غزل ۔ تو پھر وہ عشق، یہ نقدونظر برائے فروخت ۔ افضل خان

عین عین

لائبریرین
تو پھر وہ عشق، یہ نقدونظر برائے فروخت
سخن برائے ہنر ہے، ہنر برائے فروخت

پرندے لڑ ہی پڑے جائیداد پہ آخر
لکھا ہوا ہے شجر پہ، شجر برائے فروخت

میں پہلے کوفہ گیا، اس کے بعد مصر گیا
اُدھر برائے شہادت، اِدھر برائے فروخت

میں قافلے سے بچھڑ کر بھلا کہاں جائوں
سجائے بیٹھا ہوں زادِ سفر برائے فروخت

عیاں کیا ہے ترا بھید فی سبیل للہ
خبر نہ تھی کہ ہے یہ بھی خبر برائے فروخت

ذرا یہ دوسرا مصرع درست فرمائیں
مرے مکان پہ لکھا ہے، گھر برائے فروخت

شاعر : افضل خان
 
Top