میری صورت سایہ دیوار و در میں کون ہے۔توصیف تبسم

میری صورت سایہدیوار و در میں کون ہے
اے جنوں میرے سوا یہ میرے گھر میں کون ہے
وہ تو کب کا اپنی منزل پر پہنچ کر سوچکا
چاند کیا جانے کہ راہ پر خطر میں کون ہے
میں تو اس صورت کا دیوانہ ہوں پر اے زندگی!
صورت یک عمر حائل سنگ و سر میں کون ہے
خاک چھنواتی ہے یہ راتوں کو کس کی جستجو
چاندنی کی طرح پھیلا دشت و در میں کون ہے
ایک چہرہ مستقل اشکوں کے آئینے میں ہے
کچھ بتا اے عمر غم آخر نظر میں کون ہے
پاؤں میں لپٹی ہوئی سب کے زنجیر انا
سب مسافر ہیں یہاں لیکن سفر میں کون ہے
نغمہ جاں سننے والوں پہ تکلف تا بہ کے
ڈھا کے یہ دیوار بھی دیکھو کہ گھر میں کون ہے
 
Top