ہوتا نہیں جس جا پہ گذر ذہنِ رسا کا - سید افتخار علی شاہ چشتی قادری معروف بغریب الوطن

حسان خان

لائبریرین
ہوتا نہیں جس جا پہ گذر ذہنِ رسا کا
اُس کوچے میں دیکھو تو نشاں ہے مرے پا کا
میں قالبِ عالم میں ہوں اک روحِ مجسم
اترے گا نہ اوراقِ نگہ پر مرا خاکا
محفل میں اُسے اہلِ وفا کے نہیں رتبہ
شاکی ہو جو عاشق کوئی دلبر کے جفا کا
دیدہ نہ کیا باز کوئی دیکھنے اُس کو
عنقا کی طرح سنتے ہیں سب نام خدا کا
پاتا ہوں تجھے جب میں گذرتا ہوں خودی سے
پردہ ہے مرا نام ترے روئے صفا کا
ہے جلوۂ حق میرے سراپا میں نمایاں
رہتا ہوں میں جس گھر میں وہی گھر ہے خدا کا
ہوں محوِ تماشائے رخِ یار وطنؔ میں
ہے لب پہ مرے نام فنا کا نہ بقا کا
(سید افتخار علی شاہ چشتی قادری معروف بغریب الوطن)
 

سید زبیر

محفلین
کیا بات ہے ۔ ۔ بہت خوبصورت کلام
پاتا ہوں تجھے جب میں گذرتا ہوں خودی سے
پردہ ہے مرا نام ترے روئے صفا کا
جزاک اللہ
 

الشفاء

لائبریرین
پاتا ہوں تجھے جب میں گذرتا ہوں خودی سے
پردہ ہے مرا نام ترے روئے صفا کا
واہ۔واہ سبحان اللہ۔۔۔
بہت خوب انتخاب۔۔۔
 
Top