کچھ شعری اصطلاحات

ع رفیع

محفلین
شعری اصطلاحات میں:
زمین، قافیہ، بحر سے کیا مراد ہوتے ہیں؟ زمین میں مجھے بہت شکوک ہیں، امید ہے آپ سے اشتراک کرکے دور ہوجائیں گے۔
 

دوست

محفلین
زمین سے مراد ہے کہ آپ کسی ثقہ شاعر کی کہی گئی غزل (یا نظم ؟) کے انداز میں غزل یا نظم کہیں۔ قافیہ ردیف وہی ہوں، بحر وہی ہو (؟) بس نفس مضمون آپ کا اپنا ہو۔
بحر سے مراد اشعار کا ردھم ہوتا ہے، جیسے انگریزی میں میٹر ہوتے ہیں۔
قافیہ ایسے الفاظ جن کی آخری آواز ملتی ہو۔ جیسے ڈھلتی، گلتی، چلتی، بلتی میں تی کی آواز سب میں یکساں ہے۔
میرا خیال ہے میں نے ٹھیک ہی بتایا ہے :confused:
 

محمد وارث

لائبریرین
قافیہ ایک جیسی آواز والے مختلف الفاظ کو کہتے ہیں جیسے قاتِل، محفِل، دِل، حاصل وغیرہ قافیہ ہیں، ان سب الفاظ میں ً اِل ً کی آواز مشترک ہے سو ان میں یہی قافیہ ہے۔

ردیف کسی شعر میں قافیہ کے بعد جو الفاظ آئیں اور جو تبدیل نہ ہوں ان کو ردیف کہتے ہیں، جیسے

نقش فریادی ہے کس کی شوخیِ تحریر کا
کاغذی ہے پیرہن ہر پیکرِ تصویر کا

اس میں ًتحریرً اور تصویر قافیہ ہیں اور ً کا ً ردیف۔ اسی طرح

کہاں آ کے رکنے تھے راستے کہاں موڑ تھا، اسے بھول جا
وہ جو مل گیا اسے یاد رکھ، جو نہیں ملا، اسے بھول جا

اس شعر میں ً تھا ً اور ً ملا ً قافیہ ہیں یعنی ً آ ً قافیہ ہے اور ً اسے بھول جا ً ردیف ہے۔

بحرۛ۔ یہ تھوڑی تفصیل طلب بات ہے، مختصراً یہ کہ کوئی بھی شعر کسی خاص وزن یا سانچے یا پیٹرن میں کہا جاتا ہے جسے شعر کی بحر کہا جاتا ہے۔ مثلاً اوپر جو دو شعر میں نے لکھے وہ دونوں مختلف بحروں میں ہیں۔

زمین۔ بحر، اور قافیہ ردیف سے مل کر شعر کی جو صورت بنتی ہے اسے شعر کی زمین کہا جاتا ہے۔ مثلاً اوپر غالب کے شعر کی طرح اگر آپ شعر کہیں جس میں وہی بحر ہو، وہی قافیہ اور وہی ردیف تو کہا جائے گا کہ آپ نے غالب کی زمین میں شعر کہا۔ اگر آپ کوئی ایسا شعر کہیں جس کا قافیہ ردیف وغیرہ پہلے کسی شاعر نے استعمال نہ کی ہو تو وہ آپ کی زمین کہلائے گی اور جو کوئی دوسرا اس طرح کا شعر کہے گا تو وہ آپ کی زمین میں شعر کہے گا۔ زمین منفرد یعنی اپنی زمین ہونا ایک اچھی بات ہے، بڑے شعرا کی زمین اکثر استعمال کی جاتی ہے جو کہ ایک طرح کا ان کو خراجِ تحسین ہوتا ہے۔
 
Top