وسکانسن کے کھیت کھلیان

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
کئی اور عارضوں کے علاوہ مصوری ، خطاطی اور فوٹوگرافی کے مشاغل کا شوق مجھے اپنے لڑکپن ہی سے رہا ہے۔اس کے پیچھے نہاں دلچسپ داستان یہاں لکھنے کا موقع نہیں ۔ قصہ مختصر یہ کہ ڈیجیٹل کیمرے آنے سے بہت پہلے فوٹوگرافی سیکھی اور بلامبالغہ درجنوں کے حساب سے رول استعمال کر ڈالے ۔ چار ضرب چھ انچ کے فوٹو تو اکثر امتدادِ وقت کے ہاتھوں ادھر ادھر ہوگئے البتہ کئی ہزار نیگیٹو ایک ضخیم البم میں کب سے اسکین ہونے کے انتظار میں سوکھ رہے ہیں ( وہی ریٹائرمنٹ والی بات۔۔:))۔ ڈیجیٹل کیمرے بہت عرصہ پہلے خریدنا بند کردیے کہ مہنگے تر ہوتے جارہے تھے اور ترجیحات تبدیل ہوتی جارہی تھیں ، اور استعمال کرنے کا وقت بھی نہیں تھا ۔ اب اگر سیر تفریح کے لیے نکلوں اور کوئی منظر آنکھوں میں اتر آئے تو سیل فون کیمر ے کا رخ اس کی طرف کر کے بٹن دبا دیتا ہوں ۔ قدرتی مناظر کا دلدادہ ہوں ۔ اس دھاگے میں ریاست وسکانسن کے کچھ کھیتوں ، کھلیانوں اور ان میں پائی جانےوالی کوٹھیوں کی تصاویر لگانے کا ارادہ ہے۔ پچھلے ویک اینڈ پر کمپیوٹر کھنگال کر یہ تصو یریں یکجا کی ہیں ۔
یہ تصاویر پچھلے پندرہ بیس سالوں میں مختلف اوقات میں مختلف سیل فون کیمروں سے کھینچی گئی ہیں ۔ چند تصاویر اولمپس اور سونی (اے200) ڈی ایس ایل آر کی بھی ہیں ۔
کچھ شرارتی تصویریں جو دھوپ اور سائے سے آنکھ مچولی کھیل رہی تھیں سزا کے طور پر لائٹ روم کی سیر بھی کر آئی ہیں ۔ دو تصویروں میں سے بجلی کے وہ تار بھی ہٹانا پڑے کہ جنہیں محکمۂ کہربائی نے فوٹو گرافر حضرات کی سہولت کو یکسر نظر انداز کرتے ہوئے انتہائی غیر مناسب جگہوں پر سے گزار دیا تھا ۔ اللہ ان کی خطائیں معاف فرمائے۔ تصاویر کے کئی دھاگے شروع کرنے کا ارادہ ہے ۔ اللہ کریم میری بھی خطائیں معاف فرمائے۔ :)
 
Top