شاہ نیاز معمور ہو رہا ہے عالم میں نور تیرا - شاہ نیاز بریلوی

حسان خان

لائبریرین
معمور ہو رہا ہے عالم میں نور تیرا
از ماہ تا بماہی سب ہے ظہور تیرا
اسرارِ احمدی سے آگاہ ہو سو جانے
تو نورِ ہر شرر ہے ہر سنگ طور تیرا
ہر آنکھ تک رہی ہے تیرے ہی منہ کو پیارے
ہر کان میں ہوں پاتا معمور شور تیرا
جب جی میں یہ سمائی جو کچھ کہ ہے سو تو ہے
پھر دل سے دور کب ہو قرب و حضور تیرا
بھاتا نہیں ہے واعظ جز دیدِ حق مجھے کچھ
تجھ کو رہے مبارک حور و قصور تیرا
وحدت کے ہیں یہ جلوے نقش و نگارِ کثرت
گر سرِّ معرفت کو پاوے شعور تیرا
گر حرفِ بے نیازی سرزد نیاز سے ہو
پتلے میں خاک کے ہے پیارے غرور تیرا
(شاہ نیاز بریلوی)
 
Top