہا تو یقیناً اس وقت موصوف "ڈرائیور ڈیوٹی" پر ہونگے یا آپ ان کی آمد سے بھی قبل کے محفلین ہوں گے۔ ایک علیحدہ ٹیب میں کوئی بھی دھاگہ کھول کر دیکھ لیں وہاں موصوف ضرور موجود ہوں گے خاص کر گپ شپ اور تعارف کے زمروں میں۔ اور کہیں نہ دکھیں‌تو محفل کی اسٹیٹسٹکس ملاحظہ فرما لیں پیغامات کی تعداد والے جدول میں سرخ رنگ کا پہلا نام۔

4: الف عین

حال ہی میں سٹھیائے محفل کے بزرگ ترین نوجوان، جی ہاں "نو جوان" (اپنے کارناموں اور حوصلے کے باعث) دوسرے الفاظ میں مجھ سمیت کئیوں کے آفیشیل چاچو اپنے کارہائے نمایاں کے لئے اردو کمپیوٹنگ دنیا میں یاد کئے جاتے رہیں‌گے۔ محفل میں شعر و شاعری اور ادبی نشستوں میں صف اول میں موجود رہنے کے ساتھ ساتھ اردو کمپیوٹنگ یاہو گروپ، سمت اردو آن لائن شمارہ، اول دنوں کے اردو کی بورڈ، ڈاکیومینٹ اسپیل چیکر ڈکشنری، ایک مکمل ای بک لائبریری اور ہندی کمپیوٹنگ جیسے ٹیگ چاچو کے نام کے ساتھ ذہن میں‌ابھرتے ہیں۔

5: محمد وارث

اگر آپ کو ادب سے لگاؤ نہیں ہے تو شاید آپ انھیں نہ جانتے ہوں۔ ان کا پیشہ ان کے علم و شوق سے مشرق و مغرب کا فاصلہ رکھتا ہے لیکن کیا مجال جو شوق ماند پڑ جائے۔ کہتے ہیں کہ کبھی موصوف بیمار ہوئے اور ایسے ہوئے کہ کوئی حکمت، کوئی دوا، کوئی نسخہ کام نہ آیا۔ پھر کسی نے تجویز دی کہ گھر کی لائبریری سے دیوان غالب کا "نسخہ" لایا جائے۔ سنا ہے کہ جوں جوں دیوان قریب آتا چہرے پر نور بڑھتا جاتا یہاں تک کہ بجلی کے بحران کے باعث اندھیرے میں جب دیون بالکل قریب لائی گئی تو چہرے پر در آئی روشنی اس کو پڑھنے بھر کے لئے کافی تھی۔ محفل کی فعال ادارت و نظامت کے ساتھ ساتھ ان کے قلم کی سرسراہٹ بلاگ اسپاٹ پر بھی سنی جا سکتی ہے۔ ویسے کیا آپ کو عروض و دیگر علوم سخن کا انسائکلوپیڈیا چاہئے؟ کہیں سے انسانی دماغ کا پرنٹر حاصل کر لیجئے، کام بن گیا سمجھیئے۔

6: ماوراء

اتنی صلح جو، معاملہ فہم، عزم کی پکی علم کی دھنی خوش اخلاق اور ملنسار اس منتظمہ نے محفل کی ارتقاء میں بیش قیمت کردار ادا کیا ہے۔ ٹیکنالوجی دوڑ میں اپنے صف کی خواتین میں آگے آگے رہنے والی یہ بچی نہ صرف محفل بلکہ بلاگنگ، فوٹو گرافی اور سوشل نیٹورکنگ کے دوسرے محاذوں پر بھی منفرد مقام کی حامل ہے۔ منظرنامہ جیسے پلیٹ فارم کو متعارف کرا کے ویب کی اردو دنیا پر اپنے ناقابل فراموش نقوش ثبت کر دیئے ہیں۔ محفل کی تقریبات میں خوشیوں بھرا تھال لئے ہر طرح کے انتظامات میں مصروف رہنے والی اس بچی کی زندگی بے شمار مسکراہٹوں اور خوشیوں سے مرقوم ہو۔ آمین۔

7: مکی

محمد علی مکی جنھیں ان کے کچھ خیر خواہ ترجمہ کرنے والا جن بھی کہتے ہیں۔ کئی سائنسی و دیگر علوم کی کتابوں کے ترجمے کا سہرا اپنے سر باندھ چکے ہیں۔ اگر آپ کو کمپیوٹر کی انگریزی سمجھ میں نہیں آتی تو آپ مفت میں دستیاب اردو اوبنٹو یا اردو سلیکس لینکس آپریٹنگ سسٹم کیوں نہیں انسٹال کر لیتے؟ جی ہاں اردو کوڈر لینکس فورم کے روح رواں اس منفرد شخص کے بارے میں بس اتنا ہی کہنا کافی ہوگا کہ جب تک ہم چھوٹے چھوٹے کاموں کے لئے بڑے بڑے پروگرام بناتے ہیں، میٹنگ کرتے ہیں اور باتیں بناتے ہیں تبھی اچانک شور اٹھتا ہے کہ کوئی بہت ہی بڑا سا کارنامہ انجام پا گیا۔ سوال پوچھا جاتا ہے کہ کس آرگنائزیشن یا کمپنی نے کیا تو جواب ملتا ہے "مکی بھائی" جی یہ صرف مکی بھائی ہے "مکی اینڈ بردرس کو" نہیں۔ میدان عمل کے اس سپاہی سے ایک بار ایک لایعنی سی بات پر بے جا بحث کے جرم کا مرتکب ہوا ہوں جس کے لئے خود کو زندگی بھر کوستا رہوں گا۔

8: سیدہ شگفتہ

اردو محفل لائبریری کی روح رواں اور عزائم و ارادے کی دھنی "خاتونِ آہن" کی بے لوث خدمات بلا شبہہ نا قابل فراموش ہیں۔ بسا اوقات ایسے ایسے کارنامے کیئے ہیں کہ مھفلین دنگ رہ گئے۔ ایسے ہی کارناموں میں علامہ کی دہشت بھی ایک ہے جس میں مجھ جیسے کام چور اور ٹال مٹولو آدمی سے بھی کام کرا لیا۔ قیاس ہے کہ سب سے زیادہ سلسلوے شروع کرنے کا سہرا بھی انھیں کے سر جاتا ہے۔ ان کی بس ایک بات سے اکثر احباب نالاں ہوتے ہیں کہ ذاتی پیغامات اور دیگر وسائل سے رابطہ کرنے پر جواب بہت تاخیر سے ملتا ہے یا بعض حالات میں نہیں بھی ملتا ہے۔ بہت ہی کم مگر چست گو، کئی زبانوں پر عبور رکھنے والی اس با حوصلہ بچی پر اللہ اپنی رحمتوں کا سایہ قائم رکھیں۔ آمین۔

9: قیصرانی

ایک وقت ایسا تھا جب برادرم محفل کے فعال ترین اراکین میں سے ایک تھے اور آج بھی محفل میں سب سے زیادہ پیغامات ارسال کرنے والوں میں سر فہرست ہیں۔ لائبریری کی ارتقا اور سیٹ اپ میں ان کا نا قابل فراموش اور منفرد کردار رہا ہے۔ یہ اپنی دلچسپ گفتگو کی وجہ سے محفلین میں ہمیشہ مقبول رہے ہیں۔

10: شاکر القادری

اردو فونٹ خواہ نستعلیق ہوں خواہ نسخ، خواہ کیریکٹر بیسڈ ہوں خواہ لگیچر بیسڈ کہیں بھی دکھ جائیں‌تو ذہن میں سب سے پہلے اس پیر جواں‌عزم کا نام اور (بشکریہ مغل بھائی) تصویر ابھرتی ہے۔ القلم فونٹ سیریز اور کئی نستعلیقی پروجیکٹ میں ان کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔ اردو فونٹس کے لئے ایک عدد علیحدہ پورٹل اور اردو ریسرچ لائبریری جیسی گراں قدر پیش کش موصوف کا نام اردو دنیا میں جاوید کرنے کے لئے کافی ہے۔

11: عارف کریم

سیاسی، سماجی، معاشی اور معاشرتی معاملات میں ایک منفرد رائے کے حامل عارف کریم بھائی اپنے تحمل کے لئے جانے جاتے ہیں۔ اردو ٹائپوگرافی میں ان کی حد سے بڑھی ہوئی دلچسپی ہمیشہ انھیں محفلین میں ممتاز کرتی رہی ہے۔ تکنیکی مسائل سے گھرے اکثر افراد کو بر وقت تکنیکی تعاون کی کمک بہم پہونچانے کے کئی قصے موصوف کے نام ہیں۔

12: بوچھی

محفل کی رونق تمام محفلین کی آفیشیل "باجو" کا نام آنے کی کوشش کرے تو نام سے پہلے تصویر پہونچ جاتی ہے۔ جب بھی آتی ہیں تو درجن بھر تصویریں، کھانے، مٹھائیاں، تفریح، تحائف اور گانوں سے لدی پھندی آتی ہیں۔ فون کر کر کے سب کے حال احوال لینا ان کا مرغوب ترین مشغلہ ہے۔ بعض دفعہ محفل کے دقیق مسائل کو حل کرنے میں جاسوس کا کردار بھی ادا کیا ہے۔ ایک منٹ ایک منٹ زیادہ فری ہونے کی کوشش مت کیجئے اگر آپ اجنبی ہوئے تو پھر آپ کی خیر نہیں۔

13: خرم شہزاد خرم

خرم جونئیر اپنی حساس مگر پر لطف طبیعت کے باعث محفل میں ہردلعزیز ہیں۔ بسا اوقات ان کی بے ضرر باتوں میں معصومیت کوٹ کوٹ کر بھری ملتی ہے۔ ایک بار یوں ہوا کہ تہنیتی پیغامات میں بلا کسی سبب کے ایک سلسلہ شروع کیا اور یوں گویا ہوئے کہ میں بغیر کسی سبب کے مبارکباد پیش کرتا ہوں کسی کا کیا جاتا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ یہ ایک اچھے شاعر بھی ہیں۔ روز مرہ کے واقعات اور معاشرتی مسائل پ گفتگو سے بھر پور ان کا بلاگ بھی کچھ کم با مقصد نہیں ہے۔ اللہ انھیں اور ان کی منگیتر ناز بٹیا کو بے تحاشہ خوشیاں عطا فرمائے۔ آمین۔

14: محمد بلال

اگر آپ محفل کے پرانے گوشوں کی چھان پھٹک کریں تو پائیں‌گے کہ اس نام کے پیچھے ایک انتہائی بردبار شخصیت چھپی ہوئی ہے۔ حتیٰ المقدور پروگرامنگ و ڈیزائننگ کے کاموں میں مصروف رہنے والے محمد بلال بھائی محفل اور اس کے باہر کی اردو دنیا میں ہر وقت دوسروں کے تعاون کے لئے تیار رہتے ہیں۔ حال ہی میں منظرنامہ کے منتظمین کی مصروفیت کے باعث اس کی نظامت میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔

15: دوست

شاکر بھائی عرصہ سے بلا ناغہ درود لکھ کر اپنی حاضری لگا جاتے ہیں اور ان کی دلچسپی کے موضوعات پر کوئی بات ہو رہی ہو تو دو جملے لکھ دیتے ہیں ورنہ گوشہ نشین درویش بنے رہنا پسند کرتے ہیں۔ خاموش خاموش سے رہنے والے یہ مرد مجاہد لسانیات کے شعبہ کے متعلم ہیں۔ لینکس اور اوپن سورس کے حامی ہیں۔ لائبریری کے لئے ان کا تیار کردہ ٹائپنگ معاون سافٹوئیر اپنے آپ میں منفرد شئے ہے۔ اس کے علاوہ کئی سوفٹوئیرز کے تراجم میں ان کی گراں قدر خدمات نا قابل فراموش ہیں۔ تحریروں میں بلا کی سادگی اور بے ساختگی پائی جاتی ہے یقین نہ آئے تو ان کے بلاگ ملاحظہ فرما لیں یا محفل میں بھی پرانے وقتوں کے چند ایک نمونے مل جائیں گے۔ بطور نمونہ اس دبلے پتلے سے شخص کا ایک ضخیم کارنامہ جی پی ایل کا اردو ترجمہ ہے۔

16: تعبیر

ان دنوں کچھ ناگزیر وجوہات کے باعث محفل آمد نہیں ہوتی لیکن ایک وقت تھا جب محفل میں کافی سناٹا ہوا کرتا تھا۔ تب انھوں نے ایسی رونق پھیلائی تھی اور اس قدر ہلچل مچائی تھی کہ ہر طرف پیغامات ہی پیغامات، تعارف، انٹرویو، لطائف، تصاویر غرض ہر جانب رنگ ہی رنگ۔ اپنے وقت کی نیو فی میل اینٹری کا خطاب بھی حاصل کیا تھا۔ محفل میں اب تک کے فعال ترین اور سب سے زیادہ پیغامات والے دھاگے کی ابتداء بھی انھیں کے ہاتھوں ہوئی تھی۔ اللہ انھیں رو بصحت کرے۔ آمین۔

17: عمار

اتنی توانائی بہت کم لوگوں میں دیکھنے کو ملتی ہے۔ گھر، کالج، بلاگ اور محفل کے علاوہ دوسری سوشل نیٹورکنگ ایکٹیویٹیز میں بھی خاصے فعال رہے ہیں۔ منظرنامہ کے خالق اور اردو ماسٹر کے رکن کے طور پر ان کے کارنامے اردو کمپیوٹنگ کے صفحات پر لازوال روشنائی سے مرقوم ہیں۔ بلاگرز کے اجتماع میں اردو بلاگنگ کی پیشوائی اور بچوں کے لئے تیار کی گئی متحرک مووی "چوہے کا بچہ" بھی ان کے نام کے ساتھ بطور یاد گار منسلک ہے۔

18: شعیب سعید شوبی

محفل کے واحد مگر اپنے فن میں یکتا فلیش ڈیزائنر جن کے فلیش ٹیوٹوریل کے اسباق سے محفل کا ایک پورا سیکشن بھرا پڑا ہے۔ یوں تو کم کم نظر آتے ہیں پر جہاں کہیں فلیش سے متعلق کوئی سوال پوسٹ ہو جائے یہ چراغ کے جن کی طرح حاضر ہو جاتے ہیں۔

19: طلحہ

تازہ ترین تکنیکی خبروں کے علاوہ برادرم طلحہ اپنے مفید مقالوں کے لئے محفل میں جانے جاتے ہیں۔ محفل میں ان کی رکنیت بہت پرانی نہیں بھر بھی کئی طویل اور مفید تکنیکی مضامین کے تحائف محفل کی نذر کر چکے ہیں۔

20: محسن حجازی

موصوف کی تخلیقات کا "قابل رحم" پہلو ان کی لولی لنگڑی شاعری کا عروضی نقشہ ہے، اچھا ہوا جو ان کی بیاض سیلاب کی زد میں آ کر بہہ گئی۔ بہر کیف مذاق بر طرف، محسن بھائی کی قابلیت، کام کے تئیں ایمانداری، حس مزاح اور دلچسپ اندازِ بیان کے تو سبھی مداح ہیں۔ میں‌تو حیران بھی ہوتا ہوں کہ یہ زیرک شخص اتنی کم عمری میں اتنے سارے کارنامے کس شعبدے یا معجزے کے تحت کر گیا اور کر رہا ہے۔ موصوف پروگرامنگ کے معاملے میں ہر فن مولیٰ ہیں۔ اور کچھ یاد رہے نہ رہے پر نستعلیق فونٹ کے حوالے سے ان کے آئڈیے اور کام تو یاد ہی رکھیں۔

21: جیہ

"غالب کی بھتیجی" یہی نام ہے نا اس چلبلی سی بچی جویریہ مسعود کا؟ جی ہاں آپ کو یقین نہ ہو تو دن بھر اشعار کی زبانی ہی باتیں کر کے دیکھ لیجئے۔ ہر چھوٹے بڑے موضوع پر چند ایک مصرعے ان کے حافظے سے نکل ہی آئیں گے اور کوئی عجب نہیں کہ اسی فیصد غالب چچا کے کلام سے ہوں۔ لائبری میں ان کی خدمات لازوال ہیں۔ رکیئے ابھی بات ختم نہیں ہوئی۔ جی ہاں دیوان غالب کا وہ نسخہ جسے مکمل تحقیق شدہ کا خطاب دیا جا سکتا ہے وہ کسی اور نے نہیں بلکہ چاچو کے تعاون سے جویریہ بٹیا نے ہی تیار کیا ہے۔ اگر محفل نے کبھی پی ایچ ڈی کی ڈگری دینے کا سوچا تو شاید پہلی حق دار یہی ہونگی۔ اللہ ان کی اور ان کے اہل و عیال کی حفاظت فرمائے۔ آمین۔

22: ظفری

بھلا یہ بھی کوئی بات ہوئی کہ آپ ظفری بھائی کو نہیں جانتے! یعنی آپ نے کبھی کوئی دلچسپ بات پڑھی ہی نہیں یا شاید آپ کو مسکرانے سے الرجی ہو۔ رومانس میں ڈوبی ان کی تحریریں اچھے اچھوں کی سنجیدگی دھواں کر دیں اور لبوں پر بے اختیار مسکان بکھیر دیں۔ ان کے فرضی عشق نامے کچھ ایسی بے ساختگی لیئے ہوتے ہیں کہ ادھر موصوف کا نام تازہ ترین پیغامات کی فہرست نہمودار ہوا نہیں کہ قارئیں کی بھیڑ اسی جانب ٹوٹ پڑی۔ نسواں گزیدہ اس شخص کی سنجیدہ باتیں بہت ہی سبق آموز اور دعوت فکر دینے والی ہوتی ہیں۔

23: امجد علوی

وہ شب کسے یاد نہیں جب کاؤنٹ ڈاؤن ٹائمر صفر ہوا تھا اور ایک زلزلہ سا آ گیا تھا جس نے پوری اردو ویب دنیا کو ہلا کر رکھ دیا تھا۔ لوگ تحریوں پر تحریں لکھتے تھے، براؤزر میں اسے نستعلیقی ڈھانچے میں دیکھ دیکھ کر اس بچے کی طرح نہال ہوتے تھے جس کے ہاتھ خوگوش کا بچہ لگ گیا ہو۔ اب بھی سمجھ میں نہ آئے تو بتا دوں کی علوی نستعلیق کی یوم اجرا کی بات کر رہا ہوں۔ علوی بھائی آپ کی عرق ریزیوں کو ایک بار پھر سے سلام۔

24: جمیل نستعلیق

ابھی ہم پہلے یونیکوڈ نستعلیق خط سے ویب پر محظوظ ہی ہو رہے تھے کہ ایک اور نستعلیقی خط کی پیش کش جو نہ صرف یہ کہ زیادہ ترسیمہ جات کا حامل تھا بلکہ اس میں کشیدہ کی خصوصت بھی شامل تھی۔ موصوف اور ان کی ٹیم کی خوبصورت ترین بات یہ ہے کہ اب تک اس خط کی نوک پلک سدھارنے میں لگے ہوئے ہیں۔ اللہ ان کی کاوشوں کو قبول فرمائے۔ آمین۔

25: اشتیاق علی

اگر سال 2009 کو اردو ٹائپو گرافی کا سال کہا جائے تو بیجا نہ ہوگا۔ اور ایسا کہے جانے میں فونٹ سازی کے جن اشتیاق بھائی کا کردار انتہائی دیو قامت ہے۔ افسوس! کیا آپ نے فرمائش کر کے اپنے نام سے فونٹ نہیں بنوایا؟

26: تفسیر

اردو میں دقیق علمی و سائنسی موضوعات پر تحریروں اور کتابوں کی بات آئے اور تفسیر بھائی یا ان کے دانش کدہ کا ذکر نہ آئے تو بات کچھ مکمل مکمل سی نہیں لگتی۔ اردو کی خدمت میں اپنے علم، وقت اور مال کا نذرانہ پیش کرنے کو تیار رہنے والے تفسیر بھائی کی کئی معلوماتی تحریریں محفل میں تھوڑی سی کوشش سے آپ کے ہاتھ لگ سکتی ہیں۔

27: شارق مستقیم

یہ محفل کے اولین دنوں کے جانبازوں میں‌سے ایک ہیں۔ موصوف سے میری کبھی بات تو نہیں ہو سکی لیکن یونیکوڈ کنورٹر کے حوالے سے ان کا نام بارہا سنا ہے۔

28: بدتمیز

جی نہیں آپ کو نہیں کہا در اصل یہ ان کی کنیت ہے۔ توبہ کیجئے ہم نے انھیں اسم با مسمیٰ کب کہا؟ ابتداء میں اردو بلاگنگ کو فروغ دینے کی غرض سے اردو ٹیک ڈاٹ نیٹ اور ڈاٹ کام وجود میں آیا بلکہ لایا گیا۔ گو کہ ان دنوں ان خدمات کے ذمہ دار موصوف بی ٹی غیر ذمہ داری کا ثبوت دے رہے ہیں پھر بھی نہ تو ان کی خدمات کو فراموش کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی پچھلے بار اردو ٹیک کو پیش آئے "حادثے" میں باوجود مصروفیات کے ان کی جانفشانی کو رد کیا جا سکتا ہے۔

29: نایاب

جی یہ واقعی اسم با مسمیٰ ہو گئے ہیں۔ کھوجنے پر بھی نہیں ملتے۔ ان کے پیغامات کا ٹیمپلیٹ ذہن سے چپک کر رہ گیا ہے جس میں ایک سطر کی تحریر ہوتی تھی اور آدھے درجن سطروں پر مشتمل ہیڈر اور فوٹر ساتھ ہوتے تھے جن میں سوائے دعاؤں کے اور کچھ نہیں ہوتا تھا۔ ہر تہنیتی پیغام میں ایک عدد چمچماتی تصویر بنا کر لگانا بھی نہیں بھولتے تھے۔ شاید آپ کے علم میں نہ ہو کہ موصوف کچھ ان لوگوں میں‌سے ہیں جو لائبریری کے لئے خفیہ طور پر کام کرتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں ہفتہ اردو بلاگنگ کی ای بک کی ترتیب میں بھی بہت بڑا کردار ادا کیا ہے۔

30: نعیم سعید

اس دور رس شخصیت نے 37000 سے زائد ترسیمہ جات کی فہرست اس وقت مرتب کر لی تھی جب خال خال ہی کمپیوٹر سے آشنا تھے۔ کہا جاتا ہے کہ یہ اس زمانے کی بات ہے جب آج کل کے اکثر فونٹ ساز حضرات چڈی پہن کر گلی گلی پھرتے تھے۔ محدود وسائل کے ساتھ اتنا دقیق کام حیران کن حد تک متاثر کن ہے۔

31: م م مغل

اپنے دور کے نیو میل اینٹری، محفل کے شاعر اور ایسے ہی کئی خطابات کے حامل انتہائی حساس قسم شاعر ہیں۔ خاکساری ان کے ریشے ریشے میں کوٹ کوٹ کر بھرا ہے۔ ان دنوں طبیعت کی خرابی کے باعث محفل میں آمد کا سلسلہ موقوف ہے۔ اللہ انھیں شفاء کاملہ و عاجلہ عطا فرمائے۔ حال ہی میں موصوف نے سہہ ماہی شمارہ سمت کی ادارت کی ذمہ داری بھی قبول کر لی ہے۔

32: ابو شامل

شامل میاں کے ابو یعنی فہد بھائی اپنی تاریخی و جغرافیائی تحریروں کے لئے جانے جاتے ہیں۔ بہت ہی سلجھی ہوئی شخصیت ہیں۔ سیر و سیاحت پر لکھی گئی تحریروں کا شوق غالباً موروثی ہے۔ ان کے کارنامے دیکھنے ہوں تو محفل کے علاوہ ان کا بلاگ اور اردو وکیپیڈیا ضرور ملاحظہ فرمائیے۔

33: عندلیب

عندلیبِ ہند کا دائرہِ احباب محفل میں قدرے محدود ہے۔ لیکن ان کی مضمون نگاری کے کو سراہنے والے بے شمار ہیں۔ آپ بھی ان کے مضامین پڑھ لیں تو ایک عدد مداح کے اضافے کا پورا امکان ہے۔ مضمون نگاری کے علاوہ طب و صحت، فیشن و میک اپ کے ٹوٹکے نیز دوسری دلچسپ پسندیدہ تحریں شریک محفل کرنے میں یکتا ہیں۔

34: حجاب

ان کا ذکر آئے اور آپ کے منھ میں پانی نہ آ‌جائے تو اس کا سیدھا سا مطلب یہ ہے کہ آپ محفل میں تب آئے جب ان کی دلچسپیاں اور ترجیحات بدل چکی تھیں۔ طبیعت میں‌حد درجہ شوخی لئے کچن میں گھس جائیں تو نکلنے کا نام نہیں لیتیں۔ ہمیں تو اتنے پکوانوں کے نام بھی نہیں معلوم ہونگے جتنے یہ ایک نشست میں بنا ڈالتی ہیں۔ ان کا بلاگ جس تک اس وقت رسائی ناممکن ہے چلبلی تحریروں سے بھرا پڑا ہے۔ محفل میں ہی کہیں ان کا ایک اور شاہکار کارنامہ فیضو گلابو کے خطوط کی شکل میں موجود ہے جس میں انہوں نے گلابو کا کردار ادا کیا ہے۔

35: امن ایمان

اس بچی کی تحریروں میں بے تحاشہ کشش ہوتی ہے جو قاری کو آخری الفاظ تک پڑھنے پر مجبور کر دیتی ہے۔ افسوس کی میری آمد تک محفل میں ان کی آمد و رفت خال خال ہی رہ گئی تھی پھر اتنی بھی نہ رہی۔ یہ اپنے انٹرویوز کے لئے جانی جاتی ہیں۔ ویسے کسی وقت محفل کی سالگرہ کے موقع پر ان کی انتہائی دلچسپ رپورٹنگ بھی پڑھنے کا اتفاق ہوا تھا واللہ کیا منظر کشی تھی۔

36: محب علوی

فیضو اور گلابو کی مراسلت میں فیضو کے خطوط لکھنے کا ٹھیکہ موصوف کے پاس تھا۔ محفل کی ارتقاء میں موصوف نے عمدہ کردار ادا کیا ہے۔ ان دنوں کچھ ذاتی مسائل کے چلتے محفل میں آنے سے قاصر ہیں۔ بہت ہی دلچسپ شخصیت اور لیڈر طبیعت کے مالک ہیں۔ ان کے خاکے کچھ اردو بلاگرس کے بلاگ پر دیکھنے کا اتفاق بھی ہوا ہے۔ ویسے موصوف نے خود بھی کسی زمانے میں محفلین کی خاکہ نگاری کا سلسلہ شروع کیا تھا جو بلا شبہہ بہت عمدہ کوشش تھی۔

37: فہیم

محفل کے جاسوس فہیم بھائی کے بارے میں زیادہ کچھ کہنا خطرے سے خالی نہ ہوگا۔ قدرے جذباتی پر بہت ہی سمجھدار اور صلح جو شخصیت کے مالک ہیں۔ اپنے بالوں کے حوالے سے اپنی عمر کے مختلف ادوار کا ذکر کرتے ہیں۔ کیوں کیا آپ نے ان کی تصویر نہیں دیکھی؟

38: سخنور

ادب و سخن سے متعلق زمروں کے فعال مدیر ہونے کے ساتھ ساتھ اپنی سخن شناسی کے لئے عرصہ سے جانے جاتے ہیں۔ لائبریری میں ان کی گراں خدمات اپنی جگہ اس کے علاوہ محفل میں پسندیدہ اشعار شریک کرنے میں بھی ان کا کوئی ثانی نہیں۔

39: سارہ خان

بہت ہی سلجھی ہوئی، ملنسار اور بڑوں کا احترام کرنے والی بچی ہیں۔ کہیں بھی ذہانت سے متعلق کوئی سلسلہ دکھ جائے تو اس کا مطلب ہوتا تھا کہ یا تو ان کی شروع کردہ ہوگی یا کم از کم یہ اس میں شریک ضرور ہونگی۔ عموماً بچیوں میں ایسی دلچسپیاں کم دیکھنے کو ملتی ہیں۔ ہم سارہ بٹیا کی نئی زندگی کے لئے دعا گو ہیں۔ ہماری نیک تمنائیں اس کے ہمراہ ہیں۔

40: محمد صابر

تکنیکی خبروں کو محفل میں شریک کرنے میں مفرد کردار کے باعث ایک بار خصوصی ایوارڈ کے مستحق ہوئے۔ سادہ، با وقار اور انتہائی ذہین پروگرامر و ڈاٹابیس ایڈمنسٹریٹر ہیں۔ اپنی صلاحیتوں سے محفل کے تکنیکی شعبے میں ادارت کی خدمات بھی انجام دے رہے ہیں۔

41: ابرار حسین

بہترین ڈاٹ نیٹ پروگرامر ہیں۔ حال ہی میں اردو کے لئے انتہائی کار آمد ٹول کا نذرانہ پیش کیا ہے جو ٹیکسٹ پروسیسنگ کے حوالے سے بے شمار فعالیت سے لیس ہے۔

42: جیسپادی

یہ کچھ ان لوگوں میں سے ہیں جو کام کرتے رہتے ہیں کسی خراج، داد و تحسین یا تنقید کی پروا نہیں کرتے۔ انتہائی خفیہ شناخت کے ساتھ یہ موصوف اردو وکیپیڈیا کے فعال ترین رضاکاروں میں سے ایک ہیں۔

43: چاند بابو

اردو کی خدمت کے عظیم جذبوں کے حامل برادرم محفل کے بہترین ارکان میں سے ایک ہیں۔ ان دنوں ان کی مصروفیات ان کے ذاتی فورم کی جانب مبذول ہو گئی ہیں پر جہاں بھی ہیں گراں قدر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ جب تک اردو محفل میں رہے قانون کی بالادستی کے جذبات کا اظہار کیا اور محفل کے تھانیدار بنے رہے۔ جی مجھے "لین دین" والے معاملات کا ذکر کرکے اپنی چھٹی نہیں کرانی ہے۔

44: ساجد

بہت کم کم نظر آتے ہیں لیکن ان کے حوالے سے مجھے دو باتیں یاد ہیں۔ ایک تو یہ کہ ان کی تحریریں بہت ہی ہلکی پھلکی اور دلچسپ ہوتی ہیں۔ دوسرے یہ کہ سماجی یا مذہبی موضوعات پر فکر میں ڈوبی ہوئی خالص باتیں۔ موصوف کی اکثر تحریریں پڑھنے کے بعد بندہ بے اختیار عش عش کر اٹھے۔

45: فاتح

فاتح الدین بشیر صاحب کے بارے میں یہ کہا جاتا ہے کہ شہزادے آدمی ہیں۔ موصوف کی سادگی اور وسعت قلبی کے قصے ہر دوسرے مھفلین سے سنے جا سکتے ہیں۔ محفل کے سخن شناسوں میں سر فہرست ہیں۔

46: ملائکہ

یہ ننھی سی بچی محفل کی چند ایک نسواں پروگرامرز میں سے ایک ہے۔ شوخ و شنگ سی یہ بچی اتنی فرمابردار ہے کہ دیکھتے ہیں پانی کا گلاس لیکر حاضر ہو جاتی ہے۔ اپنے وقت کی نیو فی میل اینٹری کا خطاب بھی حاصل کر چکی ہیں۔ اللہ انھیں خوش رکھیں اور بے شمار کامیابیوں سے نوازیں۔ آمین۔

47: زین

تعلیم اور روزگار سے بیک وقت جوجھتا ہوا یہ بچہ ہم سب کو عزیز ہے۔ ابتداء میں روزآنہ کی تازہ ترین خبروں کے سلسلے کے لئے کافی شہرت پائی تھی۔ اللہ انھیں امتحانات اور زندگی کی دوسری آزمائشوں میں سرخرو فرمائے۔ آمین۔

48: مہوش علی

بہت ہی با صلاحیت، سیاسی و سماجی بیداری کی حامل خاتون ہیں۔ اس کے علاوہ فونٹ سازی و لائبریری کے حوالے سے ان کی خدمات نا قابل فراموش ہیں۔

49: کاشف مجید

ان دنوں محفل میں غیر فعال رہتے ہیں پھر بھی اوارڈ گرافکس سے لے کر کوئی بھی تزئین و آرائش اور ڈیزائننگ کی بات آ‌جائے تو در پردہ ہر ممکن تعاؤن کرنے کو تیار رہتے ہیں۔ اللہ ان کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ فرمائے۔ آمین۔

50: فرزانہ نیناں

محفل کی بلا شبہہ بہترین شاعرہ، کچھ عرصہ قبل تک ایک ریڈیو سے منسلک رہی ہیں۔ ان کی غزلیات کا مجموعہ "درد کی نیلی رگیں" اپنے آپ میں ایک نادر نسخہ ہے۔ محفل کے چاچو کی شاعری پر ان کا عمدہ مضمون محفل میں دیکھا جا سکتا ہے۔ سنا ہے کہ شاعری کا فطری حسن ان کے پکوانوں میں بھی کھل کر سامنے آتا ہے۔

51: عزیز امین

محفل کی سطح پر بہت کم عرصہ کے لئے ابھرے اس تابناک ستارے سے کم و بیش سبھی عاجز آ گئے پر موصوف کسی سے بھی عاجز نہ آئے۔ ہر بار ایک ہی قسم کے سلسے شروع کرنے کے باوجود موصوف کے شروع کردہ سلسلوں کے جوابات اور مناظر کی شماریات رات رات بھر میں کہیں کی کہیں پہونچ جاتی تھیں۔ ان کی ذات سے ہمیں استقلال یا بالفاظ دیگر مستقل مزاجی کا سبق ملتا ہے۔ اللہ ان کے عزائم کو عمل میں بدلنے کے لئے انھیں رضاکاروں کی ایک بھیڑ عطا فرمائے۔ آمین۔
اُردو ویب کے سینئر اراکین کا ایک مختصر مگر جامع حوالہ۔ ابن سعید بھائی آپ سے اس تحریر کے اپ ڈیٹڈ ورژن کی پُر زور فرمائش ہے :)
 
آخری تدوین:

نور وجدان

لائبریرین
اردو محفل کے اکیاون ہیرو کا تعارف سعود بھیا نے خوب لکھا ہے اور وہ بھی محفل میں اپنی آمد کا تعارفی نوٹ ہے ۔ آپ کی شاعری و نثر دونوں لا جواب ہے مگر ان میں سے بیشتر محفل میں ایکٹو نہیں ہیں چونکہ محفلین کی نئے کھیپ موجود ہے اس لیے ان پر لکھا جانا چاہیے
 

فاتح

لائبریرین
اردو محفل کے اکیاون ہیرو کا تعارف سعود بھیا نے خوب لکھا ہے اور وہ بھی محفل میں اپنی آمد کا تعارفی نوٹ ہے ۔ آپ کی شاعری و نثر دونوں لا جواب ہے مگر ان میں سے بیشتر محفل میں ایکٹو نہیں ہیں چونکہ محفلین کی نئے کھیپ موجود ہے اس لیے ان پر لکھا جانا چاہیے
کیا خیال ہے اس مرتبہ آپ کے قلم سے نہیں ہونا چاہیے نئے ہیروز اور ہیروئنز کا تعارف
 

فاتح

لائبریرین
:p یعنی اردو محفل کے "چرونجا" شاپر
ہائے ہائے ہائے عنوان ہی کتنا نشیلا ہے گویا گَردے کی چلم دہک رہی ہو۔ چرس اور گانجے کا حسین امتزاج لگتا ہے "چرونجا" ۔۔۔۔
میں تو کہتا ہوں ہو جائے پھر ایک مضمون "اردو محفل کے "چرونجا" شاپر"
لگے دم مٹے غم تارا رم پم پم
 
کافی دیر سے کوشش کرنے کے بعد آخر محفل کے پرانے ہیروز کے نام اور سعود بھیا کی قلم سے ان کا تعارف پڑھ ہی لیا :):) کیا خوب لکھا سعود بھائی۔۔
ویسے اب تو دل والے دلہنیا لے جانے گئے بھی نئی والی فلم ریلیز ہو گی ہے :) اس لڑی کا بھی نیا ورژن زیلز ہونا چاہیے
 

bilal260

محفلین
اس تھریڈ کانام اردو محفل کے ہیروز ہونا چاہئے ۔اس مراسلے کا عنوان ایڈیٹ کر دیا جائے۔
اور
جن محترم نے یہ تھریڈ شروع کیا ہے جب دل چاہئے نمبر وائز مشہور و معروف لوگ جو ہمارے اردو محفل کی زینت ہیں ان کے نام اور ان کے اعمال کا مختصر تعارف دیا جائے۔
امید ہے کہ اس ناقص مشورہ کو پڑھا جائے گا۔
 

رحمن ملک

محفلین
یہ مراسلہ نیم غنودگی کے عالم میں تحریر کیا گیا ہے۔ لہٰذا حقائق، املا، تزکیر و تانیث اور واحد جمع کے تکنیکی مسائل بے شمار ہونگے۔ کسی وقت پروف ریڈنگ کر کے درست کر دوں گ ان شاء اللہ۔
جی جناب ؛ ہم کو بھی لگ رہا تھا کہ آپ کے ساتھ کچھ معاملہ ھے ۔جا اتنی بڑے بڑے چاندوں کا ذکر تو کر دیا ۔اور ہم جیسے ٹمٹماتے ستاروں کا کہیں دور دور تک افسانہ ہی نہیں ۔خیر کوئی بات نہیں جب آپ خاب غفلت سے جاگیں گئے تو ہمارا بھی ذکر ہو گا داستانوں میں۔(ازراہ تفنن)
 

رحمن ملک

محفلین
خوب ھے مگر اس کے عنوان سے مجھے اختلاف ھے ہیرو تو مذکر ہوتا ھے مگر اس میں فی میلز کا بھی ذکر ھے اگر ہیرو کی جگہ ستارے ہوتا تو زیادہ مناسب لگتا آگےآُپ کی مرضی ، اب سب مجھ سے لڑنے نہ لگ پڑنا میرے پاس کو4ئی ہتھیار نہیں اس وقت
سراپا قہر ۔جنگجو ہتھیاروں سے لیس یہ تیرے دو نین ۔۔۔۔۔۔اب بھی آپ کہتی ہیں ،کہ آپ کے پاس کوئی ہتھیار نہیں ھے ۔آپ چاہو تو ان ہی ہتھیا روں سے کشتوں کے پشتے لگا سکتی ہیں۔
 

فاتح

لائبریرین
سراپا قہر ۔جنگجو ہتھیاروں سے لیس یہ تیرے دو نین ۔۔۔۔۔۔اب بھی آپ کہتی ہیں ،کہ آپ کے پاس کوئی ہتھیار نہیں ھے ۔آپ چاہو تو ان ہی ہتھیا روں سے کشتوں کے پشتے لگا سکتی ہیں۔
آپ نے خوشی آپا کے "نین" دیکھے ہیں؟ یقیناً نہیں۔ کوئی بات نہیں، گھر میں اپنی والدہ صاحبہ کے نین دیکھ لیجیے کہ خوشی آپا کے نینوں کی عمر اور نقشہ بھی تقریباً وہی ہے جو آپ کی والدہ صاحبہ کا۔ :)
 
Top