الشفاء

لائبریرین
* مسجد میں آنے جانے کی سنتیں *

جب نماز وغیرہ کے لئے مسجد کی طرف جانا ہو تو آرام سے وقار کے ساتھ چل کر جانا چاہیئے۔ جلدی پہنچنے کے لئے دوڑتے ہوئے جانا صحیح نہیں۔۔۔
مسجد میں داخل ہوتے وقت پہلے دایاں پاؤں اندر رکھیں۔ اور یہ دعا پڑھیں۔۔۔

بسم اللہ والصلاۃ والسلام علٰی رسول اللہ۔ اللٰھم افتح لی ابواب رحمتک۔۔۔

اس دعا میں آپ نے تین سنتوں پر عمل کر لیا۔۔۔ ایک بسم اللہ پڑھنا، دوسرا آقا علیہ الصلاۃ والسلام کو درود و سلام کا نذرانہ پیش کرنا، اور تیسرا دعا مانگنا کہ اے اللہ مجھ پر اپنی رحمت کے دروازے کھول دے۔۔۔

اور ساتھ ہی اعتکاف کی نیت بھی کر لیں کہ جب تک مسجد میں رہیں گے اعتکاف کا ثواب بھی ملتا رہے گا۔۔۔

نویتُ سنت الاعتکاف۔۔۔

مسجد سے نکلتے وقت پہلے بایاں پاؤں باہر نکالیں اور یہ دعا پڑھیں۔۔۔


بسم اللہ والصلاۃ والسلام علٰی رسول اللہ۔ اللٰھم انی اسئلک من فضلک۔

اے اللہ میں تجھ سے تیرے فضل کا سوال کرتا ہوں۔۔۔

.....
 

الشفاء

لائبریرین
بیماری، علاج اور عیادت کی سنتیں
جب کوئی بیمار ہو جائے تو دوا لینا اور علاج کرانا آقا علیہ الصلاۃ والسلام کی سنت ہے اور جب نیت یہی ہوگی تو دوا لینے پر بھی اجر و ثواب ملے گا۔ مگر شفاء کے لئے نظر اللہ تعالٰی کے لطف و کرم پر ہی رہنی چاہیئے کہ دوا و علاج تو صرف اسباب و ذرائع ہیں۔ شفاء عطا کرنا اسی قادر مطلق کے ہاتھ میں ہے۔ جس کو چاہتا ہے اور جب چاہتا ہے صحت عطا فرماتا ہے۔۔۔
کلونجی اور شہد کے ساتھ علاج کرنا سنت مصطفٰے صل اللہ علیہ وآلہ وسلم ہے۔۔۔ آپ کے ارشاد کے مطابق اللہ تعالٰی نے ان دونوں چیزوں میں شفا رکھی ہے۔ اور ان دونوں کی تعریف میں بہت سی احادیث آئی ہیں۔۔۔البتہ مریض کے مزاج کے مطابق طبیب کا مشورہ بھی ضروری ہے۔۔۔
علاج کے دوران نقصان پہنچانے والی چیزوں سے پرہیز کرنے کے ارشادات بھی موجود ہیں۔۔۔
اپنے بیمار بھائی کی عیادت کے لئے جانا سنت ہے۔۔۔ آپ صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کا ارشاد ہے کہ
عودوالمریض۔۔۔ مریض کی عیادت کیا کرو۔۔۔
حضرت جابر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ جب میں بیمار ہوا تو مدنی آقا علیہ الصلاۃ والسلام میری عیادت کے لئے تشریف لائے۔۔۔ سبحان اللہ۔۔۔

جب بیمار کی عیادت کے لئے جائیں تو وہاں زیادہ دیر نہیں بیٹھنا چاہیئے۔ اور بیمار پرسی کر کے جلد لوٹ آنا چاہیئے کہ ہو سکتا ہے زیادہ دیر بیٹھنے سے مریض رنجیدہ ہو یا اس کے گھر والوں کے کام میں خلل پڑے۔۔۔
بیمار کو تسلی دینا اور خوشگوار باتوں کے ذریعے اس کا حوصلہ بڑھانا چاہیئے۔۔۔ کوئی ڈر یا خوف پیدا کرنے والی بات بیمار سے نہیں کہنی چاہیئے۔۔۔

جب کسی مریض کی عیادت فرمائیں تو یوں کہیں۔۔۔

لا باس ، طھور ان شاءاللہ۔۔۔
غم کی کوئی بات نہیں۔ ان شاءاللہ یہ بیماری گناہوں سے پاک کر دینے والی ہے۔۔۔
پھر اس کی شفایابی کے لئے سات بار یہ دعا پڑھیں۔۔۔​
اسئل اللہ العظیم ، رب العرش العظیم، ان یشفیک۔۔۔
میں اللہ عزوجل سے سوال کرتا ہوں جو عرش عظیم کا رب ہے کہ وہ آپ کو شفا عطا فرمائے۔۔۔
آقا علیہ الصلاۃ والسلام نے ارشاد فرمایا ہے کہ اس دعا کے سات مرتبہ پڑھنے سے مریض کو شفاء ہوگی۔ ہاں اگر اس کی موت ہی آ گئی ہو تو دوسری بات ہے۔۔۔
.....
 

الشفاء

لائبریرین
رات کو سونے کی سنتیں اور آداب

آقا علیہ الصلاۃ والسلام نے رات کو سونے سے پہلے بہت ساری پیاری پیاری سنتیں سکھائی ہیں۔ جن میں سے کچھ بیان کرنے کی سعادت حاصل کرتے ہیں۔ ان میں سے جتنی بھی یاد رہیں۔ ان پر عمل کرنا معمول بنا لیں۔

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم پڑھ کر گھر کے دروازے بند کریں اور لاک لگائیں۔۔۔

جن برتنوں میں کھانے پینے کی چیزیں ہوں ان کو بسم اللہ پڑھ کر ڈھانپ دیں۔۔۔ حتٰی کہ پانی کی بالٹی کو بھی بسم اللہ پڑھ کر ڈھانپ دیں۔۔۔

آگ جل یا سلگ رہی ہو تو بسم اللہ پڑھ کر اس کو بجھا دیں۔۔۔

چراغ کو بسم اللہ پڑھ کر بجھا دیں۔ یعنی غیر ضروری لائٹس بسم اللہ پڑھ کر آف کردیں۔۔۔

سونے کے لئے مسواک کر لیں۔ مسواک موجود نہ ہو تو اسی نیت سے کسی بھی طریقے سے دانت صاف کر لیں۔۔۔

بیوی بچوں کے ساتھ وعظ و نصیحت اور خوش طبعی کی باتیں کر سکتے ہیں۔۔۔

سرمہ استعمال کرنا سنت ہے۔ سوتے وقت تین تین سلائیاں دونوں آنکھوں میں سرمہ ڈالیں۔ پہلے دائیں آنکھ میں۔ پھر بائیں آنکھ میں۔۔۔

لیٹنے سے پہلے بستر کو تین مرتبہ جھاڑ لیں۔ چاہے کپڑے کے ایک کنارے سے ہی جھاڑ لیں۔۔۔

خود بستر لگانا ، تکیہ لگانا ، چمڑے اور کھال کو بستر بنا کر ان پر سونا، چٹائی پر سونا ، بوریئے پر سونا، کپڑے کے فرش پر سونا، زمین پر سونا ، چارپائی پر سونا۔۔۔ ہر جگہ آپ کو سنت کی نیت سے ثواب مل سکتا ہے۔۔۔

داہنی کروٹ پر قبلہ رو ہو کر سونا۔۔۔ داہنے ہاتھ کے اوپر سر رکھ کر سونا۔۔۔

تہجد کی نماز کے لئے اٹھنے کی نیت کر کے سونا اور اس کے لئے مصلٰی سرہانے رکھ کر سونا اور وضو کے لئے پانی اور مسواک کا انتظام کر کے سونا۔۔۔

بستر پر لیٹ کر یہ مختصر سی دعا پڑھ لیں۔۔۔
اللٰھم باسمک اموت و احیا۔۔۔
Allahumma Bi-ismika Amootu Wa-ahyaa
اے اللہ ۔۔۔ میرا جینا او رمرنا تیرے ہی نام کے ساتھ ہے۔۔۔


سوتے وقت سورۃ الملک ( تبارک الذی ) پڑھنا عذاب قبر سے نجات کے لئے بیان کی گئی ہے۔ یہ سورۃ انتیسویں 29 پارے کی پہلی سورۃ ہے۔۔۔

تسبیح فاطمہ ، 33 مرتبہ سبحان اللہ۔ 33 مرتبہ الحمد للہ اور 34 مرتبہ اللہ اکبر پڑھ کر ایک دفعہ کلمہ طیبہ پڑھ لیں۔ یہ تسبیح تھکاوٹ دور کرنے کے لئے بھی بیان کی گئی ہے۔۔۔

اور بہت سے اوراد احادیث میں آئے ہیں۔ جس کے لئے جتنا آسان ہو اپنا معمول بنا لے۔ آقا علیہ الصلاۃ والسلام کے ارشاد کے مطابق اللہ عزوجل کو وہ عمل زیادہ پسند ہے جو ہمیشہ یعنی باقاعدگی کے ساتھ کیا جائے، چاہے مقدار میں تھوڑا ہی کیوں نہ ہو۔۔۔

سوتے وقت کے عملیات کے سلسلے میں وہ حدیث بہت مشہور ہے جو آقا علیہ الصلاۃ والسلام نے مولا علی کرم اللہ وجہہ کو نصیحت فرمائی تھی کہ

اے علی ، رات کو روزانہ پانچ کام کرکے سویا کرو۔۔۔
چار ہزار دینار صدقہ دے کر سویا کرو۔۔۔
ایک مرتبہ قرآن شریف پڑھ کر سویا کرو۔۔۔
جنت کی قیمت دے کر سویا کرو۔۔۔
دو لڑنے والوں میں صلح کرا کر سویا کرو۔۔۔
ایک حج کر کے سویا کرو۔۔۔
حضرت علی رضی اللہ عنہ نے عرض کی کہ یا رسول اللہ۔ یہ امور تو محال ہیں۔ ہر رات مجھ سے کب ہو پائیں گے۔۔۔ تو میٹھے مدنی آقا علیہ الصلاۃ والسلام نے ارشاد فرمایا کہ

چار مرتبہ سورۃ فاتحہ پڑھ کر سویا کرو۔ اس کا ثواب چار ہزار دینار صدقہ کرنے کے برابر ہے۔۔۔

تین مرتبہ سورۃ اخلاص ( قل ھو اللہ احد ) پڑھ کر سویا کرو۔ اس کا ثواب ایک قرآن مجید پڑھنے کے برابر ہے۔۔۔

دس مرتبہ استغفار پڑھ کر سویا کرو۔ اس کا ثواب دو لڑنے والوں میں صلح کرانے کے برابر ہو گا۔۔۔

دس مرتبہ درود شریف پڑھ کر سویا کرو۔ جنت کی قیمت ادا ہو گی۔۔۔

چار مرتبہ تیسرا کلمہ پڑھ کر سویا کرو۔ ایک حج کا ثواب ملے گا۔۔۔

اس پر مولا علی کرم اللہ وجہہ نے عرض کی کہ یا رسول اللہ۔ اب تو میں روزانہ یہ اعمال کر کے سویا کروں گا۔۔۔

اللہ عزوجل ہمیں بھی اپنے محبوب علیہ الصلاۃ والسلام کی پیاری پیاری سنتوں پر اخلاص کے ساتھ عمل کی توفیق عطا فرمائے۔۔۔آمین۔
۔۔۔۔۔
 
Top