نشہ میں سہواً کر لی توبہ - منیر شکوہ آبادی

شمشاد

لائبریرین
نشہ میں سہواً کر لی توبہ
ایسی بھولی الٰہی توبہ

حج میں جب یاد آئیں وو آنکھیں
طاق حرم پر رکھ دی توبہ

واعظوں سے رندوں میں آئی
پھرتی ہے بہکی بہکی توبہ

قسمیں کھا کر پھر سے پینا
منہ کا نوالہ ٹھہری توبہ

دام میں پھانسا موجۂ مے نے
اک جھٹکے میں ٹوٹی توبہ

بحر گنہ سے پار اتارا
کشتیٔ رحمت ٹھہری توبہ

پی کے منیرؔ اب بادۂ کوثر
مست ہوئی ہے میری توبہ
(منیر شکوہ آبادی)
 
Top