قاتل ہوتا ہے اکثر ۔۔۔۔۔۔۔۔ برائے تنقید و اصلاح

loneliness4ever

محفلین
السلام علیکم

دعا ہے تمام احباب خیر سے ہوں
بندہ آج پھر حاضر ہوا ہے امید ہے
احباب رہنمائی فرمائیں گے

فعلن فعلن فعلن فع

بیتے پل ہیں سپنوں میں
اس کا چہرہ خوابوں میں

حال ِ دل میں کہتا ہوں
سیدھے سادے لفظوں میں

قاتل ہوتا ہے اکثر
گھر کے سارے اپنوں میں

خوں کے قطرے گہرے ہیں
ہر پل ہر سو گلیوں میں

مل کر سارے رہتے ہیں
الفت ایسی بچوں میں

آفت پر سب آ جائیں
رشتہ ایسا کووں میں

دنیا بھر کا مطلب ہے
الفت کے سب رشتوں میں

جھوٹی قسمیں جھوٹا سچ
شامل پھر بھی سچوں میں

مسلم ڈوبا غفلت میں
دن بس گزریں باتوں میں

دل کی لگتی کہتا ہوں
گھاٹا دل کی باتوں میں

مر کر بھی وہ زندہ ہے
ہر پل میری یادوں میں

ڈھلتا سورج کہتا ہے
کتنا غم ہے شاموں میں

س ن مخمور
 

شاہد شاہنواز

لائبریرین
السلام علیکم

دعا ہے تمام احباب خیر سے ہوں
بندہ آج پھر حاضر ہوا ہے امید ہے
احباب رہنمائی فرمائیں گے

فعلن فعلن فعلن فع

بیتے پل ہیں سپنوں میں
اس کا چہرہ خوابوں میں
۔۔۔ مطلع کوئی خاص تاثر قائم نہیں کرتا، ۔غزل میں مطلع بہت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔
حال ِ دل میں کہتا ہوں
سیدھے سادے لفظوں میں
قاتل ہوتا ہے اکثر
گھر کے سارے اپنوں میں
۔۔۔ دونوں ہی اشعار کسی اہم بات کی طرف اشارہ نہیں کرتے ۔ بات کی پیشکش میں کوئی جان پیدا نہیں ہوسکی۔
خوں کے قطرے گہرے ہیں
ہر پل ہر سو گلیوں میں
۔۔۔ خون کا سمندر یا دریا گہرا ہوسکتا ہے۔ قطرہ نہیں ۔۔۔ قطرے گہرے ہیں کی جگہ بکھرے ہیں، ہوسکتا ہے ، پھر بھی شعر اپنی اہمیت ثابت نہیں کر پائے گا۔
مل کر سارے رہتے ہیں
الفت ایسی بچوں میں
۔۔۔ غیر واضح ہے۔ بچوں میں ایسی الفت ہے کہ سب مل رہتے ہیں، یہ بات کھل کر نہ کہی جاسکی۔
آفت پر سب آ جائیں
رشتہ ایسا کووں میں
۔۔۔ کوے کا ذکر کرنا ٹھیک نہیں ہے کیونکہ غزل جیسی سنجیدہ چیز میں اس ذکر سے ایک سطحیت پیدا ہو گئی ہے۔
دنیا بھر کا مطلب ہے
الفت کے سب رشتوں میں
۔۔۔۔ پیار کے سب رشتوں میں دنیا جہان کے مطالب پنہاں ہیں، اگر یہ مقصود ہے تو معذرت کے ساتھ، آپ کہہ نہیں سکے۔
جھوٹی قسمیں جھوٹا سچ
شامل پھر بھی سچوں میں
۔۔۔ جھوٹی قسمیں تو ٹھیک، سچ تو سچ ہی ہوتا ہے، جھوٹا کیسے ہوا۔ فاعل بھی کوئی نہیں۔
مسلم ڈوبا غفلت میں
دن بس گزریں باتوں میں
۔۔۔ مسلم قوم کی زبوں حالی پر یہ بیان بہت کچا محسوس ہوتا ہے۔ قوم کی بات اس سے کہیں زیادہ فصیح و بلیغ بیان چاہتی ہے۔
دل کی لگتی کہتا ہوں
گھاٹا دل کی باتوں میں
۔۔۔ کیا بنے بات جہاں بات بنائے نہ بنے ۔۔۔
مر کر بھی وہ زندہ ہے
ہر پل میری یادوں میں
۔۔۔ بات مکمل طور پر بیان ہو گئی۔
ڈھلتا سورج کہتا ہے
کتنا غم ہے شاموں میں
۔۔۔ اہم بات نہیں ہے ۔۔۔
س ن مخمور
مجموعی طور پر پوری غزل کوئی خاص تاثر قائم نہیں کرتی۔ چھوٹی بحر کوئی اور چنیے جس میں آپ کو سہولت ہو۔۔۔ آپ اس سے کہیں بہتر اشعار کہہ سکتے ہیں ۔۔
 

الف عین

لائبریرین
کچھ شعر آسانی سے نکالے جا سکتے ہیں۔ کم اشعار ہوں اور اچھے ہوں تو شاید تاثر بہتر ہوتا۔
 

loneliness4ever

محفلین
کچھ شعر آسانی سے نکالے جا سکتے ہیں۔ کم اشعار ہوں اور اچھے ہوں تو شاید تاثر بہتر ہوتا۔


محترم استاد اس پرانی کاوش پر نئی کوشش کے ساتھ حاضر ہوا ہوں
مطلع تبدیل کرکے کچھ اشعار نکال دئیے ہیں۔ الفاظوں میں معمولی تبدیلی لایا ہوں۔
امید ہے فقیر پہ عنایت کا سلسلہ مستقل رہے گا

اپنا کیسا اپنوں میں
مطلب سارے رشتوں میں

حال ِ دل میں کہتا ہوں
سیدھے سادے لفظوں میں

مل کر سارے رہتے ہیں
الفت ایسی بچوں میں

آفت پر سب آ جائیں
رشتہ ایسا کوئوں میں

دنیا بھر کا مطلب ہے
دنیا کے سب رشتوں میں

دل کی لگتی کہتا ہوں
گھاٹا دل کی باتوں میں

ڈھلتا سورج کہتا ہے
غم ہے کتنا شاموں میں
 

الف عین

لائبریرین
اپنا کیسا اپنوں میں
مطلب سارے رشتوں میں
واضح نہیں ہوا، شاید بحر خیالکاساتھ نہیں دے پا رہی، یہی بات اس شعر میں ہے۔
آفت پر سب آ جائیں
رشتہ ایسا کوئوں میں
اور اس شعر میں ’گھاٹا ہے‘ ہو تو مطلب واضح ہوتا ہے۔
دل کی لگتی کہتا ہوں
گھاٹا دل کی باتوں میں
باقی اشعار درست ہیں
 

loneliness4ever

محفلین
اپنا کیسا اپنوں میں
مطلب سارے رشتوں میں
واضح نہیں ہوا، شاید بحر خیالکاساتھ نہیں دے پا رہی، یہی بات اس شعر میں ہے۔
آفت پر سب آ جائیں
رشتہ ایسا کوئوں میں
اور اس شعر میں ’گھاٹا ہے‘ ہو تو مطلب واضح ہوتا ہے۔
دل کی لگتی کہتا ہوں
گھاٹا دل کی باتوں میں
باقی اشعار درست ہیں


محترم استاد آداب

آفس کی مصروفیت کے سبب فقیر حاضر نہ ہو پایا
کچھ تبدیلیوں کے ساتھ حاضر ہوا ہوں
امید ہے فقیر پر عنایت رہے گی

الفت کیوں ہو اپنوں میں
جب ہو مطلب رشتوں میں


حال ِ دل میں کہتا ہوں
سیدھے سادے لفظوں میں

مل کر سارے رہتے ہیں
الفت ایسی بچوں میں

دنیا بھر کا مطلب ہے
دنیا کے سب رشتوں میں

ڈھلتا سورج کہتا ہے
غم ہے کتنا شاموں میں

اس سے ہوتی ہیں باتیں
اکثر اب بھی سپنوں میں
 
Top