فیصلہ صبح کرے ۔۔۔۔۔ اختر حسین جعفری

فرخ منظور

لائبریرین
فیصلہ صبح کرے ۔۔۔۔۔۔۔۔
(اختر حسین جعفری)

رات، تصویر، منتشر چہرہ
چھت گری ہے کہ آئنہ ٹوٹا
کوئی پتھر ہوا کے ہاتھ میں تھا
راستہ خود ہو رہنما جیسے
تیز قدموں سے یوں چلا جیسے
اندھا لاٹھی میں آنکھ رکھتا تھا
باغ، جلسہ، افق افق نعرہ
شور، تقریر، قہقہہ، نوحہ
چاند شاید ابھی نہیں نکلا
بلب، فٹ پاتھ، ٹیلیفون کے تار
جسم جیسے پڑھا ہوا اخبار
بورڈ پر نرخ، کان میں جھمکا
چائے عورت کے رنگ سی کالی
بیرا، ہوٹل، غلیظ سی گالی
صاف وردی میں جسم میلا تھا
شیشہ و سنگ جوہری کی دکاں
بند شو کیس، قید روشنیاں
قفل، زنجیر، آہنی پہرا
کذب، دعوے، حقوق، سچائی
ہاتھ خنجر، محاذ آرائی
صبح ہوگی تو فیصلہ ہو گا

 
Top