ڈوبتے ہیں سُرخ سورج کے مماثل گھر میں ہم ۔۔ غزل اصلاح کے لیے

السلام علیکم
ایک غزل اصلاح کے لیے پیش کر رہا ہوں۔ استاد محترم جناب الف عین سر اور احباب سے اصلاح اور مشوروں کی درخواست کرتا ہوں ۔
ارکان بحر : فاعلاتن فاعلاتن فاعلاتن فاعلن

خونِ شامِ جستجو ہے، جس کے پس منظر میں ہم
ڈوبتے ہیں سُرخ سورج کے مماثل گھر میں ہم

ایک پر بت کاٹنا ہے، جس کی خاکستر میں ہم
توڑنا ہے ہجر کا پتھر وہ، جس پتھر میں ہم

طاق میں دل کے، مزیّن دوستوں کی مُہر سے
درد کی تحریر اور اُس نامہءِ محضر میں ہم

اپنی جانب گہری کالی رات کے سائے بڑھے
پھر سے تیری یاد کا وحشی ہے اور ٹھوکر میں ہم

سامنا ہے سرد سنگ دل رات کا، اور عادتاََ
گنگناتے پھر رہے ہیں تنگ سی چادر میں ہم

چاٹتا ہے جسم و جاں کو، زہر تیری یاد کا
گھومتے ہیں دل گرفتہ، دل شکستہ، گھر میں ہم

کربِ تنہائی کا عفریت ہے منہ کھولے ہوئے
چار سو بانگِ قیامت، اور اُس محشر میں ہم

کیا مکاں تاکا ہے قسمت نے ہمارے واسطے
سرد آغوشِ تغافل، ٹھنڈے، یخ بستر میں ہم

جگمگاتی اک عنایت، گرمی و خوشبوءِ یار
لو، فروزاں کر رہے ہیں اک دِیا، صَرصَر میں ہم

فاش کردے آ کے سب تُو رات کی رانی کے راز
ہالہ خوشبو کا بنا ایسا کہ ہوں محور میں ہم

میری پلکیں تیری پلکوں سے ہیں محوِ گفتگو
بے خبر دنیا سے کاشف، گم ہیں اِس منظر میں ہم

سیّد کاشف

شکریہ
 

الف عین

لائبریرین
اچھی غزل ہے ماشاء اللہ منظر نگاری بھی خوب ہے
تین مسلسل اشعار پر کچھ سوالات اٹھتے ہیں
سامنا ہے سرد سنگ دل رات کا، اور عادتاََ
گنگناتے پھر رہے ہیں تنگ سی چادر میں ہم
. ۔۔۔سنگدل کا گاف بھی گنگناتا پھر رہا ہے بحر سے خارج ہو کر ۔ سوال یہ کہ چادر میں گھوما پھرا جاتا ہے یا لپیٹ کر لیٹا جاتا ہے، پھر چادر بھی گرم نہیں بلکہ تنگ یا چھوٹی ہے جس میں سرد ہوا گھسنے کا معقول انتظام ہے اور ان حالات میں گنگنانا؟

چاٹتا ہے جسم و جاں کو، زہر تیری یاد کا
گھومتے ہیں دل گرفتہ، دل شکستہ، گھر میں ہم
۔۔گھر کے اندر ہی گھوم پھر رہے ہیں؟ ممکن ہے اگر گھر بہت بڑا ہو

کربِ تنہائی کا عفریت ہے منہ کھولے ہوئے
چار سو بانگِ قیامت، اور اُس محشر میں ہم
پہلا مصرع خارج از بحر ہے یا شاید ٹائپو ہے
ہے عفریت کو عفریت ہے لکھ گئے
بانگ کی جگہ 'شور' کہنے میں کیا حرج ہے؟
باقی مجھے سب درست لگ رہا ہے
 
سامنا ہے سرد سنگ دل رات کا، اور عادتاََ
گنگناتے پھر رہے ہیں تنگ سی چادر میں ہم
. ۔۔۔سنگدل کا گاف بھی گنگناتا پھر رہا ہے بحر سے خارج ہو کر ۔ سوال یہ کہ چادر میں گھوما پھرا جاتا ہے یا لپیٹ کر لیٹا جاتا ہے، پھر چادر بھی گرم نہیں بلکہ تنگ یا چھوٹی ہے جس میں سرد ہوا گھسنے کا معقول انتظام ہے اور ان حالات میں گنگنانا؟
بہت بہتر استاد محترم۔ میرا دھیان اس جانب نہیں گیا تھا۔
سامنا ہے سنگ دل شب کا ہمیں اور عادتاََ
کیا درست ہے ؟
چاٹتا ہے جسم و جاں کو، زہر تیری یاد کا
گھومتے ہیں دل گرفتہ، دل شکستہ، گھر میں ہم
۔۔گھر کے اندر ہی گھوم پھر رہے ہیں؟ ممکن ہے اگر گھر بہت بڑا ہو
جی ایسا ہی سمجھ رہا تھا ۔۔۔ ویسے ذہن میں رہیگا کہ کچھ اور بہتر کہہ سکوں۔
کربِ تنہائی کا عفریت ہے منہ کھولے ہوئے
چار سو بانگِ قیامت، اور اُس محشر میں ہم
پہلا مصرع خارج از بحر ہے یا شاید ٹائپو ہے
ہے عفریت کو عفریت ہے لکھ گئے
بانگ کی جگہ 'شور' کہنے میں کیا حرج ہے؟
کربِ تنہائی کا ہے عِفریِت منہ کھولے ہوئے
چار سو بانگِ قیامت اور اس محشر میں ہم
لفظ "بانگ" یہاں مجھے زیادہ بہتر لگا تھا۔ "شورِمحشر" تو اکثر استعمال ہوتا ہے۔
جزاک اللہ سر !
 
Top