پرانی موٹر سائیکل کے فوائد

پرانی موٹر سائیکل کے فوائد
٭ سستا مل جاتا ہے تھوڑے سے پیسوں میں انسان پورے موٹر سائیکل کا مالک کہلاتا ہے ۔
٭ اس کے مالک کولوگ تنگ دست سمجھتے ہیں ۔ کوئی شریف اور سمجھدار آدمی قرض مانگنے نہیں آتا۔
٭ چوری چکاری کا کوئی خطرہ نہیں ۔ لاک کرنے کی فکر سے چھٹکارا
٭ کہیں راستے میں بند ہوجائے تو نہایت اطمینان سے فٹ پاتھ کے کنارے بغیر لاک کئے چھوڑا جاسکتا ہے ۔ فلم دیکھنے جائیں تو اسٹینڈ پر کھڑا کرکے خواہ مخواہ پیسے ضائع کرنے قطعاً ضرورت نہیں ۔ سینما کے قرب و جوار میں کہیں بھی کھڑا کیا جاسکتا ہے ۔ (نوٹ: لاک نہ کریں۔ ٹریفک میں دشواری کی صورت میں لوگ خودبخود کسی مناسب جگہ کھڑا کردیں گے)
٭ اسے چالو ضرورت میں رکھنے کی فکر ہی اتنے تسلسل کے ساتھ طاری رہتی ہے کہ زندگی کے دوسرے بڑے غموں میں مبتلا ہونے کی فرصت نہیں ملتی۔
٭ فارغ اوقات میں اس کے نٹ بولٹ کسنے ، تیل پانی چیک کرنے اور صفائی کے نام پر گھسے پٹے روغن کی مزید گھسائی ۔۔۔۔۔۔ ایسے کام ہیں جو انسان کو فارغ نہیں رہنے دیتے ۔ خالی دماغ میں شیطان اپنی ورکشاپ کھول لیتا ہے پرانی موٹر سائیکل شیطان کے لئے نو ویکنسی( No Vacancy) کا بورڈ ثابت ہوتی ہے ۔
٭ اردلی یا خادم کو مصروف رکھنے کا بہترین مصرف ۔ ڈھیلے پیچ کسنے اور نہلائی دھلائی میں کافی دیر تک مصروف رکھا جاسکتا ہے ۔
٭ کوئی اسے عاریتاً مانگنے کی جرأ ت نہیں کرتا ہے اس کے ہاتھوں مرور زمانہ سے ستایا کوئی نہ کوئی نازک پرزہ ضرورٹوٹتا ہے جومروتاً وہ خود ہی تبدیل کروادیتا ہے ۔ اس دو خوشگوار تجربوں کے بعد اس کا مالک اسے اُدھار دینے پر ادھار کھائے بیٹھا رہتا ہے ۔ اس کی دریا دلی اور فیاضی کے چرچے زبان زد عام ہونے کے امکانات بڑھ جاتے ہیں ۔
٭ اس کا مالک اس کے انشورینس کے کاغذات ہمیشہ مکمل رکھتا ہے ۔ چھوٹے موٹے حادثوں کی پروا نہیں کرتا بلکہ ان کی تاک میں لگا رہتا ہے ۔ دوستوں کے حلقوں میں دلیر، بے باک ، نڈر ، بے خوف جیسے خطابات سے نوازا جاتا ہے ۔
٭ اس سے نکلتی ہوئی آوازیں اس کی انفرادیت کا آئینہ دار ہوتی ہیں۔ اس کا شور چار دانگ عالم میں مشہور ہوتا ہے ۔ گھر پرنام کی تختی نہ بھی ہو تو باآسانی ان تک پہنچا جاسکتا ہے ۔
٭ اس کے سوار میں توکل علی اللہ بڑھ جاتاہے ۔ ثواب کمانے کے متعدد مواقع حاصل رہتے ہیں۔ سوار ہونے پر سواری مسخر کرنے پر خدا کا شکر ، بریک فیل ہونے پر یاد آنے والے ادھورے کلموں کا ورد، کلچ وائر ٹوٹ جانے پر ''یا اللہ تیراہی آسرا ہے '' کہتے ہوئے سفر جاری رکھنا' بھری پڑی سڑک پر ٹائر پنکچر ہونے پر پٹاخ کی آواز کے ساتھ اناللہ پڑھنا اورمذکورہ بالاکوئی صورت پیش نہ آئے تو بار بار خدا کے لئے شکر کے'' چلی جارہی ہے خدا کے سہارے '' وغیرہ وغیرہ ۔
٭ اس کا مالک اسپیئر پارٹس کے صنعت کے فروغ اور کباڑیوں کی سرپرستی میں ہر دوسرے تیسرے دن بھرپور حصہ لیتا ہے ۔
٭ پرانے پرزوں کے بازاروں اور کباڑیوں کی دُکانوں پر باربار آمد ورفت اس کے مالک کے حلقہ دوستی میں اضافے کا موجب بنتی ہے ۔ معاشرے سے اجنبیت کم ہوتی ہے ۔
٭ اس کے مالک کی تمام تر عملی کوششوں کے باوجود زیادہ وقت یہ کھڑا رہ کر گزارتا ہے ۔
٭ پٹرول کی بچت ہوتی ہے ۔ وزارت برائے قدرتی وسائل کی طرف سے توانائی کی بچت کی اپیل پر خودبخود عمل ہوتا رہتا ہے ۔
٭ کچھ مالکان نئے موٹر سائیکل کے لئے رقم کی فراہمی کی خاطر کسی غیرمتوقع ، اچانک اور خوشگوار واقعے کے منتظر رہتے ہیں ۔ اپنی اپنی بساط کے مطابق ریفل ٹکٹ یا پرائز بانڈ خریدتے ہیں اور یوں قوم کی مجموعی بچت میں اضافہ کرتے ہوئے ملکی معیشت کے استحکام میں براہِ راست حصہ لیتے ہیں۔
٭ اس کا وار ٹریفک کے اصولوں کی بھرپور پابندی کرتا ہے ۔ تیز رفتاری سے گریز کرتا ہے ۔ موقع ملنے کے باوجود اوور ٹیکنگ سے باز رہتا ہے ۔
٭ ٹریفک پولیس کا سپاہی ایک آدھ بار تو اسے روکنے کی حماقت کرسکتا ہے لیکن چوک خالی کرانے کے لئے بنفس نفیس اسے دھکا لگانا پڑے تو پھر دو ر سے آتا دیکھ کر دُعا کرتا ہے کہ وہ اس کے ذمہ داری کے علاقے سے بخیریت گزر جائے ۔ پولیس کی طرف سے کسی شہری کے حق میں دعائے خیر؟'' یہ رتبہ بلندملا جس کو مل گیا۔
 

تلمیذ

لائبریرین
نہایت اچھی تحریر ہے ، جس سے یہ بات بخوبی واضح ہو رہی ہے کہ آؔپ میں مزاح لکھنے کی اچھی خاصی صلاحیت ہے۔

اس کو جاری رکھیں اور نت نئے مو ضوعات پر طبع آزمائی کرتے رہیں ، انشاء اللہ آپکا انداز کافی بہتر ہو جائے گا۔
 
نہایت اچھی تحریر ہے ، جس سے یہ بات بخوبی واضح ہو رہی ہے کہ آؔپ میں مزاح لکھنے کی اچھی خاصی صلاحیت ہے۔

اس کو جاری رکھیں اور نت نئے مو ضوعات پر طبع آزمائی کرتے رہیں ، انشاء اللہ آپکا انداز کافی بہتر ہو جائے گا۔

آپ سب کی طرف سے حوصلہ افزائی کرنے کا بہت بہت شکریہ۔ آئندہ بھی ایسی تحریریں پیش کرتا رہوں‌ گا۔

----------------
نوید انجانا
-------------
 

دوست

محفلین
میرا انتخاب اگر پسند آئے تو حوصلہ افزائی ضرور کیجئے گا۔
شکریہ
---------------------
نوید انجانا
نوید یہ آپ کی اپنی تحریر ہے یا کسی اور کی؟
انتخاب سے مراد یہ لیا جاتا ہے کہ کوئی تحریر پسند آئی اور وہ پوسٹ کردی۔
تحریر تو اچھی ہے خیر۔ پرانی موٹر سائیکل پر پہلی بار پڑھا ہے۔:)
 
Top