میرا جی چاہے نہ مجھے گو دل تیرا، تو مجھ کو چاہ بڑھانے دے - میرا جی

کاشفی

محفلین
گیت​
(میرا جی)​
​
چاہے نہ مجھے گو دل تیرا، تو مجھ کو چاہ بڑھانے دے​
اِک پاگل پریمی کو اپنی چاہت کے نغمے گانے دے​
​
تو رانی پریم کہانی کی، چپ چاپ کہانی سنتی جا​
یہ پریم کی بانی سنتی جا، پریمی کو گیت سُنانے دے​
​
یہ چاہت میرا جذبہ ہے، میرے دل کا میٹھا نغمہ​
ان باتوں سے کیا کام تجھے، ان باتوں کو کہہ جانے دے​
​
تُو دور اکیلی بیٹھی ہے سُکھ سُندرتا کی دُنیا میں​
میں دُور بہا جاتا ہوں پریم کی ندّی میں، بہہ جانے دے​
​
گر بھُولے سے اس جذبے کا تو گیت جوابی گا بیٹھی​
یہ جادو سب مٹ جائے گا، اس کو جوبن پر آنے دے​
​
ہاں، جیت میں نشہ کوئی نہیں، نشہ ہے جیت سے دوری میں​
یہ راہ رسیلی چلتا ہوں، اس راہ پہ چلتا جانے دے​
 
محفل فورم صرف مطالعے کے لیے دستیاب ہے۔
Top