حج اکبر ہوتے ہوتے رہ گیا،
حج اکبر
---------------------
اکثر لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ جس سال یوم عرفہ‘ جمعہ کے روز آئے وہ حج ’’حج اکبر‘‘ کہلاتا ہے اور اس کا ثواب عام حج کی نسبت ستر گناہ زیادہ ہوتا ہے- یہ تصور بالکل غلط ہے۔
9 ہجری میں رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو امیر حج بنا کر بھیجا- بعد میں سورہ توبہ کی شروع کی آیات نازل ہوئیں جن میں یہ بات بھی ارشاد فرمائی گئی:
{ وَ آذَانٌ مِّنَ اللّٰہِ وَ رَسُوْلِہٖ اِلَی النَّاسِ یَوْمَ الْحَجِّ الْاَکْبَرِ اَنَّ اللّٰہَ بَرِیْئٌ مِّنَ الْمُشْرِکِیْنَ وَ رَسُوْلُہٗ } (3:9)
’’اطلاع عام ہے اللہ اور اس کے رسول کی طرف سے حج اکبر کے دن تمام لوگوں کے لئے کہ اللہ اور اس کا رسول مشرکین سے بری الذمہ ہیں-‘‘ (سورۃ التوبہ، آیت نمبر3)
نزول آیات کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو بھیجا کہ آپ جا کر حج کے موقع پر لوگوں کو یہ اعلان سنادیں- یہ بات تحقیق شدہ ہے کہ 9 ہجری میں یوم عرفہ، جمعہ کے روز نہیں تھا،لیکن قرآن مجید نے اس کے لئے ’’حج اکبر‘‘ کا لفظ استعمال کیا ہے-
10 ہجری میں جب رسول اکرم صلی اللہ وعلیہ وسلم نے حجة الوداع ادا فرمایا۔ اس سال یوم عرفہ جمعہ کے روز تھا۔
10 ذی الحجہ کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ ارشاد فرماتے ہوئے لوگوں سے پوچھا ’’یہ کون سا دن ہے؟‘‘ لوگوں نے عرض کیا ’’یہ یوم النحر ہے‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا ((ھٰذَا یَوْمُ الْحَجّ الْاَکْبَر)) یعنی ’’یہ حج اکبر کا دن ہے- ‘‘(ابو دائود)
اس کا مطلب یہ ہے کہ یوم عرفہ، جمعہ کے روز آئے یا کسی دوسرے دن۔ ذی الحجہ میں ادا کیا گیا ہر حج‘ حج اکبر ہی کہلائے گا- یاد رہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے قربانی کے دن خطبہ دیتے ہوئے یہ بات ارشاد فرمائی کہ آج یوم نحر ہے اور یہ یوم ’’حج اکبر‘‘ ہے-
گویا ہر حج میں قربانی کا دن حج اکبر کا دن ہے۔ امام احمد بن حنبل رحمہ اللہ کی مسند میں ایک باب کا نام ہی یہ رکھا گیا ہے ’’یوم حج اکبر سے مراد یوم نحر ہے اس سے یہ بات واضح ہو جاتی ہے کہ ہر سال یوم نحر یوم حج اکبر ہے اور ہر سال کا حج‘ حج اکبر کہلاتا ہے-
حج کو’’ حج اکبر‘‘ کہنے کی وجہ صرف یہ ہے کہ عمرہ میں چونکہ حج کے کچھ ارکان شامل ہیں اس لئے اہل عرب عمرہ کو ’’حج اصغر‘‘ کہتے تھے ، لہٰذا ذو الحجہ میں ادا کئے گئے حج کو ’’حج اصغر‘‘ سے ممیز کرنے کے لئے ’’حج اکبر‘‘ کی اصطلاح استعمال کرتے تھے اور اب بھی اہل علم اسی مفہوم کے ساتھ یہ دونوں اصطلاحات استعمال کرتے ہیں-
محمد اقبال کیلانی
حج و عمرہ سے متعلق عوام کی غلط فہمیاں