قائد کے نام - حُسین سحر

حسان خان

لائبریرین
ہمارا جذبۂ ملت ہوا جواں تجھ سے
ملا ہے قوم کی پہچان کا نشاں تجھ سے

سب اہلِ شوق ہوئے گامزن سوئے منزل
سفر یہ جاری ہوا میرِ کارواں تجھ سے

جو بے بصر تھے انہیں دیکھنا نصیب ہوا
جو بے صدا تھے انہیں مل گئی زباں تجھ سے

نَفَس نَفَس نے ترے کی عجب مسیحائی
ہمارے پیکرِ مردہ میں آئی جاں تجھ سے

جو بت تھے ظلمتِ باطل کے پاش پاش ہوئے
صنم کدے میں جو گونجی وہ ہے اذاں تجھ سے

ہے جس کی منزلِ مقصود امنِ عالمگیر
ہوا وہ قافلۂ حریت رواں تجھ سے

نہ خوف برقِ بلا کا نہ خطرۂ صیاد
ہوا ہے امن کا مسکن یہ آشیاں تجھ سے

غموں کی دھوپ میں جس سے ملی اماں ہم کو
میسر آیا ہے اک ایسا سائباں تجھ سے

ہماری قوم کا ہر فرد اب ستارہ ہے
یہ خاکِ راہ ہوئی بڑھ کے آسماں تجھ سے

روش روش ترے کردار سے معطر ہے
ہوا ہے رشکِ بہاراں یہ گلستاں تجھ سے

تو آسمانِ وطن کا ہے مہرِ تابندہ
یہ روشنی یہ اجالے یہ کہکشاں تجھ سے

ترے پیام کی کرنیں رہیں گی رخشندہ
ہم اکتساب کریں گے بہر زماں تجھ سے


(حُسین سحر)
 

کاشفی

محفلین
واہ! بہت ہی عمدہ جناب۔۔
اللہ رب العزت قائدِ اعظم محمد علی جناح کو کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔۔آمین
اور ان کے بنائے ہوئے مملکت کو امن کا گہوارا بنائے۔۔ اور اس ملک کے شہریوں کو سیدھے راستے پر آنے کی توفیق عطا فرمائے۔۔آمین
اور آپ کو ہمیشہ خوش و خرم رکھے۔۔آمین
 

سیدہ شگفتہ

لائبریرین
واہ! بہت ہی عمدہ جناب۔۔
اللہ رب العزت قائدِ اعظم محمد علی جناح کو کروٹ کروٹ جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔۔آمین
اور ان کے بنائے ہوئے مملکت کو امن کا گہوارا بنائے۔۔ اور اس ملک کے شہریوں کو سیدھے راستے پر آنے کی توفیق عطا فرمائے۔۔آمین
اور آپ کو ہمیشہ خوش و خرم رکھے۔۔آمین

آمین
 
Top