قمر جلالوی قسم دے دے کے ساقی ساغرِ مے دے نہ تو مجھ کو

سید زبیر

محفلین
قسم دے دے کے ساقی ساغرِ مے دے نہ تو مجھ کو
وہ محفل میں نہیں ، تو کیوں پلاتا ہے لہو مجھ کو
مجھے خاطر سے رکھ ساقی کہ میخانے کی زینت ہوں
یہ رونق پھر کہاں ہو گی اٹھا دے گا جو تو مجھ کو
دو عالم میں کسی کافر کو کچھ بھی سوجھتا ہو گا
تم ہی تم اب نظر آنے لگے ہو چار سو مجھ کو
میں ہی بھولا ہوں ساقی یا بدل ڈالا ہے میخانہ
نظر آتے ہیں وہ مے کش نہ وہ جام و سبو مجھ کو
قمرؔ چھپنا مرا اک انتشارِ عالمِ شب ہے
ستارے آسماں پر ڈھوندتے ہیں چار سو مجھ کو
(قمر جلالوی)
 
باباجی

محفلین
بہت ہی عمدہ
دو عالم میں کسی کافر کو کچھ بھی سوجھتا ہو گا
تم ہی تم اب نظر آنے لگے ہو چار سو مجھ کو
 
کیا ہی خوب غزل ہے استاد قمر کی۔ :)
ایک بات یاد آگئی
اپنے بڑوں سے سنا ہے کہ میرے دادا (جنہیں میں نے دیکھا نہیں میری پیدائش سے دس بارہ سال پہلے فوت ہوگئے تھے) استاد قمر جلالوی کے خاصے گہرے دوست تھے۔ واللہ اعلم
اور کراچی میں آباد ہونے کے بعد بہت سے مشاعروں میں بالمقابل کلام پڑھا وغیرہ وغیرہ۔ دادا جی کا کچھ کلام بھی ایک بیاض میں لکھا ہے مگر ہاتھوں میں رعشہ ہونے کی باعث سمجھ نہیں آتا ٹھیک سے۔
ابا کہتے ہیں کہ یہ انکے آخری ایام کا کلام تھا باقی زندگی بھر کا کلام کہاں ہے کوئی نہیں جانتا لکھا بھی تھا کہیں یا مشاعروں کی حد تک تھا پھر ضائع ہوگیا اللہ جانے۔ پھر شاعری سے میرے دادا کی نسل میں کسی کو لگاؤ ہی نہیں رہا۔ آج مجھے آڑھی ٹیڑھی نظروں سے دیکھا جاتا ہے خاندان میں اگر شاعری کا نام آجائے تو۔ اور فوراً ادریسؔ ثانی ( ادریس دادا جی کا نام ہے) کہا جاتا ہے حالانکہ میں تو ملا تک نہیں ان سے کبھی۔ :cool:
 
خاندان میں اگر شاعری کا نام آجائے تو۔ اور فوراً ادریسؔ ثانی ( ادریس دادا جی کا نام ہے) کہا جاتا ہے حالانکہ میں تو ملا تک نہیں ان سے کبھی۔​

ریکارڈ کا جملہ ہے صاحب! بندہ اپنے شعور کے زمانے میں اپنے بزرگوں سے ملا ہو یا نہ ملا ہو، اس سے نسبت میں کوئی فرق نہیں پڑتا!
 
قمرؔ چھپنا مرا اک انتشارِ عالمِ شب ہے
ستارے آسماں پر ڈھوندتے ہیں چار سو مجھ کو
واہ لاجواب غزل ہے ۔۔۔خوب ہے ۔
 
ریکارڈ کا جملہ ہے صاحب! بندہ اپنے شعور کے زمانے میں اپنے بزرگوں سے ملا ہو یا نہ ملا ہو، اس سے نسبت میں کوئی فرق نہیں پڑتا!
جی شاید ایسا ہی ہوا ہے. بہر حال خاندان میں اردو کا رواج نہیں. اسی لئے مجھے سپورٹ کرنے والا بھہ کوئی نہیں. :(
 
جی شاید ایسا ہی ہوا ہے. بہر حال خاندان میں اردو کا رواج نہیں. اسی لئے مجھے سپورٹ کرنے والا بھہ کوئی نہیں. :(

اپنے سارے خاندان میں اوپر تو کیا دائیں بائیں بھی کوئی نہیں جناب مزمل شیخ بسمل صاحب۔
شاعر ادیب تو کیا ہوتے، سوائے بڑے بھائی کے کوئی آٹھویں جماعت تک بھی نہ پہنچا۔ اور اپنی باضابطہ تعلیم میٹرک تک، پھر کھینچ کھانچ کے چلتے پھرتے دو حرف پڑھ لئے، وہ بھی الٹے! اے بی نہیں، بی اے۔ ایم اے انگلش بھی پرائیویٹ کرنے کی سوچی مگر تب تک بچے سکول کی عمر تک پہنچ گئے، ان کی طرف توجہ ہو گئی۔ اپنے لئے جو خریدی تھیں انگریزی کی کتابیں، تا حال ’یادگارِماضی‘ کے طور پر بیٹھک کے ایک ریک میں رکھی ہیں۔ دیکھ کے خوش ہو لیتے ہیں۔
ادب کسی کی دین نہیں ہے، میں سمجھتا ہوں یہ اللہ کی طرف سے ہے۔ میری ایک بیٹی نے دو دو ایم اے کئے اردو سمیت۔ خیر سے اردو ہی پڑھا رہی ہے ایک کالج میں۔ برسوں پہلے میں نے اس کو ایک سفرنامہ دیا کہ اس پر مضمون لکھو۔ دانت نکوس دیے کہ
’’ہی ہی ہی ابو جی! مجھ سے نہیں لکھا جائے گا‘‘۔ اس کو کیا کہئے گا؟!۔
 
آپ نے درست فرمایا اس حد تک کہ ادب کسی کی دین نہیں.
باقی آپ کا اور میرا مقابلہ تو کسی معنی میں نہیں آتا. :)
مجھے تو ابھی جمعہ جمعہ آٹھ دن ہی ہوئے ہیں کچھ تکبندیاں کرتے. :) ہاں اگر کسی استاد کی یا بزرگ کی ( ادب کے حوالے سے ) صحبت میسر آتی تو بات کچھ اور ہوتی. اس سے بڑھ کر کیا بد قسمتی ہو کہ میرے دادا اردو اور فارسی شاعری پر عبور رکھتے. مگر کسی نے ان سے فیض نہ حاصل کیا. اور جس کو ان کی صحبت کی سخت ضرورت تھی اس کے دنیا میں آنے سے پہلے ہی چل بسے. :)
تو جناب... مجھ جیسے لوگوں کی خانداں میں تو سنی جاتی نہیں. یہاں نیٹ پر دل کھول کر کچھ بول لیتے ہیں لڑ بھی لیتے ہیں کبھی کبھی :)
 
Top