1623 کا شیکسپیئر کا مجموعہ مل گیا

خاورچودھری

محفلین
یہ مجموعہ سن 1623 میں شائع ہوا تھا
انگلینڈ میں ولیم شیکسپیئر کے ایک مجموعے کی پہلی اشاعت کی چوری کے الزام میں ایک شخص کوگرفتار کر لیا گیا ہے۔ اس مجموعے کی قیمت لگ بھگ تیس ملین ڈالر بتائی گئی ہے۔
شیکسپیئر کی تصانیف کا یہ پہلا فولیو ایڈیشن سن 1623 میں شائع ہوا تھا اور شمالی انگلینڈ میں سن 1998 میں اس کی چوری اس وقت ہوئی جب ڈرہم یونیورسٹی کی لائبریری میں اس کی نمائش کی گئی تھی۔

دو ہفتے قبل ایک شخص امریکی دارالحکومت واشنگٹن ڈی سی کے فولجر شیکسپیئر لائبریری میں ایک کتاب لیکر پہنچا جسے کیڑوں نے کھایا ہوا تھا۔

اس نے کہا کہ وہ ایک انٹرنیشنل بزنس مین ہے جسے یہ کتاب کیوبا میں ملی اور اب وہ اس کی قیمت کا اندازہ لگانا چاہتا ہے۔

لائبریری کے عملے نے اس سے کہا کہ وہ کتاب ان کے پاس چھوڑ جائے تاکہ وہ اس کی قیمت کے بارے میں صحیح تحقیق کرسکیں۔ جلد ہی یہ بات سامنے آگئی کہ تصانیف اور آرٹ کی چوری سے متعلق ایک ویب سائٹ پر اس کتاب کا نام سرفہرست تھا۔

لائبریری کے عملے کو اندازہ ہوا کہ یہ کتاب ایک عشرے قبل انگلینڈ کی ڈرہم یونیورسٹی سے چوری کی گئی ہے۔ انہوں نے ایف بی آئی کو اطلاع دی اور پھر یہ بات برطانوی پولیس تک پہنچ گئی۔

اس واقعے کے دو ہفتے بعد انگلینڈ میں ڈرہم کے قریب ایک شخص کو اس کتاب کی چوری کے الزام میں حراست میں لیا گیا ہے۔

دریں اثناء سن 1623 میں شائع ہونے والا شیکسپیئر کی تصانیف کا یہ مجموعہ امریکہ کی فولجر شیکسپیئر لائبریری میں ہے اور ڈرہم یونیورسٹی اس کوشش میں ہے کہ یہ اس کو جلد از جلد مل جائے۔

(بہ شکریہ بی بی سی ارود 12 جولائی 08)
 
Top