شاہ نیاز معمور ہو رہا ہے عالم میں نور تیرا - شاہ نیاز بریلوی

حسان خان

لائبریرین
معمور ہو رہا ہے عالم میں نور تیرا​
از ماہ تا بماہی سب ہے ظہور تیرا​
​
اسرارِ احمدی سے آگاہ ہو سو جانے​
تو نورِ ہر شرر ہے ہر سنگ طور تیرا​
​
ہر آنکھ تک رہی ہے تیرے ہی منہ کو پیارے​
ہر کان میں ہوں پاتا معمور شور تیرا​
​
جب جی میں یہ سمائی جو کچھ کہ ہے سو تو ہے​
پھر دل سے دور کب ہو قرب و حضور تیرا​
​
بھاتا نہیں ہے واعظ جز دیدِ حق مجھے کچھ​
تجھ کو رہے مبارک حور و قصور تیرا​
​
وحدت کے ہیں یہ جلوے نقش و نگارِ کثرت​
گر سرِّ معرفت کو پاوے شعور تیرا​
​
گر حرفِ بے نیازی سرزد نیاز سے ہو​
پتلے میں خاک کے ہے پیارے غرور تیرا​
​
(شاہ نیاز بریلوی)​
 
محفل فورم صرف مطالعے کے لیے دستیاب ہے۔
Top