مرزا غالب کے بارے میں:
فکرِ انساں پر تری ہستی سے یہ روشن ہوا
ہے پرِ مرغِ تخیل کی رسائی تا کجا
تھا سراپا روح تو، بزمِ سخن پیکر ترا
زیبِ محفل بھی رہا، محفل سے پنہاں بھی رہا
دید تیری آنکھ کو اُس حُسن کی منظور ہے
بن کے سوزِ زندگی ہر شے میں جو مستور ہے
محفلِ ہستی تری بربط سے ہے سرمایہ دار
جس طرح ندّی کے نغموں سے سکوتِ کوہسار
تیرے فردوسِ تخیل سے ہے قدرت کی بہار
تیری کشتِ فکر سے اُگتے ہیں عالم سبزہ وار
زندگی مضمر ہے تیری شوخئ تحریر میں
تابِ گویائی سے جنبش ہے لبِ تصویر میں
نطق کو سو ناز ہیں تیرے لبِ اعجاز پر
محوِ حیرت ہے ثریّا رفعتِ پرواز پر
شاہدِ مضموں تصدّق ہے ترے انداز پر
خندہ زن ہے غنچۂ دلّی گلِ شیراز پر
آہ! تو اجڑی ہوئی دلّی میں آرامیدہ ہے
گلشنِ ویمر میں تیرا ہم نوا خوابیدہ ہے
ویمر - جرمنی کا مشہور شاعر گوئٹے اِس جگہ مدفون ہے۔
لطفِ گویائی میں تیری ہمسری ممکن نہیں
ہو تخیّل کا نہ جب تک فکرِ کامل ہم نشیں
ہائے! اب کیا ہو گئی ہندوستاں کی سرزمیں!
آہ! اے نظّارہ آموزِ نگاہِ نکتہ بیں!
گیسوئے اردو ابھی منّت پذیرِ شانہ ہے
شمع یہ سودائیِ دل سوزئ پروانہ ہے
اے جہان آباد! اے گہوارۂ علم و ہنر
ہیں سراپا نالۂ خاموش تیرے بام و در
ذرے ذرے میں ترے خوابیدہ ہیں شمس و قمر
یوں تو پوشیدہ ہیں تیری خاک میں لاکھوں گہر
دفن تجھ میں کوئی فخرِ روزگار ایسا بھی ہے؟
تجھ میں پنہاں کوئی موتی آبدار ایسا بھی ہے؟
(علامہ اقبال)
 
محمد وارث

لائبریرین
ہے جو کچھ نظم و نثرِ عالم میں
زیرِ ایرادِ میر صاحب ہے

ہر ورق پر ہے میر کی اصلاح
لوگ کہتے ہیں سہوِ کاتب ہے

سودا - در ہجوِ میر تقی میر
 
اقبال کی پوری نظم! استاد ذوق کے حوالے سے:
ع: گیسوئے اردو ابھی منت پذیرِ شانہ ہے​
۔۔۔

اور بہت ساری نضمینات ! نہ صرف اقبال کی بلکہ بہت سے دیگر شعرائے کرام کی بھی!
 
مہ جبین

محفلین
اقبال کی پوری نظم! استاد ذوق کے حوالے سے:
ع: گیسوئے اردو ابھی منت پذیرِ شانہ ہے
۔۔۔

اور بہت ساری نضمینات ! نہ صرف اقبال کی بلکہ بہت سے دیگر شعرائے کرام کی بھی!
اقبال کی یہ نظم ذوق کے حوالے سے ہے یا غالب کے حوالے سے؟؟؟
محترم محمد یعقوب آسی بھائی؟
 
میرے علم کے مطابق ذوق کے حوالے سے ہے۔ اقبال نے بہت شروع میں ذوق کو اپنی کچھ شاعری اصلاح کے لئے بھیجی بھی تھی، انہوں نے لکھ بھیجا کہ اصلاح کی چنداں ضرورت نہیں۔

۔۔۔ آپ کے سوال پر شک میں پڑ گیا ہوں کہ وہ ذوق تھے یا داغ؟ جنابِ محمد وارث بہتر بتا سکیں گے۔

محترمہ مہ جبین
 
مہ جبین

محفلین
میرے علم کے مطابق ذوق کے حوالے سے ہے۔ اقبال نے بہت شروع میں ذوق کو اپنی کچھ شاعری اصلاح کے لئے بھیجی بھی تھی، انہوں نے لکھ بھیجا کہ اصلاح کی چنداں ضرورت نہیں۔

جنابِ محمد وارث بہتر بتا سکیں گے۔

محترمہ مہ جبین
اسی دھاگے میں اوپر کے مراسلے میں محمد اسامہ سَرسَری نے اقبال کی اس کونظم غالب کے حوالے سے لکھا ہے
اور ایکدوسرے دھاگے میں حسان خان نے بھی غالب کے حوالے سے لکھی ہے
اب اس الجھن کو محمد وارث بھائی ہی سلجھائیں گے
 
محمد وارث

لائبریرین
میرے علم کے مطابق ذوق کے حوالے سے ہے۔ اقبال نے بہت شروع میں ذوق کو اپنی کچھ شاعری اصلاح کے لئے بھیجی بھی تھی، انہوں نے لکھ بھیجا کہ اصلاح کی چنداں ضرورت نہیں۔

۔۔۔ آپ کے سوال پر شک میں پڑ گیا ہوں کہ وہ ذوق تھے یا داغ؟ جنابِ محمد وارث بہتر بتا سکیں گے۔

محترمہ مہ جبین

جی آسی صاحب، ذوق تو اقبال کی ولادت سے بھی بہت پہلے فوت ہو چکے تھے بلکہ جنگِ آزادی سے بھی پہلے یعنی 1854ء میں۔ اقبال نے داغ کو اپنی غزلیں اصلاح کے لیے بھیجی تھیں جس پر داغ نے کہا تھا کہ ان پر اصلاح کی ضرورت نہیں۔

ع - گیسوئے اردو ابھی منت پذیرِ شانہ ہے

اقبال کا یہ مصرع انکی غالب کے بارے میں نظم سے ہے اور یہاں اوپر ہی یہ مکمل نظم بھی موجود ہے۔
 
جناب محمد وارث کی طرف سے ۔۔۔

بہت آداب، جناب محمد وارث ۔۔۔ اسی لئے تو case آپ کو refer کیا تھا، نا!
محترمہ مہ جبین کا نکتہ توثیق پاتا ہے۔
 
سید عاطف علی

لائبریرین
اب نظیری ہے اور نہ طالب ہے
اسداللہ خان۔۔۔۔۔ غالب ہے
مرزا کا خراج تحسین مرزا ہی کے نام (تعلّی) ۔۔۔۔ کمال کا استعمال ہے نظیری نیشاپوری اور ابو طالب کلیم جیسے اساتذہ کے ناموں کا اپنے نام کے ساتھ۔
 
سید عاطف علی

لائبریرین
محل ایسا کیا تعمیر عرفی کے تخیل نے
تصدق جس پہ حیرت خانہء سینا و فارابی

مایہ ناز شاعر محمد جمال الدین ﴿ غالباًسولہویں صدی ﴾ کے نام شاعر مشرق کا بجا خراج تحسین جنہیں دنیا عرفی شیرازی کے نام سے جانتی ہے ۔۔۔
 
Top