محمد آصف کو دس کروڑ کی پیش کش

فر حان

محفلین
(بی بی سی اردو )
پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بالر محمد آصف نے بھارتی ذرائع ابلاغ پر آنے والی اس خبر کی تصدیق کر دی ہے کہ انہیں انڈین لیگ کے منتظمین کی جانب سے دس کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی ہے۔محمد آصف نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئےکہا کہ اس سے پہلے انہیں چھ سے سات کروڑ روپے کی پیشکش ہوئی تھی انہوں نے اس پیشکش کو مسترد کر دیا تھا۔

پاکستان کی ٹیم کی کئی کامیابیوں میں کلیدی کردار ادا کرنے والے فاسٹ بالر محمد آصف کا کہنا تھا کہ اس دس کروڑ کی پیشکش کا انہوں نے ابھی تک کوئی مثبت یا منفی جواب تو نہیں دیا لیکن یہ طے ہے کہ وہ پاکستان کے لیے کھیلنے کو ترجیح دیں گے۔

محمد آصف کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے انڈین لیگ کھیلنے پر لگائی گئی شرط کافی کڑی ہے لیکن وہ اس پر کچھ نہیں کہہ سکتے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی طرف سے بارہا یہ واضح کیا گیا ہے کہ اگر کسی پاکستانی کھلاڑی نے انڈین لیگ کھیلی تو ان پر پاکستان کی کرکٹ کے دروازے ہمیشہ کے لیے بند کر دیے جائیں گے۔

محمد آصف کے علاوہ پاکستان کے متعدد کھلاڑیوں کو انڈین لیگ کے منتظمین کی جانب سے پر کشش پیشکش ہوئی ہیں اور اطلاعات ہیں کچھ اس پر سنجیدگی سے غور کر رہے ہیں جبکہ کچھ اخباری خبروں کے مطابق چند سینیئر کھلاڑیوں نے اس پر دستخط بھی کر دیئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے پاکستان کی کرکٹ ٹیم کی فٹ نس بہتر کرنے کے لیے آسٹریلیا سے تعلق رکھنے والے رگبی کلب کے فٹ نس کوچ کی خدمات حاصل کرنے کے فیصلے کو بھی محمد آصف نے کافی سراہا ہے۔

محمد آصف کے بقول ایک فاسٹ بالر کو فٹ نس کے سب سے زیادہ مسائل کا سامنا رہتا ہے اور یہ پی سی بی کا بہت اچھا اقدام ہے کہ انہوں نے اس کے لیے پیشہ ور کوچ کی خدمات حاصل کئیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سے یقیناً کھلاڑیوں میں ’انجریز‘ کم ہو جائیں گی ان کی فٹ نس بہتر ہو گی اور فٹ نس بہتر ہونے سے ان کی کارکردگی بھی بہتر ہو جائے گی۔
 
Top