یوٹیوب آرکسٹرا کی پہلی پرفارمنس

نیویارک میں ہونے والے یوٹیوب سِمفنی آرکسٹرا میں کم سے کم تیس ملکوں کے نوّے سے زیادہ موسیقاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔

ویڈیو شیئرنگ ویب سائٹ یوٹیوب نے موسیقاروں کے چناؤ کے لیےایک آئن لائن مقابلے کا اہتمام کیا تھا جس میں فنکاروں کو دعوت دی گئی تھی کہ وہ اپنے فن کے مظاہرے کا ایک کلپ یوٹیوب پر اپ لوڈ کریں۔ اس کے بعد ویب سائٹ کے صارفین کی آرا کی روشنی میں حتمی مرحلے کے لیے موسیقاروں کا انتخاب کیا گیا۔

یہ پہلا موقع تھا جب موسیقی کے کسی مقابلے کے لیے فنکاروں کی صلاحیتوں کی جانچ انٹرنیٹ کے ذریعے کی گئی۔

جن فنکاروں کا انتخاب عمل آیا انہیں اپنے فن کے مظاہرے کے لیے نیویارک کے مشہور زمانہ کانیگی ہال میں آنے کی دعوت دی گئی۔

شریک فنکاروں میں زبردست جوش و خروش پایا گیا۔ کولمبیا سے تعلق رکھنے والے ایک موسیقار جان وِلسن کا کہنا تھا کہ اس نے کبھی تصور میں بھی کارنیگی ہال میں خود کو نہیں دیکھا تھا۔

فنکاروں کی عمریں پندرہ سے پچپن برس کی تھیں اور وہ آسٹریلیا اور جنوبی کوریا جیسے دور دراز کے ملکوں سے نیویارک پہنچے تھے۔ کئی تو ایسے تھے جو کبھی اپنے ملکوں سے باہر ہی نہیں گئے تھے۔

بعض موسیقاروں کو آرکسٹرا کے اس مظاہرے سے پہلے ریاض کے لیے صرف تین دن ہی ملے۔

اس کے ڈائریکٹر مائیکل ٹِلسن ٹامس ہیں جن کا تعلق سان فرانسِسکو سِمفنی آرکسٹرا سے ہے۔

اس مقابلے میں شرکت کے لیے تین ہزار کے لگ بھگ ویدڈیو کلپس بھیجے گئے تھے جن میں سے دو سو کا انتخاب کرکے حتمی مرحلے کے لیے یوٹیوب کے صارفین کے سامنے پیش کیا گیا تھا۔
بشکریہ بی بی سی اردو
 
Top