افتخار مغل غزل : وفائیں ، نیک تمنائیں ، احترام ، دعا۔۔! - افتخار مغل

ڈاکٹر صاحب کی وفات سے چند روز پہلے لکھی گئی غزل جسے انہوں نے الوداع کا نام دیا​
غزل
وفائیں ، نیک تمنائیں ، احترام ، دعا۔۔!
مری طرف سے زمانے تجھے سلام، دعا۔۔!

میں رفتنی ہوں مجھے مل گیا ہے اذنِ سفر،
یہاں پہ اب کہ نہیں میرا کوئی کام ، دعا۔۔!

ہر اک کے نام دمِ واپسی خراج و خلوص،
ہر اک کے حق میں سرِ ساعتِ خرام دعا۔۔!

مجھے غروب سے پہلے کہیں پہنچنا ہے
مرے عزیزو، بس اب ڈھل رہی ہے شام، دعا۔۔!

مرے خدا نے مجھے سُرخُرو کیا ہے سو اب
سبھی کو عام معافی ، سبھی کو عام دعا۔۔!

میں اُن بہادروں کی آل سے ہوں میرے عدُو
کہ عفُو جن کی سزا، جن کا انتقام، دعا۔۔!

سبھی حریفوں حلیفوں کو افتخارؔ مغل
ہمیشہ خیر ، سدا معذرت مدام ، دعا۔۔!​
افتخار مغل
 
آخری تدوین:
Top