میری غزل

امر شہزاد

محفلین
بہم کبھی نہ ہوا لمحہء قرار ہمیں
تمام عمر رہا جس کا انتظار ہمیں

یہ معجزہ ہے خدائی کا اس زمانے میں
کہ دل تو ایک دیا درد بے شمار ہمیں

چلے تو خار بنے ہیں سفر میں سنگ میل
ہے جگنوءوں کی طرح راہ کا غبار ہمیں

توقعات جو خود سے تھیں نہ ہوئیں پوری
پھر اور کس پہ بھلا آئے اعتبار ہمیں

پھر اس طویل شبِ ماہِ مختصر میں کیا
خیالِ صحبتِ‌یاراں نے سوگوار ہمیں
 
الف عین

لائبریرین
پہلے تو خوش آمدید امر شہزاد یہاں۔۔
اور جس اعتماد سے یہاں غزل پوسٹ کی ہے، اس پر خوشی ہوئی کہ واقعی غزل اچھی ہے۔ اپنا تعارف بھی دیں۔ یہ نام بھی سمجھ میں نہیں آیا۔ کیا ہندی کا امر ہے؟
 
محمداحمد

لائبریرین
چلے تو خار بنے ہیں سفر میں سنگ میل
ہے جگنوءوں کی طرح راہ کا غبار ہمیں

امر شہزاد صاحب

سب سے پہلے تو محفل میں خوش آمدید، اور اس کے بعد آپ کی غزل، غزل بہت ہی خوب لگی اور اس غزل نے دل کو موہ لیا، بہت عمد ہ شعر کہے ہیں آپ نے، خاص طور پر درج بالا شعر۔۔

داد حاضر ہے ، قبول فرمایئے۔۔

مخلص
محمد احمد
 
زھرا علوی

محفلین
یہ معجزہ ہے خدائی کا اس زمانے میں
کہ دل تو ایک دیا درد بے شمار ہمیں

چلے تو خار بنے ہیں سفر میں سنگ میل
ہے جگنوءوں کی طرح راہ کا غبار ہمیں

بیت خوب کلام ہے۔۔۔:):)۔
 
ایم اے راجا

محفلین
امر شہزاد صاحب السلام علیکم اور محفل پر خوش آمدید۔
بہت عمدہ غزل ہے، بہت شکریہ، امید ہیکہ کہ آپ کا ساتھ ہمارے سنگ دور تک رہے گا۔
 
امر شہزاد

محفلین
پہلے تو خوش آمدید امر شہزاد یہاں۔۔
اور جس اعتماد سے یہاں غزل پوسٹ کی ہے، اس پر خوشی ہوئی کہ واقعی غزل اچھی ہے۔ اپنا تعارف بھی دیں۔ یہ نام بھی سمجھ میں نہیں آیا۔ کیا ہندی کا امر ہے؟

جناب! شکریہ

جی آپ ٹھیک کہہ رہے ہیں یہ "امر" ہندی والا ہی ہے

تعارف؟ میں وقتاً فوقتاً اپنے بارے میں بتاتا رہوں گا!

مجھے آپ سے صرف داد نہیں تنقید کی بھی توقع تھی! مجھے نہیں پتہ کہ آپ ادھار کے معاملے میں کیسے ہیں ،خیر اس سلسلے میں ادھار کر سکتا ہوں ۔
ایک اور غزل پوسٹ کر رہا ہوں ، ذرا دیکھ لیجئے گا۔
 
گرو جی

محفلین
جناب اگر کچھ تنقید کا پہلو نکلتا تو ابھی تک تنقید کے ہتھیار نکلاے جا چکے ہوتے اور غزل پر طبع آزمائی بھی ہو چکی ہوتی
 
الف عین

لائبریرین
نہیں گرو جی۔۔۔ یہاں عدنان نہیں لکھج رہا ہوں کہ امر شہزاد کنفیوز نہ ہو جائیں۔
شاعری کی پہلی شرط موزونیت ہے۔ اگر کلام موزوں نہ ہو، کوئی فاش غلطی ہو تو محفل کے استاذہ۔ جن میں احقر کا نام بھی شامل کر رکھا ہے لوگوں نے۔۔ اپنے مشورے اور اصلاحیں لے کر پہنچ جاتے ہیں۔
آپ کے کلام میں ایسی کوئی بات یعنی غلطی نہیں، درست اوزان میں اچھے خیالات کی غزل ہے۔
ویسے ایک چھوٹی سی غلطی میرے نزدیک ہے لیکن محفل کے ایک دوسرے استاذ اسے جائز سمجھتے ہیں۔ وہ یہ کہ
توقعات جو خود سے تھیں نہ ہوئیں پوری
میں ’نہ‘ بر وزن ’نا‘ آ رہا ہے جسے میں صحیح نہیں سمجھتا۔ ’نہ‘ کی ’ہ‘ گرنی ضروری سمجھتا ہوں۔ یعنی محض ’ن‘ کی تقطیع ہو۔ جیسے
نہ ہم سمجھے نہ آپ آئے کہیں سے
کی تقطیع
نہم سمجھے نَ آپ آئے کہیں سے
ہوگی۔
 
مغزل

محفلین
نَہ [نَہ] (فارسی)
--------------------------------------------------------------------------------
حرف نفی
1. نہیں، نا، مت، لاحرف انکار۔
2. برائے تاکید۔
سر سے راہ وفا میں جو پہنچا
اس سے پوچھو نہ حال منزل کا (نَ)
(انور)
3. ازروئے محبت باز رکھنے کے واسطے، برائے امتناع۔
کیا کسی کا ہوا ہے تو عاشق
نہ مری جان مت لے یہ جنجال (نَ)
(میرسوز)

اعجاز صاحب میرے ناقص مطالعے کے تحت ہندی اسم فعل (مصدر) کی الف اور ہائے ہنوز ( ہ) گراسکتے ہیں۔
فارسی میں ایسا کرنا اساتذہ کے نزدیک عیب ِ سخن ہے ۔۔ ( آپ کیا کہتے ہیں ؟ )
مزید یہ کہ مجھے ہندی ماتراؤں کے بارے میں مفصل تحریر درکار ہے ۔۔
ممکن ہو تو آپ مجھے ربط ای میل کردیجئے گا یا پھر مراسلہ ذاتی مکتوب کی صورت
بشرطِ فرصت روانہ کردیجئے گا ۔۔
درازیِ عمر کیلئے دعا گو
محمد محمود مغل
 
خرم شہزاد خرم

لائبریرین
امر شہزاد بھائی آپ کو یہاں خوش آمدید کہتے ہیں اس کے بعد غزل پر کیا بات کروں ہم تو صرف سُننے والے ہیں تنقد و اصلاح تو اساتذہ فرماتے ہیں آپ کی غزل بہت ہی خوب ہے اور بہت اچھی لگی میں سمجھتا ہوں جس غزل کو محفل میں اعجاز صاحب اور وارث صاحب جیسے اساتذہ اچھی غزل کہہ تو وہ غزل بہت ہی اچھی ہوتی ہے کیوں یہاں کوئی بھی مکھن لگانے والا نہیں ہے یہاں سب اصلاح کرنے والے ہیں اتنی اچھی غزل پر میری طرف سے مبارک باد قبول کرے شکریہ

ایک تو آپ میرے ادھے ہم نام ہے :grin: اور دوسرہ ہم دونوں شاعر
اگر مجھے اساتذہ اجازت دے کہ میں خود کو شاعر کہوں
 
امر شہزاد

محفلین
نہیں گرو جی۔۔۔ یہاں عدنان نہیں لکھج رہا ہوں کہ امر شہزاد کنفیوز نہ ہو جائیں۔
شاعری کی پہلی شرط موزونیت ہے۔ اگر کلام موزوں نہ ہو، کوئی فاش غلطی ہو تو محفل کے استاذہ۔ جن میں احقر کا نام بھی شامل کر رکھا ہے لوگوں نے۔۔ اپنے مشورے اور اصلاحیں لے کر پہنچ جاتے ہیں۔
آپ کے کلام میں ایسی کوئی بات یعنی غلطی نہیں، درست اوزان میں اچھے خیالات کی غزل ہے۔
ویسے ایک چھوٹی سی غلطی میرے نزدیک ہے لیکن محفل کے ایک دوسرے استاذ اسے جائز سمجھتے ہیں۔ وہ یہ کہ
توقعات جو خود سے تھیں نہ ہوئیں پوری
میں ’نہ‘ بر وزن ’نا‘ آ رہا ہے جسے میں صحیح نہیں سمجھتا۔ ’نہ‘ کی ’ہ‘ گرنی ضروری سمجھتا ہوں۔ یعنی محض ’ن‘ کی تقطیع ہو۔ جیسے
نہ ہم سمجھے نہ آپ آئے کہیں سے
کی تقطیع
نہم سمجھے نَ آپ آئے کہیں سے
ہوگی۔

جناب! میں کسی استاد کا شعر ڈھونڈ رہا تھا جو میرے حق میں دلیل ہو، وہ کام اتنی دیر میں م م مغل صاحب نے کر دیا ہے۔
 
Top