میرا جی غزل - ڈھب دیکھے تو ہم نے جانا دل میں دھن بھی سمائی ھے (میرا جی)

ڈھب دیکھے تو ہم نے جانا دل میں دھن بھی سمائی ھے
میر ا جی د انا تو نہیں ھے ، عاشق ھے سو د ا ئی ھے

صبح سویرے کون سی صورت پھلواڑی میں آئی ھے
ڈالی ڈالی جھوم اٹھی ھے ، کلی کلی لہرائی ھے

جانی پہچانی صورت کو اب تو آنکھیں ترسیں گی
نئے شہر میں جیون دیوی نیا روپ بھر لائی ھے

ایک کھلونا ٹوٹ گیا تو اور کئی مل جائیں گے
بالک یہ انہونی تجھ کو کس بیری نے سمجھائی ھے

دھیان کی دھن ھے امر گیت ، پہچان لیا تو بولے گا
جس نے راہ سے بھٹکایا تھا وہی راہ پر لائی ھے

جب دل گھبرا جاتا ھے تو آپ ہی آپ بہلتا ھے
پریم کی ریت اسے جانو پر ہونی کی چترائی ھے

امیدیں ، ارمان سبھی جل دے جائیں گے جانتے تھے
جان جان کے دھوکے کھائے ، جان کے بات بڑھائی ھے

ایسے ڈولے من کا بجرا جیسے نین بیچ ھو کجرا
دل کے اندر دھوم مچی ھے ، جگ میں اداسی چھائی ھے


میرا جی
 
Top