لینکس اور اردو فونٹس

لینکس استعمال کرتے اکثر اوقات ایک مسئلے کا سامنا کرتا پڑتا ہے کہ جب بھی لینکس کو کسی کمپیوٹر پر نصب کیا جائے تو اس پرموجود ڈیفالٹ فونٹس میں اردو صحیح طور پر نظر نہیں آتی یا پھر فونٹ بد نما معلوم ہوتا ہے۔ اس کی وجہ یہ نہیں ہے کہ لینکس پر موجود کوئی بھی ڈیفالٹ فونٹ اردو کو سپورٹ نہیں کرتا بلکہ یہ ہے لینکس پر ڈیفالٹ طور پر موجود سسٹم فونٹس جو عربی رسم الخط کے لیے استعمال ہوتے ہیں ان میں اردو سپورٹ صحیح طور پر موجود نہیں ہے۔ مثال کے طور پر تقریباً تمام لینکس ڈسٹری بیوشنز میں عربی رسم الخط کے لیے درج ذیل ترتیب میں فونٹ استعمال ہوتے ہیں۔
Dejavu Sans
Daejavu Mono
FreeMono
FreeSerif
چنانچہ کسی بھی ایسے فونٹ میں جس میں عربی رسم الخط کی سپورٹ موجود نہ ہو عربی رسم الخط کے لیے درج بالا فونٹس استعمال ہوتے ہیں جو کہ درست طور پر اردو کو سپورٹ نہیں کرتے لیکن اس کے باوجود چاہے درست اردو سپورٹ والے موجود بھی ہوں اردو دکھانے کے لیے یہی فونٹس استعمال ہوتے ہیں۔
عام طور پر لینکس پر درج ذیل میں سے کچھ ایسے فونٹس پہلے سے نصب ہوتے ہیں جو کہ اردو کی مکمل سپورٹ رکھتے ہیں:
Noto Nasakh Arabic
Noto Kufi Arabic
Noto Nastalliq Urdu
لیکن ان فونٹس کو ڈیفالٹ طور پر استعمال کرنے کے لیے ضروری ہے کہ یا تو انہی فونٹس کو انٹرفیس کے لیے ڈیفالٹ کے طور پر سیٹ کر دیا جائے لیکن اس صورت میں ان فونٹس کی لائن کی اونچائی زیادہ ہونے کے باعث انٹرفیس ضرورت سے زیادہ بڑا ہو جاتا ہے اور بدنما نظرآتا ہے۔
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ایسے تمام فونٹس کو بند کر دیا جائے جو کہ اردو کی نامکمل سپورٹ رکھتے ہیں۔
اس مقصد کے لیے font manager نامی سافٹ ویئر کے ذریعے مذکورہ بالا اردو کی نامکمل سپورٹ رکھنے والے فونٹس کو بند کیا جا سکتاہے۔ اوپر مذکور ان فونٹس کے علاوہ kacst سلسلے کے فونٹ یا مائیکروسافٹ کے فونٹ جو کہ بعض سافٹ ویئرز کے ساتھ خودکار طور پر لینکس پر نصب ہو جاتے ہیں کو بھی بند کرنا ضروری ہے کیونکہ یہ بھی اردو کی نامکمل سپورٹ رکھتے ہیں۔
ان تمام فونٹس کو اگر font manager کے ذریعے disable کر دیا گیا ہو تو انٹرفیس اور براؤزر سمیت ہر جگہ پر اردو تقریباً درست ہی نظر آئے گی۔
اردو کے فونٹس بنانے والے احباب کو اس طرف توجہ کرنی چاہیے کہ ان ڈیفالٹ فونٹس میں اردو کی سپورٹ مکمل کر دیں یا لینکس پر عربی رسم الخط کے لیے ایسے ڈیفالٹ فونٹ سیٹ کرنے کی درخواست کریں جو کہ اردو کی بھی مکمل سپورٹ رکھتے ہوں۔

اس کے علاوہ لینکس پر اردو کے حوالے سے اہم مسئلہ نستعلیق فونٹس کا ہے۔
یوں تو جمیل نوری نستعلیق اور علوی نستعلیق سمیت کئی فونٹس ہیں جو کہ ونڈوز کے ساتھ ساتھ لینکس پر بھی درست کام کرتے ہیں لیکن ان فونٹس میں بھی کچھ مسائل ہیں، مثال کے طور پر جمیل نوری نستعلیق نسخہ ۲ لینکس پر درست کام کرتا ہے لیکن اس میں دو مسائل ہیں: ایک تو یہ کہ اس کی ہائیٹ یا اونچائی لینکس پر ونڈوز کی نسبت کم ہے اور دوسرا یہ کہ اس کے لیگیچرز کے اندر بھی کئی جگہ غلطیاں تھیں جن کو اگلے نسخہ (۳) میں درست کیا گیا۔ تاہم اس کا نیا نسخہ ۳ اگرچہ بعض جگہوں پر خودکار کرننگ فراہم کرتا ہے لیکن بہت سست رفتارہونے اور لبرے آفس پر کام نہ کرنے کی وجہ سے لینکس پر ناقابل استعمال ہے۔

ایسے ہی مسائل کچھ دیگر فونٹس کے ساتھ بھی ہیں مثلاً مہر نستعلیق ویب فونٹ کی لینکس سپورٹ کا مسئلہ بھی کافی دلچسپ ہے۔ یہ فونٹ اگر کسی ویب سائٹ میں شامل ہو تو دیگر پلیٹ فارمز کی طرح لینکس پر بھی براؤزر میں درست نظر آتا ہے تاہم اگر اسے انسٹال کیا بھی گیا ہو تو لینکس پر فائرفاکس میں ہم خود اسے ڈیفالٹ طور پر استعمال نہیں کر سکتے۔ لبرے آفس پر مہر نستعلیق ویب درست کام کرتا ہے لیکن دیگر تمام ایپلی کیشنز میں کام نہیں کرتا۔ تاہم اگر مہر نستعلیق ویب فونٹ کو font manager میں انسٹال کیے بغیر live preview کیا جائے تو درست نظر آتا ہے لیکن انسٹال کرنے پر سوائے لبرے آفس کے font manager سمیت کہیں بھی کام نہیں کرتا۔

نوٹو نستعلیق لینکس کی کئی ڈسٹری بیوشنز میں پہلے سے موجود ہوتا ہے اور لینکس پر اکثر ایپلی کیشنز میں درست کام کرتا ہے لیکن لبرے آفس میں اگر متن کو جسٹیفائی کیا گیا ہو تو درست کام نہیں کرتا۔

اوپن سورس نستعلیق اردو فونٹس میں ایک حالیہ اضافہ عوامی نستعلیق ہے جو کہ جدید ترین فونٹ ٹیکنالوجی گریفائٹ کے لیے بنایا گیا ہے اور واحد اوپن ٹائپ فونٹ ہے جو کہ خودکار کرننگ اور نقاط وغیرہ کے ٹکراؤسے مکمل بچاؤ کی سہولیات فراہم کرتا ہے۔ یہ فونٹ کچھ عرصہ پہلے تک صرف لبرے آفس اور فائر فاکس تک محدود تھا لیکن اچھی خبر یہ ہے کہ اوبنٹو لینکس کے نسخہ 17.10 سے یہ لینکس میں تقریباً ہر یونیکوڈ ایپلی کیشن میں درست کام کرتا ہے۔ اردو کے فونٹس تیار کرنے والے احباب کو اس ٹیکنالوجی کی طرف بھی توجہ کرنی چاہیے کہ یہ جدید ترین فونٹس اب نہ صرف لبرے آفس اور فائر فاکس بلکہ لینکس پر ہر ایپلی کیشن میں کام کر سکتے ہیں اور اس میں اردو زبان اور نستعلیق کی تمام ضروریات کا خیال بھی رکھا جا سکتا ہے۔
 
ec2X0vB.png

لینکس پر عوامی نستعلیق فونٹ کا gedit اور kwrite ٹیکسٹ ایڈیٹرز میں نمونہ
 
شاہد شاہ

محفلین
مجھے یہ پڑھ کر حیرت ہوئی کہ gedit اور KWrite میں گریفائٹ کی سپّورٹ شامل ہے۔ اس بات کا ذکر تو گریفائٹ کی ویب‌سائٹ پر بھی نہیں ہے۔ :)
اس کے ساتھ ساتھ گمپ (اوبنٹو لینکس 17۔10) اور سکرائبس(گٹ ہب سے بلڈ) میں بھی عوامی نستعلیق یعنی گریفائٹ کی سپورٹ موجود ہے، انک سکیپ میں بھی امکان ہے تاہم اوبنٹو 17۔10 والے انک سکیپ میں فی الحال کوئی بھی کریکٹر نستعلیق کام نہیں کر رہا جو کہ ممکنہ طور پر ایک بگ کی وجہ سے ہے۔
تاہم گنوم کی ایپلی کیشنز میں فونٹ تو تقریباً ٹھیک ہی ہے لیکن کرننگ کام نہیں کر رہی جیسا کہ gedit اور KWrite میں کرننگ کا فرق اوپر سکرین شاٹ میں دیکھا جا سکتا ہے۔
 
سعادت

تکنیکی معاون
بہت شکریہ ناصر صاحب۔ آپ کی تحریر اور عوامی نستعلیق نے میرا مسئلہ گرچہ مکمل طور پر تو حل نہیں کیا لیکن کافی کم کر دیا ہے۔ میں یہاں اپنا مسئلہ بیان کرنے جا رہا ہوں شاید اس کا اس سے بہتر کوئی حل ہو۔
میں اوبنٹو پر جب بھی لبرے آفس امپریس کی مدد سے اردو سلائیڈز بناتا ہوں، تو سلائیڈ شو کے دوران اردو تحریر کا کچھ حصہ کٹ جاتا ہے، میں نے کافی فونٹس اور سیٹنگز تبدیل کر کے دیکھیں لیکن یہ مسئلہ حل نہیں ہو رہا۔ عوامی نستعلیق میں بھی الفاظ کٹ رہے ہیں اگرچہ دیگر فونٹس کی نسبت بہت کم حصہ ہے جو کٹ رہا ہے۔ سکرین شارٹ اور ایک ویڈیو منسلک کر رہا ہوں اگر کسی دوست کے پاس کوئی حل ہے تو تجویز کریں۔ شکریہ

جمیل نوری نستعلیق
Pbuna7U.png

فیض لاہوری نستعلیق
7otuA5u.png

عوامی نستعلیق
NT6RoiS.png

ویڈیو اس لنک پر دیکھی جا سکتی ہے
Loom | Free Screen & Video Recording Software
 
میں اوبنٹو پر جب بھی لبرے آفس امپریس کی مدد سے اردو سلائیڈز بناتا ہوں، تو سلائیڈ شو کے دوران اردو تحریر کا کچھ حصہ کٹ جاتا ہے، میں نے کافی فونٹس اور سیٹنگز تبدیل کر کے دیکھیں لیکن یہ مسئلہ حل نہیں ہو رہا۔ عوامی نستعلیق میں بھی الفاظ کٹ رہے ہیں اگرچہ دیگر فونٹس کی نسبت بہت کم حصہ ہے جو کٹ رہا ہے۔ سکرین شارٹ اور ایک ویڈیو منسلک کر رہا ہوں اگر کسی دوست کے پاس کوئی حل ہے تو تجویز کریں۔ شکریہ
جمیل نوری نستعلیق نسخہ دوم اور فیض میں فونٹ کی معلومات میں لائن ہائیٹ لینکس اور ونڈوز کے لیے الگ الگ دی گئی ہے، اس وجہ سے یہ مسئلہ پیش آتا ہے۔ آپ القلم تاج نستعلیق استعمال کریں اس میں لینکس اور ونڈوز کے لیے لائن ہائیٹ ایک جیسی ہے اس لیے یہ مسئلہ نہیں ہے۔
 
بہت شکریہ ناصر محمود 313 صاحب، القلم فونٹ کی آفیشل سائیٹ کا ڈاؤنلوڈنگ پیچ کام نہیں کر رہا اور نہ ہی یہ اردو ویب فونٹ سرور پر دستیاب ہے۔ براہِ کرم ڈاؤنلوڈنگ لنک عطا کیجیے۔
محترم شاہ معین الدین صاحب القلم تاج نستعلیق کا فعال ڈاؤن لوڈ لنک تو تلاش کے باوجود مجھے بھی نہیں مل سکا۔تاہم ایک اور فونٹ کا لنک پیش ہے امید ہے اس میں بھی آپ کا بتایا گیا مسئلہ نہیں ہو گا! جمیل خوش خط فونٹ
 
بہت شکریہ ناصر صاحب، اس فونٹ نے واقعی میرا مسئلہ حل کر دیا۔
 
مجھے تھوڑی سی تلاش سے القلم تاج نستعلیق بھی مل ہی گیا، لیکن اس نے بھی اس طرح سے کام نہیں کیا جیسے "جمیل خوشخط" فونٹ نے کیا ہے۔ ویسے مجھے جمیل خوشخط نما فونٹ کے متعلق fontlibrary.org ویب سائیٹ کے علاوہ اور کہیں سے کچھ معلومات نہیں ملی، اس فونٹ کی کیا تاریخ ہے، بظاہر تو یہ جمیل نوری نستعلیق جیسا ہی نظر آرہا ہے۔
 
خوش خط سلسلے کے فونٹس بشارت علی صاحب کی کاوش ہیں جو کہ محفل کے رکن بھی ہیں، ان پر ابھی کام جاری ہے۔ جمیل خوش خط فونٹ کا مقصد جمیل نوری نستعلیق قسم کا کریکٹر فونٹ بنانا ہے۔ جو لنک میں نے دیا اس میں جمیل خوش خط کا لیگیچر ورژن ہے اور اس میں زیادہ تر جمیل نوری نستعلیق کے لیگیچرز ہی استعمال کیے گئے ہیں تاہم کریکٹر فونٹ میں جمیل نوری نستعلیق کی اشکال پر مشتمل کریکٹر فونٹ بنانے کی کوشش کی گئی ہے۔
 
asakpke

محفلین
میں اوبنٹو پر جب بھی لبرے آفس امپریس کی مدد سے اردو سلائیڈز بناتا ہوں، تو سلائیڈ شو کے دوران اردو تحریر کا کچھ حصہ کٹ جاتا ہے، میں نے کافی فونٹس اور سیٹنگز تبدیل کر کے دیکھیں لیکن یہ مسئلہ حل نہیں ہو رہا۔ عوامی نستعلیق میں بھی الفاظ کٹ رہے ہیں اگرچہ دیگر فونٹس کی نسبت بہت کم حصہ ہے جو کٹ رہا ہے۔ سکرین شارٹ اور ایک ویڈیو منسلک کر رہا ہوں اگر کسی دوست کے پاس کوئی حل ہے تو تجویز کریں۔ شکریہ

میں نے یہ بات نوٹ کی ہے کہ اگر فائل کو محفوظ کر کے دوبارہ کھولا جائے تو کٹنگ ختم ہو جاتی ہے
 
Top