کچھ اشعار برائے اصلاح

عبدالبصیر

محفلین

شاعری کو ہم ایک مقدس نعمت ہی سمجھتے ہیں۔ بس کبھی کبھار کچھ جذبات کو لفظوں کے جامعے پہناکر محفوظ کرنا اچھا لگتا ہے۔ اگر اصلاح ہوجائے تو اسی بہانے کچھ سیکھ لیں گے۔

جذبہ، ہستی، شباب کھو بیٹھے
تم نہ آئے تو خواب کھوبیٹھے

عشق بے انتہا ہے زوروں پر
سجدہ، زاہد، ثواب کھو بیٹھے

سوچتے ہیں کہ وہ کبھی مجھ سے
یوں ملے کہ حجاب کھو بیٹھے

دور رہنا تھا کب مجھے تم سے
اب دنوں کا حساب کھو بیٹھے

زیست نے یوں کئے سوال کہ ہم
اشک، آنکھیں، جواب کھو بیٹھے

سید عاطف علی

لائبریرین
غزل تو یقینا اچھی ہے البتہ جذبات کا "جامعہ" تھوڑا سا ڈھیلا رہ گیا۔اسے جامہ رہنے دیتے۔ : )
سجدہ، زاہد، ثواب کھو بیٹھے
اس مصرع میں زاہد ایک غیر متناسب جنس سے لگ رہا ہے۔ اگر زاہد کو فاعل مانا جائے تو مذکورہ عناصر کی ترتیب بہت کمزور لگتی ہے۔۔۔۔
اس کی جگہ ۔ زہد، سجدہ، ثواب۔ کی ترکیب زیادہ مناسب ہو۔نیز یہاں شعر تھوڑا سا دو لخت بھی ہے مگر زیادہ نہیں دونوں مصرعوں کو ذرا پیوستہ رکھا جائے تو بہتری آجائے گی۔
یوں ملے کہ حجاب کھو بیٹھے
"کہ" کی بندش ذرا کمزور ہے۔
دور رہنا تھا کب مجھے تم سے
اب دنوں کا حساب کھو بیٹھے
یہ بندش بھی ذرا دو لخت ہے ۔
مجموعی طور پر اشعار اچھے ہیں۔
آداب
 
عبدالبصیر

محفلین
غزل تو یقینا اچھی ہے البتہ جذبات کا "جامعہ" تھوڑا سا ڈھیلا رہ گیا۔اسے جامہ رہنے دیتے۔ : )

اس مصرع میں زاہد ایک غیر متناسب جنس سے لگ رہا ہے۔ اگر زاہد کو فاعل مانا جائے تو مذکورہ عناصر کی ترتیب بہت کمزور لگتی ہے۔۔۔۔
اس کی جگہ ۔ زہد، سجدہ، ثواب۔ کی ترکیب زیادہ مناسب ہو۔نیز یہاں شعر تھوڑا سا دو لخت بھی ہے مگر زیادہ نہیں دونوں مصرعوں کو ذرا پیوستہ رکھا جائے تو بہتری آجائے گی۔

"کہ" کی بندش ذرا کمزور ہے۔

یہ بندش بھی ذرا دو لخت ہے ۔
مجموعی طور پر اشعار اچھے ہیں۔
آداب

آداب اور بہت بہت شکریہ اپنے قیمتی وقت اور موتیوں جیسے الفاظ کا، بس یہی تو مقصد ہے کہ کوئی اصلاحی نظر ڈالے اشعار پر۔ معذرت پر شعر کے دو لخت ہونے سے کیا مراد ہے؟ جان کر خوشی ہوگی
 
الف عین

لائبریرین
دو لختی سے مراد یہ ہے کہ دونوں مصرعے الگ الگ تو معنی دیتے ہیں، لیکن بطور شعر ان کا مجموعی مطلب واضح نہیں ہوتا۔
 
عبدالبصیر

محفلین
دو لختی سے مراد یہ ہے کہ دونوں مصرعے الگ الگ تو معنی دیتے ہیں، لیکن بطور شعر ان کا مجموعی مطلب واضح نہیں ہوتا۔
سر بہت شکریہ آپ کا بھی، خوشی ہوئی آپ کے کمنٹس دیکھ کر۔

عشق بے انتہا ہے زوروں پر​
زہد، سجدہ، ثواب کھو بیٹھے​

اس شعر میں میں نے ایک صوفی، درویش کی اُس حالت کا ذکر کیا ہے جو عشق حقیقی میں سجدوں اور ثواب کا حساب کتاب عشق کی شدت کی وجہ سے کھو بیٹھے، کیا یہی شعر دولختی ہے؟
 
الف عین

لائبریرین
سر بہت شکریہ آپ کا بھی، خوشی ہوئی آپ کے کمنٹس دیکھ کر۔

عشق بے انتہا ہے زوروں پر
زہد، سجدہ، ثواب کھو بیٹھے​

اس شعر میں میں نے ایک صوفی، درویش کی اُس حالت کا ذکر کیا ہے جو عشق حقیقی میں سجدوں اور ثواب کا حساب کتاب عشق کی شدت کی وجہ سے کھو بیٹھے، کیا یہی شعر دولختی ہے؟
الفاظ اس ٌخیال کا ساتھ نہیں دے رہے۔
 
Top