نعیم صدیقی نعت: ہم کہتے ہیں حالِ زار کم کم ٭ نعیم صدیقیؒ

ہم کہتے ہیں حالِ زار کم کم
جی جان کو ہے قرار کم کم

طیبہ کے چمن کی رہ نہیں تھی
جس رہ میں چبھے ہیں خار کم کم

سینے کی وہی ہے آنچ دھیمی
مژگاں سے وہی پھوار کم کم

قربت کا وہی بڑھا بڑھا شوق
فرقت کی وہی سہار کم کم

امت پہ تری پڑا عجب وقت
تعداد بہت، رفتار کم کم

تجھ سے جو ملا جنونِ ایماں
دانش پہ ہے اب مدار کم کم

زخموں کے گل و سمن فسرده
آتی ہے ادھر بہار کم کم

آمیزشِ آب و گل بہت ہے
آویزشِ نور و نار کم کم

تو نے جو بتایا رازِ عقبیٰ
دنیا پہ ہے اعتبار کم کم

رفتارِ فلک نہیں مناسب
ہے دل پہ بھی اختیار کم کم

اب عشق کا غم فزوں فزوں ہے
بارِ غمِ روز گار کم کم

منبر سے جو مدعی چلے تھے
پہنچے وہ کنارِ دار کم کم

بستی میں درود خواں بہت ہیں
پایا ہے ترا شعار کم کم

٭٭٭
نعیم صدیقیؒ
 
Top