‘تحفظِ بنیادِ اسلام بل‘آزادیٔ رائے پر حملہ ہے

جاسم محمد نے 'صحافت' کی ذیل میں اس موضوع کا آغاز کیا، ‏جولائی 28, 2020

  1. جاسم محمد

    جاسم محمد محفلین

    مراسلے:
    22,189
    ‘تحفظِ بنیادِ اسلام بل‘آزادیٔ رائے پر حملہ ہے
    27/07/2020 خورشید ندیم

    ہم سرعت کے ساتھ ایک ایسے معاشرے کی طرف بڑھ رہے ہیں جس میں آزادیٔ رائے ہر صورت ختم ہو جائے اور شہری روبوٹ میں ڈھل جائیں۔ جو ریاست کے طے کردہ مذہب‘ قومی مفاد اور نظریۂ پاکستان کے بر خلاف رائے رکھے اور زبان کھولے، وہ قابلِ تعزیر ٹھہرے۔ لگتا ہے کہ اہلِ مذہب اس کے لیے ریاست کے دست و بازو بن رہے ہیں، یہ سمجھے بغیر کہ کل وہی اس کا ہدف ہو سکتے ہیں۔ میری نظر میں ‘تحفظِ بنیادِ اسلام بل‘ ایسے معاشرے کی طرف ایک بڑی جست ہے۔

    آزادیٔ رائے اہلِ اقتدار کو کبھی پسند نہیں رہی۔ بادشاہتوں اور آمریتوں میں تو یہ رویہ قابلِ فہم ہے کہ شخصی اقتدار کسی اخلاق اور قانون کا پابند نہیں ہوتا۔ انسانیت طویل عرصہ اسی نظامِ حکومت کی زد میں رہی۔ یہاں تک کہ اللہ کے پیغمبروں نے غلامی پر ضرب لگائی اور اللہ کے آخری رسول سیدنا محمدﷺ کے شاگردِ رشید سیدنا عمرؓ کا جملہ لوحِ تاریخ پر ثبت ہو گیا کہ جن کو ماؤں نے آزاد جنا، کوئی انہیں غلام بنانے کی جسارت نہیں کر سکتا۔ اٹھارہویں صدی میں روسو نے بہ اندازِ دگر یہی کہہ کر گویا اس پر مہرِ تصدیق ثبت کر دی کہ یہ الہامی علم ہو یا غیر الہامی، دونوں انسان کی آزاد حیثیت پر متفق ہیں۔ اس آزادی میں، آزادیٔ رائے بدرجہ اولیٰ شامل ہے۔

    تاریخ یہ ہے کہ حکمران، توہینِ ریاست اور توہینِ مذہب دونوں کو بطور ڈھال استعمال کرتے رہے ہیں۔ اموی دور میں اہلِ اقتدار پر گرفت کرنے والے ‘بغاوت‘ یا دوسرے الفاظ میں توہینِ ریاست کے مرتکب قرار پائے۔ عباسیوں نے توہینِ مذہب کے نام پر اپنے مخالفین پر عرصۂ حیات تنگ کیا۔ امام احمد ابنِ حنبلؒ پر یہی مقدمہ قائم ہوا کہ وہ قرآن مجید کو مخلوق نہیں مانتے، اس لیے قابلِ تعزیر ہیں۔

    دورِ جدید نے سیدنا عمرؓ کے جملے کو ایک سیاسی نظام کی صورت میں متشکل کر دیا۔ جمہوریت میں آزادیٔ رائے بنیادی انسانی حق ہے اور اس پر کوئی قدغن نہیں لگائی جا سکتی۔ انسانی عزت و حرمت اور جان و مال کا تحفظ بھی بنیادی انسانی حقوق میں شامل ہے اور آزادی رائے کا وہ تصور کہیں بھی قابلِ قبول نہیں جو کسی فرد کی آبرو یا جان و مال کو نقصان پہنچانے کا سبب بنے۔ اس کے لیے سخت قوانیں بنائے گئے ہیں۔ مغربی ممالک میں، کسی پر جھوٹا الزام لگانے کی پاداش میں، لوگ عمر بھر کی کمائی سے محروم کر دیے جاتے ہیں؛ تاہم ریاست کو کہیں یہ حق نہیں دیا گیا کہ وہ لوگوں کے بنیادی عقائد میں مداخلت کرے یا وہ طے کرے کہ کیا لکھنا چاہیے اور کیا نہیں۔

    پاکستان کہنے کو ایک جمہوری ملک ہے لیکن اسے تدریجاً ایک پولیس سٹیٹ میں بدلا جا رہا ہے۔ پہلے قومی مفاد کی تعریف کے حقوق ریاست نے اپنے نام کیے اور اب مذہبی مقدمات کی تعریف و تشریح بھی اپنے ذمہ لے لی۔ اس کا مظہر یہ نیا بل ہے جو پنجاب اسمبلی نے منظور کیا اور جسے تحفظِ بنیادِ اسلام کا نام دیا گیا ہے۔ اس بل کے تحت ایک سرکاری افسر، جب چاہے کسی کتاب کو بازار سے اٹھا لے اور کتاب فروش کو گرفتار کر لے۔ آدمی صفائی دیتا رہے گا اور اس میں برس ہا برس گزر جائیں گے۔ کیا اس ماحول میں کسی معاشرے کا فکری ارتقا ممکن ہے؟ کیا اسلام یہی چاہتا ہے؟

    پھر یہ بل ایک طرف اس مقصد کو پورا کرتا دکھائی نہیں دیتا جسے اس کا شانِ نزول بتایا جا رہا ہے اور دوسری طرف اس نے بے شمار نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔ مجھے کوئی شبہ نہیں کہ یہ بل نہ مذہب کی تفہیم کا کوئی اچھا نمونہ ہے اور نہ معاشرے کے ساخت سے واقفیت کا اظہار ہے۔ میں یہاں چند امور کی نشان دہی کرنا چاہتا ہوں:

    1۔ توہین سے ہماری مراد کیا ہے؟ توہین اور تنقید میں کیا فرق ہے؟ یہ فرق کون بیان کرے گا؟ ایک افسر کس بنیاد پر کسی کتاب کے مصنف کو اس کا مرتکب قرار دے گا؟ اس بل میں تورات، انجیل اور پرانی الہامی کتب کی توہین کو بھی جرم کہا گیا ہے۔ اب مسلمانوں کا عقیدہ یہ ہے کہ موجود کتبِ سماوی، الا قرآن مجید، محرّف ہیں۔ ان میں تحریف کر دی گئی ہے۔ کسی آسمانی کتاب کے بارے میں یہ کہنا کہ اس میں تحریف ہو گئی ہے، کیا توہین ہے؟ کیا کسی مسیحی کے لیے یہ قابلِ قبول ہے؟

    2۔ کافر اور غیر مسلم میں کیا فرق ہے؟ کیا ہر غیر مسلم کافر ہے؟ ہم اگر کسی مسیحی کو کافر کہیں تو وہ اسے اپنی توہین سمجھتا ہے۔ وہ خود کو صاحبِ ایمان کہتا ہے کیونکہ وہ خدا اور حضرت مسیح علیہ السلام پر ایمان رکھتا ہے۔ یہی معاملہ یہودیوں کا ہے۔ اگر کل کوئی پاکستانی مسیحی عدالت میں جا کر یہ مقدمہ قائم کرے کہ انہیں کافر نہ کہا جائے تو اس بل کی روشنی میں، اس کا کیا جواب ہو گا؟

    3۔ مسلم تاریخ کے باب میں ہمارے ہاں دو مستقل آرا ہیں جو مسلمانوں میں قدیم ترین فرقہ بندی کی بنیاد ہیں۔ بعض جدید شیعہ علما نے صحابہ کی توہین کو حرام کہا لیکن اس کے با وصف تاریخ کے بارے میں ان کا نقطہ نظر وہی ہے۔ وہ تنقید اور توہین میں فرق کرتے ہیں۔ کیا اس بل کے بعد شیعہ نقطہ نظر پیش کیا جا سکے گا؟ اس بل پر شیعہ ردِ عمل ہمارے سامنے ہے۔

    4۔ روایات اور تاریخ کی وہ کتب جنہیں مسلم روایت میں مراجع و مصادر کی حیثیت حاصل ہے، اُن میں ان گنت روایات ایسی ہیں، جن کی بنیاد پر وہ کتابیں لکھی گئیں جن پر آج پابندی لگائی جا رہی ہے۔ اگر ان روایات کے اصل ماخذ کی اشاعت جائز ہے تو ان کی بنیاد پر قائم مقدمات کی حامل کتب پر پابندی کا کیا جواز ہے؟

    5۔ اس بل کا اطلاق کیا شائع شدہ کتب پر بھی ہو گا؟ بر صغیر میں ایک دوسرے کو گستاخ قرار دینے کی ایک روایت ہے اور اس کی بنیاد بعض کتب پر ہے۔ کیا وہ کتابیں شائع ہوتی رہیں گی؟ اگر ان کی اشاعت جاری ہے تو پھر نئی پابندی کیسے نتیجہ خیز ہو سکتی ہے؟ اسی طرح ہمارے قدیم مصنفین جو جید عالم تھے، اپنی تحریروں میں زیادہ القاب استعمال نہیں کرتے تھے۔ مثال کے طور پر مولانا سید ابوالاعلیٰ مودودی کی کتابوں میںجہاں رسالت مآبﷺ کا نامِ نامی آیا ہے، وہ کم و بیش ہر جگہ صرف ‘نبیﷺ‘ لکھتے ہیں۔ کیا ان کتب کے نئے ایڈیشن تبدیلی کے ساتھ شائع ہوں گے؟

    6۔ مسلمان ہمیشہ حفظِ مراتب کے قائل رہے ہیں مگر اس کا کوئی مسلمہ اصول نہیں۔ اس کا تعلق ذوق اور تفہیم سے ہے۔ اہلِ تشیع سیدنا علی کے ساتھ علیہ السلام اور سنی، رضی اللہ عنہ لکھتے ہیں۔ بعض سنی بھی سیدنا علی کے لیے علیہ السلام لکھتے ہیں۔ اسی طرح غیر صحابی کے لیے بھی رضی اللہ عنہ لکھا جاتا ہے۔ اس پرکوئی پابندی کیسے لگائی جا سکتی ہے اور اس کی دینی دلیل کیا ہے؟

    7۔ احترامِ مذاہب و شخصیات کا ایک قانون پہلے سے موجود ہے۔ ایسے میں ایک نئے قانون کا جواز کیا ہے؟

    نصابی کتب کے بارے میں، میں الگ سے لکھوں گا۔ مذہبی معاملات میں ریاست کی بڑھتی مداخلت کے دو نتائج ناگزیر ہیں۔ ایک یہ کہ خود اہلِ مذہب دیوار سے لگ جائیں اور ایک دن خود ہی اس کے خلاف نکل پڑیں دوسرا یہ کہ عوام مذہبی معاملات اور ان سے وابستہ خوف کے باعث ایک سیکولر ریاست کا مطالبہ لے کر کھڑے ہو جائیں۔ یہ اس طرزِ عمل کا ناگزیر نتیجہ ہے جس پر یورپی تاریخ کی گواہی ثبت ہے۔
     
    • زبردست زبردست × 2
  2. جاسم محمد

    جاسم محمد محفلین

    مراسلے:
    22,189
  3. محمد سعد

    محمد سعد محفلین

    مراسلے:
    2,784
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Bored
    ہو سکتے ہیں کا کیا مطلب۔ مشرف دور میں ہو چکے ہیں۔ سمجھ ان کو پھر بھی نہیں آ رہی۔ انہیں لگتا ہے کہ ایسے اقدام کے برے نتائج صرف ان کے ناپسندیدہ لوگوں کو ہی بھگتنا پڑیں گے۔
    کسی قانون کو بناتے یا سپورٹ کرتے وقت یہ بات ہمیشہ ذہن میں رکھنی چاہیے کہ کل کو پاور ڈائنامکس یکدم بدل بھی سکتی ہیں اور آپ اس مقام پر آ سکتے ہیں جہاں آج آپ کے "ناپسندیدہ" لوگ ہیں۔ ایسا ماضی میں بھی ہوتا رہا ہے اور کوئی وجہ نہیں کہ مستقبل میں دوبارہ نہ ہو۔

    اہل مذہب، اپنے پاؤں پر خود ہی کلہاڑی مار رہے ہیں۔ کبھی کبھی تو محسوس ہوتا ہے کہ جیسے ان کی خواہش ہو کہ جو تھوڑا بہت دین نوجوانوں میں باقی ہے، وہ بھی جاتا رہے۔
     
    • زبردست زبردست × 1
    • متفق متفق × 1
  4. جاسم محمد

    جاسم محمد محفلین

    مراسلے:
    22,189
    اہل تشیع علما نے قانون سازی کے ذریعہ قادیانیوں کو غیر مسلم قرار دیے جانے کی حمایت کی تھی۔ آج ان کی اپنی باری آگئی ہے تو غلطی کا احساس ہوا ہے۔
     
  5. محمد سعد

    محمد سعد محفلین

    مراسلے:
    2,784
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Bored
    اگلا بل شاید نور و بشر کی بحث میں ریاستی مداخلت کا ہو گا۔ پھر اس سے اگلا شاید رفع یدین پر ریاستی موقف کا فیصلہ کرے گا۔ :rolleyes:
     
    • پر مزاح پر مزاح × 2
  6. سین خے

    سین خے محفلین

    مراسلے:
    2,271
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Cheerful
    کہیں پڑھا تھا کہ اس بل کے ذریعے فرقہ واریت کو روکنے کی کوشش کی جائے گی۔ نجانے اسلام کی کونسی خدمت ہے جہاں شروعات ہی اہل تشیع کے خلاف جا کر کی جا رہی ہیں۔
     
    • پر مزاح پر مزاح × 1
  7. محمد سعد

    محمد سعد محفلین

    مراسلے:
    2,784
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Bored
    جب باقی سب فرقوں کو قبرستان یا جیلوں میں پہنچا دیا جائے گا تو فرقہ واریت خود بخود ختم ہو جائے گی۔
    Big brain time!
     
    • پر مزاح پر مزاح × 3
  8. جاسم محمد

    جاسم محمد محفلین

    مراسلے:
    22,189
    بالکل جیسے حکومتوں غربت کی بجائے غریب ختم کر دیتی ہیں :)
     
    • پر مزاح پر مزاح × 1
  9. سید عاطف علی

    سید عاطف علی لائبریرین

    مراسلے:
    9,455
    جھنڈا:
    SaudiArabia
    موڈ:
    Cheerful
    قطع نظر آزادیءاظہار کے، کیا موجودہ قوانین پر عمل ہو رہا ہے جو نئے قوانین کی ضرورت پڑ رہی ہے ؟
     
    • پر مزاح پر مزاح × 1
  10. جاسم محمد

    جاسم محمد محفلین

    مراسلے:
    22,189
    آپ کو یہ خوش فہمی کس نے کروا دی کہ پاکستانی اسمبلیوں میں بیٹھے قانون ساز عوامی فلاح کیلئے قانون سازی کرتے ہیں؟
     
    • پسندیدہ پسندیدہ × 1
  11. محمد خلیل الرحمٰن

    محمد خلیل الرحمٰن مدیر

    مراسلے:
    9,445
    جھنڈا:
    Pakistan
    موڈ:
    Festive
    کیا ستم ظریفی ہے کہ ایک جانب زباں بندی کا وہ عالم ہے کہ الامان، تو دوسری جانب کچھ لوگ ملزم کے خلاف خود ہی عدالت لگاتے ہیں، خود قاضی بن کر سزا سناتے ہیں اور خود ہی جلاد بن کر ملزم کو کیفر کردار تک پہنچادیتے ہیں۔

    نثار میں تری گلیوں کے اے وطن کہ جہاں
    چلی ہے رسم۔۔۔۔۔
     
    • متفق متفق × 1
    • غیر متفق غیر متفق × 1
  12. جاسم محمد

    جاسم محمد محفلین

    مراسلے:
    22,189
    عدلیہ، افواج پاکستان، خفیہ ایجنسیوں اور دین و مذہب کے خلاف زباں بندی ہمیشہ سے اس ملک میں رہی ہے۔ کوئی نئی بات کریں۔
    باقی جتنی تنقید یہ حکومت اپنے اوپر پچھلے دو سال سے برداشت کر رہی ہے۔ کوئی اور حکومت ہوتی توسارا قومی خزانہ اس بلیک میلر میڈیا کو رام کرنے کیلئے سرکاری اشتہارات اور لفافوں کی مد میں کھلا پلا دیتی۔
     
    • پر مزاح پر مزاح × 1

اس صفحے کی تشہیر