کاشفی
محفلین
مصر : ریلیوں پر فائرنگ، 80 افراد ہلاک،سرکاری عمارت نذرآتش
قاہرہ…مصرمیں جمعہ کے روز معزول صدرمرسی کے حامیوں کی احتجاجی ریلیوں پرسیکیورٹی فورسزکی فائرنگ سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 80 ہوگئی ہے۔ ایک ایسی ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جس میں فائرنگ سے بچنے کے لیے مظاہرین کو ایک پل سے نیچے کودتے دکھایا گیا ہے۔یہ ویڈیو قاہرہ کی ہے جہاں نمازِ جمعہ کے بعد شہر بھر میں معزول صدر مرسی کے حق میں مظاہرے کیے جا رہے تھے۔ شہر کے ایک پل پر بھی مظاہرہ جاری تھا کہ وہاں سیکیورٹی فورسز نے فائرنگ کر دی۔گولیوں سے بچنے کے لیے مظاہرین نے پل سے نیچے اترنا شروع کر دیا، کچھ لوگ تو رسیوں کی مدد سے اترے اور پھر کچھ لوگوں نے اپنی جان بچانے کے لیے چھلانگیں بھی لگا دیں۔ نیچے موجود لوگوں نے اوپر سے کودنے والوں کو بچانے کے لیے بڑی بڑی چادریں بھی تان رکھی تھیں۔کل پورے مصر میں مرسی کی حامی جماعت اخوان المسلمون کی جانب سے یوم الغضب منایا گیا تھا۔ تمام دن سیکیورٹی فورسز اور مظاہرین میں جھڑپیں بھی جاری رہیں ،پولیس نے فائر کھولے تو مشتعل مظاہرین نے قاہرہ میں سرکاری عمارت کو آگ بھی لگا دی۔ جو رات گئے تک بجھائی نہ جا سکی۔مصر کے 14 صوبوں میں آج بھی کرفیو نافذ ہے جب کہ اخوان المسلمون نے اعلان کیا ہے کہ مظاہرے ہر صورت جاری رہیں گے۔ مصر کی صورتحال پر سعودی فرماں رواں شاہ عبداللہ کہتے ہیں کہ مصر کے اندرونی معاملات میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف کھڑے ہیں جبکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سعودی عرب مصر کا حامی ہے۔متحدہ عرب امارات نے بھی اس بیان کی تائید کردی ہے جبکہ جرمن چانسلر کا کہنا ہے مصر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر جرمنی اور یورپ مصر سے اپنے تعلقات پر نظر ثانی کریں گے۔