غزل

حمیرا نگہت

محفلین
السلام علیکم
اس بزم میں نئی شامل ہوئی ہوں ایک کاوش بغرض اصلاح و آراء پیش خدمت ہے۔۔۔۔۔معزز اساتذہ کرام سے اصلاح کی درخواست ہے
بات جب تک نہ ہو بیاں ساری
کیسے سلجھیں یہ گتھیاں ساری

آؤ اپنے لہو سے لکھیں کچھ
زندگی کیوں ہو بے نشاں ساری

باغباں نے چمن جلا ڈالا
محو حیرت ہیں تتلیاں ساری

لوٹ آؤ کبھی تو بن کے بہار
زندگی ہے خزاں خزاں ساری

گھر کے اندر بھی لوگ سہمے ہیں
کیا یہ بستی ہے بے اماں ساری

سفر باقی ہے اور سر پہ شام
ہوگئیں سُرخ بدلیاں ساری

ایک بس آشیاں بنایا تھا
پھر گریں اس پہ بجلیاں ساری

پہلوئے دل میں حشر پرپا تھا
رات گویا تھی امتحاں ساری

آخری وقت ہاتھ خالی ہیں
عمر گزری ہے رائیگاں ساری

واپسی کا کوئی سوال نہیں
میں جلا آئی کشتیاں ساری

کیا ہیں اس قوم کی وجوہِ زوال
وقت لکھے گا داستاں ساری

لوٹ آئے وہ کیا خبر نگہت
نہ بجھاؤ یہ بتیاں ساری
 
آخری تدوین:

ظہیراحمدظہیر

لائبریرین
بہت خوب! محفلِ سخن میں خوش آمدید!!!
کئی اچھے اشعار ہیں ! امید ہے کہ آپ کے کلام سے فیضیاب ہوتے رہیں گے ۔
پہلوئے دل والے شعر میں ٹائپو درست کرلیجئے ۔
 
حمیرا نگہت

محفلین
بہت شکریہ ظہیر صاحب اتنے خوبصورت الفاظ میں حوصلہ افزائی کیلئے ۔ آپ سب محترم احباب و اساتذہ کرام کی رہنمائی شامل حال رہی تو ان شاء اللہ کوشش جاری رہے گی
جزاک اللہ
 
حمیرا نگہت

محفلین
بہت خوب۔

سفر کا تلفظ دیکھ لیجیے۔
ایک اور صلاح یہ ہے کہ "پہ " کو دو حرفی استعمال کرنے کے بجائے "پر "بھی استعمال ہو سکتاہے۔
بہت نوازش ۔ آپ نے بہت گہری نظر سے دیکھا میری کاوش کو آئندہ بھی آپکی قیمتی رائے کا انتظار رہے گا
 
الف عین

لائبریرین
سفر کا تلفظ غلط ہے۔ اس کے علاوہ ’پہ‘ پر بھی بات ہو چکی ہے۔ ایک تیسری غلطی آخری مصرع میں ہے۔ ’نا‘ غلط استعمال ہے ’نہ‘ کے لیے۔ اور ’نہ‘ یک حرفی کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ یہاں ’مت‘ استعمال کر کے یہ قبح دور کیا جا سکتا ہے
 
بہت شکریہ جناب آپ کی تہہ دل سے ممنون ہوں آپ نے بہت باریک غلطیوں کی طرف توجہ دلائی
کیا یہ سفر والا شعر اس طرح درست ہوگا وزن میں؟؟
دُور منزل ہے اور سر پر شام
ہوگئیں سُرخ بدلیاں ساری

آپکی رہنمائی کی منتظر ہوں
 
’نا‘ غلط استعمال ہے ’نہ‘ کے لیے۔ اور ’نہ‘ یک حرفی کے طور پر استعمال ہوتا ہے۔ یہاں ’مت‘ استعمال کر کے یہ قبح دور کیا جا سکتا ہے
استادِ محترم اگر بحر فعلاتن مفاعلن فعلن کر دی جائے تو نہ یک حرفی پڑھا جائے گا۔ اور ان دونوں بحور کا اختلاط غالباً جائز ہے۔
 
الف عین

لائبریرین
بہت شکریہ جناب آپ کی تہہ دل سے ممنون ہوں آپ نے بہت باریک غلطیوں کی طرف توجہ دلائی
کیا یہ سفر والا شعر اس طرح درست ہوگا وزن میں؟؟
دُور منزل ہے اور سر پر شام
ہوگئیں سُرخ بدلیاں ساری

آپکی رہنمائی کی منتظر ہوں
درست
استادِ محترم اگر بحر فعلاتن مفاعلن فعلن کر دی جائے تو نہ یک حرفی پڑھا جائے گا۔ اور ان دونوں بحور کا اختلاط غالباً جائز ہے۔
ٹھیک۔ میرا اس طرف خیال نہیں گیا تھا۔ لیکن میرا خیال ہے کہ مبتدیوں کو اس قسم کی اجازتوں سے ان کے ذہن میں ’نہ‘ کا درست تلفظ نہیں آئے گا۔ اس لیے میں ’مت‘ کے مشورے پر قائم ہوں
 
Top