نمکین غزل: مجھے چاہتا کوئی اور تھا، یہ میاں مرا کوئی اور ہے:: از:: محمد خلیل الرحمٰن

نمکین غزل
محمد خلیل الرحمٰن

مجھے چاہتا کوئی اور تھا، یہ میاں مرا کوئی اور ہے
میں پسند ہوں کسی اور کی، مجھے لے اُڑا کوئی اور ہے

کسی بد نصیب کو پھانس کر ، غزل ایک ہم بھی سنا گئے
جو نکل لیا کوئی اور تھا، وہ جو پھنس گیا کوئی اور ہے

یہ عجیب لے ، یہ عجیب دھُن ، جو ہمارے بس میں نہیں رہی
مرا ہم نوا کوئی اور تھا، پہ یہ بے سُرا کوئی اور ہے

وہ مٹک مٹک کے چلی جہاں ، کئی ایک راہ میں لُٹ گئے
اُسے تاڑتا کوئی اور تھا، وہ جو پِٹ گیا کوئی اور ہے

جسے لے گئے تھے مشاعرے میں وہ اپنے ساتھ رُکا نہ تھا
پئے واہ وا کوئی اور تھا، وہ جو ہنس دیا کوئی اور ہے

جسے گھیر گھار کے لائے تھے، کسی اور جا وہ نکل لیا
وہ کمال تھا، کوئی اور تھا، یہ غزل سرا کوئی اور ہے

ہے یہی خلیل کی آرزو، یہی اپنی آج بھی جستجو
نہ ترا خدا کوئی اور تھا، نہ مرا خدا کوئی اور ہے
 
متلاشی

محفلین
یہ غزل جو تم نے کہی میاں ، کسی اور کی نہ مجال تھی
وہ جو کہہ گیا کوئی اور تھا ، جو نہ کہہ سکا کوئی اور ہے !
 
الف عین

لائبریرین
بہت خوب خلیل، مطلع کسی اور نے تو نہیں کہا ہے؟
وہ عجیب لے ، وہ عجیب دھُن ، جو ہمارے بس میں نہیں رہی
مرا ہم نوا کوئی اور تھا، پہ یہ بے سُرا کوئی اور ہے

وہ مٹک مٹک کے چلی جہاں ، کئی ایک راہ میں لُٹ گئے
اُسے تاڑتا کوئی اور تھا، یہ جو پِٹ گیا کوئی اور ہے

جسے لے گئے تھے مشاعرے میں وہ اپنے ساتھ رُکا نہ تھا
پئے واہ وا کوئی اور تھا، یہ جو ہنس دیا کوئی اور ہے
ان اشعار میں ’یہ‘ کی جگہ ’وہ‘ اور vice versa کر دیں تو کیسا رہے؟
کئی ایک راہ میں لُٹ گئے​
بھی کچھ توجہ چاہتا ہے۔’کئی راہ راہ میں‘، یا ’کئی لوگ راہ میں‘۔ بلکہ راہ میں لٹنے کی بات ہی کیوں، یہاں تو ’پشتوں کے کشتے‘ لگنے کی بات ہونی چاہئے تھی۔ ارر۔ میرا مطلب ہے کشتوں کے پشتے۔
 
بہت خوب خلیل، مطلع کسی اور نے تو نہیں کہا ہے؟

پچھلے آدھے گھنٹے کی کارستانی ہے جو وفورِ شوق میں فوراً ہی محفل پر پیش کردی۔ اب آپ کا یہی سوال تمام محفلین سے ہے ، اگر کسی صاحب نے کہیں پڑھا ہو تو فوراً رجوع کریں ، ہم فوراً اپنے شعر سے رجوع کرلیں گے۔
 
کئی ایک راہ میں لُٹ گئے

بھی کچھ توجہ چاہتا ہے۔’کئی راہ راہ میں‘، یا ’کئی لوگ راہ میں‘۔ بلکہ راہ میں لٹنے کی بات ہی کیوں، یہاں تو ’پشتوں کے کشتے‘ لگنے کی بات ہونی چاہئے تھی۔ ارر۔ میرا مطلب ہے کشتوں کے پشتے۔
استادِ محترم کی دانستہ ’لڑکھڑاہٹ‘ پسند آئی
:)
 
الف عین

لائبریرین
پچھلے آدھے گھنٹے کی کارستانی ہے جو وفورِ شوق میں فوراً ہی محفل پر پیش کردی۔ اب آپ کا یہی سوال تمام محفلین سے ہے ، اگر کسی صاحب نے کہیں پڑھا ہو تو فوراً رجوع کریں ، ہم فوراً اپنے شعر سے رجوع کرلیں گے۔
ارے وہ تو مذاق کیا تھا، کیونکہ اظہار کسی محترمہ کی طرف سے تھا نا!!
 
Top