سیما علی

لائبریرین
ہاں فاطمہ زہرا کی عنایت ہے یہ تحریر
سچ پوچھیں اگر سندِ شفاعت ہے یہ تحریر
۔۔۔۔
اک سیلِ عقیدت ہے کہ رکتا ہی نہیں ہے
الفت ہے محبت ہے مودت ہے یہ تحریر
۔۔۔۔
تحریر میں شامل ہوئی زہرا کی اعانت
دعویٰ مرا جنت کی ضمانت ہے یہ تحریر
۔۔۔۔
پوچھا جو قلندر نے مقام اسکا کہاں ہے؟
قرطاس و قلم بولے قیامت ہے یہ تحریر
۔۔۔۔۔
تحریر ہے یہ رفعتِ زہرا سے مزین
اسمائے خداوند کی طاقت ہے یہ تحریر
۔۔۔۔
میزانِ عدالت میں اگر تول لیں اسکو
کم سے ہو اگر کم تو عقیدت ہے یہ تحریر
۔۔۔۔
جنت میں ہے بنوا لیا شاہین نے اک گھر
صفدر مرا ایماں ہے عبادت ہے یہ تحریر

صفدر ہمدانی
 

سیما علی

لائبریرین
سلام

پوچھتے کیا ہو مسلمانو کہ کیا ہیں سیدہ
بزمِ نسواں میں جمالِ مصطفےٰ ہیں سیدہ
چار سو جسکے نجاست کا تصور تک نہیں
آیۂ تطہیر کا وہ دائرہ ہیں سیدہ
عالمِ نسوانیت میں ہیں رسالت کی شریک
یوں پیمبر کے لیے مشکل کشا ہیں سیدہ
مریم و سارہ فضیلت میں سرِ فہرست ہیں
اور فضیلت خود کہے ان سے سوا ہیں سیدہ
ہو رہی ہیں آیتیں نازل اترتے ہیں درود
آج اِس انداز سے زیرِ کساء ہیں سیدہ
ہیں دعُائے فاطمہ زہرا عزادارِ حسین
اور پیمبر کی دعاؤں کا صلہ ہیں سیدہ
زخمِ پہلو، آگ، دروازہ ،غمِ داغ ِ پدر
آپ اپنی ذات میں اک کربلا ہیں سیدہ
دیں کو مشکل میں نہیں چھوڑا کسی بھی دور میں
شِکل زینب میں سرِ کرب و بلا ہیں سیدہ
رد کیا زہرا کا دعویٰ ٔ فدک سو چا نہ یہ
صادقہ ہیں صادقہ یہ سیدہ ہیں سیدہ
اے ظفر کس کی صدا ابھری ہے بیت الحُزن سے
آج کس کے سوگ میں محوِ بکا ہیں سیدہ
شمعٔ وِلا:ظفرعباس ظفر
 
Top